مرکزی جمعیت اہلحدیث کے امیر سینیٹر پروفیسر ساجد میر سیالکوٹ میں سپرد خاک
اشاعت کی تاریخ: 4th, May 2025 GMT
لاہور + سیالکوٹ +اسلام آباد+ (خصوصی نامہ نگار + نامہ نگار + نمائندہ خصوصی + خبر نگار خصوصی) مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے امیر اور مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر پروفیسر ساجد میر سیالکوٹ میں انتقال کر گئے۔ ساجد میر کا انتقال دل کا دورہ پڑنے سے ہوا، اْن کی عمر 86 برس تھی۔ ساجد میر 2 اکتوبر 1938ء کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے تھے، انہوں نے یونیورسٹی آف پنجاب لاہور سے اپنی تعلیم مکمل کی۔ پروفیسر ساجد میر 2003ء سے 2025ء تک مسلسل سینیٹر رہے اور اس سے قبل بھی وہ 1994ء سے 2000ء تک بھی ایوان بالا کے رکن رہے۔ ساجد میر مرکزی جماعت اہل حدیث پاکستان کے امیر بھی تھے اور وہ سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے چیئرمین کے طور بھی خدمات انجام دے رہے تھے۔ ساجد میر کا کچھ عرصہ پہلے اسلام آباد میں مہروں کا آپریشن ہوا۔ آپریشن کے بعد سے علامہ ساجد میر سیالکوٹ منتقل ہوئے تھے۔ نماز جنازہ حافظ مسعود عالم کی امامت میں سیالکوٹ میں ادا کی گئی جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ انہیں مقامی قبرستان میں انہیں ہزاروں سوگوران کی موجودگی میں سپرد خاک کردیا گیا۔ وہ رواں برس فروری میں مرکزی جمعیت اہلحدیث کے 7 ویں بار امیر منتخب ہوئے تھے۔ وہ علامہ احسان الہی ظہیر شہید کی وفات کے بعد ناظم اعلیٰ اور پھر مسلسل امیر منتخب ہوتے رہے۔ وہ 5 بار ایوان بالا سینٹ کے رکن رہے۔ انکا شمار میاں نواز شریف کے قریبی رفقاء میں ہوتا تھا۔ ناظم اعلیٰ حافظ عبدالکریم نے دستور کے مطابق سینئر نائب امیر مولانا علی محمد ابو تراب کو قائم مقام امیر مقرر کیا ہے۔ انکی وفات پر صدر زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، نواز شریف، سید یوسف رضا گیلانی، ایاز صادق‘ ملک محمد احمد خان، فضل الرحمن، حافظ نعیم الرحمن، سعودی سفیر نواف المالکی، عرفان صدیقی‘ میاں محمد جمیل سمیت ملک بھر کی سیاسی و مذہبی شخصیات نے گہرے رنج وغم کا اظہار کیا ہے۔ نماز جنازہ میں احسن اقبال‘ خواجہ محمد آصف‘ مولانا اسعد محمود‘ مولانا عبدالغفور حیدری، سراج الحق، علامہ ابتسام الہی ظہیر، مولانا اللہ وسایا، رانا شمیم خان، وسیم سبحانی، حافظ طلحہ سعید، حافظ عبدالکریم، ڈاکٹر ذعیم الدین لکھوی، ڈاکٹر عظیم الدین لکھوی ،مولانا محمد احمد لدھیانوی، مولانا سیف اللہ خالد، علامہ زبیر احمد ظہیر، کاشف نواز رندھاوا نے بھی شرکت کی۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: سیالکوٹ میں
پڑھیں: