پاک فوج کا منہ توڑ جواب مودی سرکار کو ہوش میں لانے کیلیے کافی ہے، پی ٹی آئی
اشاعت کی تاریخ: 7th, May 2025 GMT
اسلام آباد:
پاکستان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ پاک فوج کا منہ توڑ جواب مودی سرکار کو ہوش میں لانے کے لیے کافی ہے۔
بھارت کی جانب سے رات کی تاریکی میں پاکستان پر حملے اور پاک فوج کی جانب سے وطن عزیز کا شان دار دفاع کرتے ہوئے دشمن کو دھول چٹانے پر پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے ردعمل سامنے آ گیا۔
ترجمان کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پاکستانی سرزمین کے اندر مختلف مقامات پر بلا اشتعال اور وحشیانہ بھارتی حملوں کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتی ہے، جس کے نتیجے میں معصوم شہریوں کی شہادت ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ یہ پہلگام میں بھارتی حکام کی جانب سے کیے گئے فالس فلیگ آپریشن کا شاخسانہ ہے۔ اس وقت سے بھارتی بیانات مسلسل جارحانہ عزائم سے بھرپور ہیں۔
ترجمان کے مطابق اپنے دعووں کو ثابت کرنے کے لیے معتبر معلومات سامنے لانے یا پاکستان کی جانب سے پہلگام واقعے کی غیر جانبدارانہ اور شفاف تحقیقات پر رضامند ہونے کے بجائے بھارت نے پاکستان سے اپنی ناقابل اصلاح دشمنی کی تسکین کے لیے خود ہی یہ راستہ منتخب کرنے کا فیصلہ کیا۔
پی ٹی آئی کے ترجمان نے بیان میں کہا کہ بلاشبہ جارحیت کے اس بلا اشتعال عمل کا جواب پاکستان کی مسلح افواج بھرپور طریقے سے دیں گی۔ بہادر پاک فضائیہ کی جانب سے پہلے ہی بھارتی مسلح افواج کو پہنچنے والے بھاری نقصانات مودی سرکار کو ہوش میں لانے کے لیے کافی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ امید کی جاتی ہے کہ بھارت اپنے بڑھتے ہوئے جنگی جنون اور تسلط پسندانہ انا کی تسکین کے لیے تنازع کو مزید نہیں بڑھائے گا۔ دو جوہری ہتھیاروں سے لیس ریاستوں کے درمیان جنگ دونوں طرف ناقابل بیان تباہی اور خونریزی کا باعث بن سکتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایسے مشکل حالات میں ہوش مندی کا مظاہرہ کرنا ضروری ہے کیونکہ تنازع بحرانوں کا حل نہیں نکالتا۔ یہ دونوں ریاستوں اور ان کے عوام کے لیے سراسر نقصان کا باعث بن کر ان میں اضافہ ہی کا باعث بنتا ہے۔ اس لمحے میں ہم اپنے بانی چیئرمین عمران خان کی سلامتی اور تحفظ کے لیے بھی اپنی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہیں اور حکام سے مطالبہ کرتے ہیں کہ انہیں فوری طور پر رہا کیا جائے۔
ترجمان تحریک انصاف نے بیان میں کہا کہ قوم کو قومی بحران کے اس لمحے میں اپنی سچی قیادت سے محروم نہیں کیا جا سکتا۔ بانی چیئرمین عمران خان کی موجودگی بھارتی جنگی جنون کے خلاف متوقع کثیر الجہتی کارروائی کی حمایت میں عوام کے لیے ایک طاقتور قوت محرکہ ثابت ہوگی۔ عمران خان، پارٹی کی تمام قیادت اور پاکستان کے اندر اور باہر اس کی وسیع حمایت کرنے والے، وطن کی ایک ایک انچ زمین اور اس کے عوام کے دفاع میں بھارت کی بے مہابا جارحیت کے خلاف اپنی مسلح افواج کے ساتھ ثابت قدم ہیں۔
اللہ تعالیٰ ہمارا رہبر اور محافظ ہو۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: تحریک انصاف کی جانب سے کہا کہ کے لیے
پڑھیں:
بھارتی ہندوؤں نے مودی سرکار کے فالس فلیگ آپریشن کا بھانڈا پھوڑ دیا
نئی دہلی – پہلگام میں ہونے والے مشکوک حملے کو لے کر بھارت میں خود ہندو عوام اور ماہرین کی جانب سے سخت ردعمل سامنے آیا ہے۔
کئی شہریوں نے اسے مودی سرکار کا منصوبہ بند فالس فلیگ آپریشن قرار دیا ہے جس کا مقصد ملک کے اندر بڑھتے ہوئے مسائل سے عوام کی توجہ ہٹانا اور سیاسی فائدہ حاصل کرنا ہے۔
بھارتی ہندو خاتون میناکشی بالی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ "یہ حملہ مودی حکومت کی ایک منظم سازش ہے، جس کے پیچھے بہار انتخابات کے سیاسی عزائم چھپے ہیں۔" انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر بھارتی فوج واقعی اتنی طاقتور ہے تو دہشت گرد اس قدر گہرائی میں کارروائی کیسے کر سکتے ہیں؟ یہ سیکیورٹی کی واضح ناکامی ہے۔
میناکشی کا کہنا تھا کہ "ہندوؤں کو مار کر مسلمانوں پر الزام ڈالنا ایک پرانا سیاسی ہتھکنڈہ ہے۔ مودی حکومت مسلمانوں کو دیوار سے لگا کر ہندو ووٹ بینک کو مضبوط کر رہی ہے، اور وقف قوانین کو بھی مسلمانوں کی جائیداد ہتھیانے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔"
دفاعی ماہرین نے بھی اس واقعے کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت میں اقلیتوں، خاص طور پر مسلمانوں کو نشانہ بنانے کی مہم جاری ہے، اور اس کے پیچھے مکمل ریاستی سرپرستی شامل ہے۔
ماہرین نے خبردار کیا کہ اگر بھارتی عوام نے خاموشی اختیار کی تو یہ ظلم دلتوں اور دیگر اقلیتوں تک پھیل جائے گا۔