لاہور: بادامی باغ کے علاقے میں 3 رکنی موٹر سائیکل چور گینگ مال مسروقہ سمیت گرفتار
اشاعت کی تاریخ: 3rd, May 2025 GMT
لاہور کے علاقے بادامی باغ کی جوزف کالونی چوکی پولیس نے خفیہ اطلاع پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے تین رکنی موٹر سائیکل چور گینگ کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ہونے والے ملزمان میں ریکارڈ یافتہ شہباز عرف لونا، یوسف اور احمد شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق ملزمان لاہور کے مختلف علاقوں میں وارداتیں کرتے تھے اور گلی محلوں، رش والے مقامات پر موقع پا کر بغیر لاک کے کھڑی موٹر سائیکلیں چرا کر فرار ہو جاتے تھے۔ کارروائی کے دوران ملزمان کو ویران جھاڑیوں میں چھپے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔
ملزمان کے قبضے سے چوری شدہ 4 موٹر سائیکلیں، 3 موبائل فون، نقدی رقم اور غیر قانونی اسلحہ برآمد ہوا ہے۔ پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔
ایس پی سٹی بلال احمد نے چوکی انچارج جوزف کالونی اور ان کی ٹیم کو کامیاب کارروائی پر شاباش دی۔ ان کا کہنا تھا کہ شہر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کڑی نگرانی کی جا رہی ہے اور انسداد جرائم کے لیے پولیس ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
مستونگ میں فتنہ الہندوستان کے 6 دہشتگرد مارے گئے، مرد و خواتین خودکش بمبار گرفتار
سیکیورٹی فورسز کی بلوچستان میں انٹیلیجنس بیسڈ مؤثر کارروائیاں جاری ہیں، مستونگ کے علاقہ کھڈ کوچہ میں فتنہ الہندوستان کے 6 دہشتگرد مارے گئے۔
سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران متعدد دہشتگرد گرفتار کیے گئے، گرفتار دہشتگردوں میں سہولتکار سمیت مرد اور خواتین خودکش بمبار بھی شامل ہیں، کارروائی میں دہشتگردوں کےمتعدد ٹھکانے تباہ کر دیے گئے۔
علاقے میں سرچ اور کلیئرنس کارروائیاں جاری ہیں، سیکیورٹی فورسز کی جانب سے مکمل نگرانی برقرار ہے، دہشتگردوں کے ٹھکانوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود برآمد کرلیا گیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ مستونگ کے علاقہ کھڈ کوچہ میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز تیز کر دیے گئے، دہشت گردی کے خاتمے اور علاقے میں امن و امان کے قیام تک سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔