جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر جعلی ویزوں پر سفر کرنے والے 2 مسافر گرفتار
اشاعت کی تاریخ: 3rd, May 2025 GMT
کراچی:
ایف آئی اے امیگریشن نے جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر جعلی اسٹیمپ اور جعلی پروٹیکٹر اسٹیکرز پر سفر کرنے والے 2 مسافروں کو گرفتار کرلیا۔
گرفتار مسافروں کی شناخت لیور خان اور نعمان کے ناموں سے ہوئی، پہلی کارروائی میں یو اے ای جانے والے مسافر لیور خان کو مشتبہ قرار دے کر آف لوڈ کیا گیا۔
مسافر نے پاکستانی پاسپورٹ پر ورک ویزہ حاصل کر رکھا تھا، امیگریشن کلیئرنس کے دوران مسافر کو مشکوک پایا گیا۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق مسافر کے پاسپورٹ پر آمد کی جعلی اسٹیمپس پائی گئیں، مسافر انگور اڈہ بارڈر کے ذریعے غیر قانونی آمدورفت کرتا رہا ہے۔
ایک اور کارروائی میں ازبکستان جانے والے نعمان نامی مسافر کو جعلی پروٹیکٹر اسٹیکرز پر آف لوڈ کردیا گیا، مسافر پاکستانی پاسپورٹ پر وزٹ ویزہ لے کر سفر کر رہا تھا، ابتدائی تفتیش کے مطابق مسافر کے پاسپورٹ پر لگی پروٹیکٹر اسٹیکر مشکوک پائی گئی۔
ریگولا سسٹم کی فرانزک رپورٹ کے مطابق اسٹیکر کے سکیورٹی فیچرز، مائیکرو پرنٹنگ اور دیگر علامات غائب تھیں، اور اسٹیکر نمبر بھی درج نہیں تھا، ابتدائی تفتیش میں مسافر نے انکشاف کیا کہ وہ سعودی عرب میں ملازمت کے لیے سفر کر رہا تھا۔
مسافر الطاف کھوسو اور جہانگیر بھٹو نامی ایجنٹس کے ساتھ رابطے میں تھا، مسافر نے مذکورہ ایجنٹس کو سعودی ویزہ اور پروٹیکٹر اسٹیکر کے لیے 3 لاکھ 80 ہزار روپے ادا کیے تھے، مذکورہ ایجنٹس نے متعدد شہریوں سے رقم وصول کی، مسافروں کو آف لوڈ کر کے قانونی کارروائی کے لیے ایف آئی اے انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: پاسپورٹ پر
پڑھیں:
کراچی: امریکی ویزے کیلئے جعلی دستاویزات جمع کروانے پر ملزم گرفتار
کراچی میں فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) انسداد انسانی اسمگلنگ نے کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔
ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ گرفتاری امریکی قونصل خانے کی شکایت پر کی گئی، ملزم نے امریکی ویزے کے لیے پارلیمنٹ اور وزارت خارجہ کے جعلی دستاویزات جمع کروائے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کو 4 روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل کےحوالے کردیا گیا۔