بھارت مقبوضہ کشمیر میں اپنے جنگی جرائم کو چھپانے کی کوشش کر رہا ہے، حریت کانفرنس
اشاعت کی تاریخ: 20th, May 2025 GMT
حریت ترجمان نے کہا کہ بھارتی فورسز کے اہلکار تمام بڑے شہروں اور قصبوں میں گھروں پر چھاپے مار کر تلاشی کی کارروائیاں کر رہے ہیں اور مکینوں کو ہراساں کر رہے ہیں۔ اسلام ٹائمز۔ غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے آزاد جموں و کشمیر کے عوام اور دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں پر زور دیا ہے کہ وہ بھارتی قبضے، سیاسی ناانصافیوں اور بھارتی فوج کی طرف سے کشمیریوں کے خلاف جاری پرتشدد کارروائیوں کے خلاف متحد ہو جائیں۔ ذرائع کے مطابق ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں علاقے کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں نے نام نہاد سکیورٹی کے نام پر بڑے پیمانے پر گھروں پر چھاپوں کے دوران حریت پسند کارکنوں سمیت ہزاروں کشمیریوں کو گرفتار کر کے کالے قوانین کے تحت مختلف جیلوں اور تھانوں میں بند کر دیا ہے۔ترجمان نے کہا کہ بھارت مختلف ممالک میں اپنی سیاسی جماعتوں کے وفود بھیج کر اپنے جنگی جرائم کو چھپانے کی کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر ایک متنازعہ علاقہ ہے اور دنیا کا یہ فرض اور ذمہ داری ہے کہ وہ تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے آگے آئے تاکہ جنوبی ایشیا میں امن، سیاسی اور اقتصادی استحکام آئے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی زیرقیادت بھارتی حکومت نے بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقے کو ایک فوجی چھائونی میں تبدیل کر دیا ہے لیکن بھارت نہ تو تحریک آزادی کو دبا سکتا ہے اور نہ ہی اپنے جھوٹے بیانیے اور پروپیگنڈے کے ہتھکنڈوں سے عالمی برادری کو گمراہ کر سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کی بی جے پی حکومت اور اس کی مسلط کردہ قابض انتظامیہ کشمیریوں کو سیاسی انصاف کا مطالبہ کرنے اور اپنے مادر وطن پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کی مخالفت کرنے پر نشانہ بنا رہی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ بھارتی حکام نے علاقے میں لاکھوں کی تعداد میں فوجیوں، پیراملٹری فورسز اور پولیس اہلکاروں کو تعینات کر کے مقبوضہ جموں و کشمیر کو ایک فوجی چھائونی میں تبدیل کر دیا ہے۔ حریت ترجمان نے کہا کہ بھارتی فورسز کے اہلکار تمام بڑے شہروں اور قصبوں میں گھروں پر چھاپے مار کر تلاشی کی کارروائیاں کر رہے ہیں اور مکینوں کو ہراساں کر رہے ہیں۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: ترجمان نے کہا کہ بھارت کہا کہ بھارتی کر رہے ہیں دیا ہے
پڑھیں:
پاکستان مقبوضہ کشمیر کے عوام کی حمایت جاری رکھے گا، عطاء اللہ تارڑ
اسلام آباد (نیوز ڈیسک)وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے انسٹیٹیوٹ آف ریجنل اسٹڈیز کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کے ادارے پاکستان کی خارجہ پالیسی کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن و استحکام کے لیے موثر کردار ادا کیا اور بھارت کے گمراہ کن پروپیگنڈے کو دنیا کے سامنے بے نقاب کیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پاکستان نے بھارت کی بلاجواز جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جس کے بعد بھارت کو جنگ بندی کی درخواست کرنا پڑی۔ عطاء اللہ تارڑ کے مطابق چار روزہ جنگ میں پاکستان نے فتوحات کی ایک نئی داستان رقم کی اور مودی حکومت کو عبرتناک شکست ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ بھارت ایک غاصب اور جارح ملک ہے جو مظلوم بننے کی ناکام کوشش کر رہا ہے۔ پہلگام واقعے کی حقیقت دنیا کے سامنے آچکی ہے جبکہ پاکستان نے اس حوالے سے آزادانہ تحقیقات کی پیشکش بھی کی تھی۔
وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف جنگ صرف اپنے لیے نہیں بلکہ دنیا کو محفوظ بنانے کے لیے ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کا غیر ذمہ دارانہ رویہ اب کھیلوں کے میدان تک بھی پہنچ چکا ہے اور عسکری شکست کے بعد بھارت کھیلوں میں بھی اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان پرامن بقائے باہمی پر یقین رکھتا ہے اور دنیا کے ساتھ امن قائم کرنے کی کوششیں جاری رکھے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک ایسی تہذیب کا وارث ہے جہاں روایات کو سب سے زیادہ اہمیت دی جاتی ہے۔
وزیر اطلاعات نے واضح کیا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر کے عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا اور مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق چاہتا ہے۔
Post Views: 6