ڈسکہ: موبائل چوری کے الزام میں بااثر افراد کا نوجوان پر کیلیں ٹھوک کر بدترین تشدد، جان سے مار ڈالا
اشاعت کی تاریخ: 14th, May 2025 GMT
پنجاب کے ضلع سیالکوٹ کے شہر ڈسکہ میں بااثر افراد نے ایک نوجوان پر موبائل فون چوری کرنے کا الزام لگا کر بدترین تشدد کیا جس کے نتیجے میں وہ دم توڑ گیا۔
رپورٹ کے مطابق واقعہ ڈسکہ کے تھانہ موترہ کے علاقہ میں پیش آیا، اہل خانہ نے الزام لگایا کہ کاشف مسیح پر مالکان نے موبائل چوری کا الزام لگا کر تشدد کیا، تشدد اس قدر ہوا کہ ہڈیاں ٹوٹ گئیں، اس کے جسم میں کیلیں بھی ٹھوکی گئیں۔
رپورٹ کے مطابق اہل علاقہ نے واقعے کے خلاف جامکے چوک میں لاش رکھ کر احتجاج کیا، پولیس نے فوری طور پر مقدمہ درج کرکے ملزمان کو گرفتار کرنے کی یقین دہانی کروائی۔
ڈسکہ پولیس نے کہا کہ پوسٹ مارٹم کے بعد موت کی وجہ سامنے آئے گی، پولیس نے والد ریاست کی مدعیت میں 2 نامزد اور 5 نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔
پولیس ذرائع نے کہا کہ قتل میں حاضرسروس انسپکٹراور اس کا بیٹا شامل ہے، کیس کو میرٹ کی بنیاد پر حل کیا جائے گا، قانون سے کوئی بالاترنہیں۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
موبائل کال اور انٹرنیٹ پیکجز مہنگے، صارفین پر نیا مالی بوجھ
اسلام آباد: موبائل انٹرنیٹ پیکجز مہنگے ہونے سے ملک بھر کے لاکھوں موبائل صارفین کو اضافی اخراجات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جانب سے جاری کردہ تازہ تفصیلات کے مطابق مختلف موبائل کمپنیوں کے متعدد کال، ہائبرڈ اور ڈیٹا پیکجز کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق مختلف موبائل آپریٹرز کے 15 مقبول ہائبرڈ اور ڈیٹا اونلی پیکجز کی قیمتوں میں 33 فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد صارفین کو پہلے کے مقابلے میں زیادہ رقم ادا کرنا ہوگی۔
جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ماہانہ کال اور ڈیٹا پیکجز کی قیمتوں میں 500 روپے تک اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ 15 روزہ پیکجز اب 300 روپے تک مہنگے ہو گئے ہیں۔
اسی طرح ہفتہ وار ہائبرڈ پیکجز کی قیمت میں 130 روپے تک اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ تین روزہ پیکجز 21 روپے، دو روزہ پیکجز 20 روپے اور ایک روزہ ہائبرڈ پیکجز 5 روپے تک مہنگے کر دیے گئے ہیں۔
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ صارفین کی سہولت کے لیے تمام نئی ٹیرف تفصیلات ادارے کی ویب سائٹ پر جاری کر دی گئی ہیں، جہاں مختلف موبائل کمپنیوں کے کال اور انٹرنیٹ پیکجز، ان کی مدت، قیمت اور دستیاب سہولیات کا بآسانی موازنہ کیا جا سکتا ہے۔
اتھارٹی کے مطابق اس اقدام کا مقصد ٹیلی کام شعبے میں شفافیت کو فروغ دینا اور صارفین کو مختلف موبائل کمپنیوں کے پیکجز سے متعلق درست اور مکمل معلومات فراہم کرنا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ موبائل اور انٹرنیٹ خدمات کی قیمتوں میں اضافے سے طلبہ، فری لانسرز، آن لائن کاروبار کرنے والے افراد اور روزمرہ انٹرنیٹ استعمال کرنے والے صارفین کے ماہانہ اخراجات میں مزید اضافہ ہوگا۔