خیبر پختونخوا میں شدید گرمی؛ پی ڈی ایم اے نے ہیٹ ویوکا الرٹ جاری کردیا
اشاعت کی تاریخ: 20th, May 2025 GMT
پشاور:
خیبرپختونخوا میں آج سے 24 مئی تک گرمی کی شدت میں غیر معمولی اضافے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، جس کے پیش نظر صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نے تمام ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری مراسلے کے مطابق اس دوران دن کے اوقات میں درجہ حرارت معمول سے 5 تا 7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے جو کہ عوامی صحت اور روزمرہ زندگی پر براہِ راست اثر ڈال سکتا ہے۔
صوبے کے جنوبی اور وسطی علاقوں میں گرمی کی شدت برقرار رہے گی جبکہ بالائی علاقوں میں برف پگھلنے کی رفتار میں بھی اضافہ متوقع ہے، جس کے باعث آبی ذخائر پر دباؤ بڑھنے کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ شدید گرمی کے باعث گرد و غبار اور تیز ہواؤں کی صورت حال بھی پیدا ہو سکتی ہے، جس سے فضائی آلودگی اور سانس کی بیماریوں میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
مراسلے میں عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر سورج کی تیز روشنی میں باہر نکلنے سے گریز کریں اور پانی کے استعمال میں اضافہ کریں تاکہ ہیٹ اسٹروک سے بچا جا سکے۔ بزرگ افراد اور بچوں کو بالخصوص صبح 10 بجے سے شام 5 بجے کے درمیان دھوپ میں نہ نکلنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
علاوہ ازیں پی ڈی ایم اے نے کسانوں کو بھی متنبہ کیا ہے کہ وہ فصلوں کی کٹائی کے دوران احتیاط برتیں اور جانوروں کا خصوصی خیال رکھیں۔ ادارے نے یہ بھی کہا ہے کہ گرمی کی اس لہر کے دوران عوامی آگاہی مہم جاری رکھی جائے گی تاکہ لوگ بر وقت احتیاطی اقدامات اٹھا سکیں۔
مزید برآں تمام ہیلتھ و میڈیکل سروسز، پیرا میڈیکس اور ریسکیو ڈیپارٹمنٹس کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ اس دوران تمام ہیٹ اسٹروک سینٹرز کو فعال رکھا جائے گا تاکہ کسی بھی ہنگامی صورت حال سے فوری نمٹا جا سکے۔
پی ڈی ایم اے کے ترجمان نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ سفر سے قبل اپنی گاڑیوں کے انجن میں پانی اور ٹائروں میں پریشر لازمی چیک کریں تاکہ گرمی کے باعث کسی ممکنہ خرابی سے بچا جا سکے۔ صوبائی حکومت اور متعلقہ ادارے صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری کارروائی کے لیے تیار ہیں۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: پی ڈی ایم اے
پڑھیں:
علی امین گنڈاپور نے پہلی بار پی ٹی آئی کے اندرونی حالات کے بارے میں کھل کر بات کی: بیرسٹر عقیل ملک
—فائل فوٹووزیر مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے پہلی بار پی ٹی آئی کے اندرونی حالات کے بارے میں کھل کر بات کی، انہوں نے کہا کہ پارٹی میں غلط فیصلے کیے جا رہے ہیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ علی امین شہداء کے جنازے میں شریک نہیں ہوئے، وہ اور ان کی پارٹی کے لوگ شہداء کے گھر بھی نہیں گئے، ہر چیز کو سیاست کی نذر نہیں کرنا چاہیے۔
بیرسٹر عقیل ملک کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی طرف سے اب 27 ستمبر کا چورن بیچا جا رہا ہے، جب بھی دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ہوا، پی ٹی آئی نے مخالفت کی۔
وزیر مملکت برائے قانون و انصاف نے کہا کہ 90 ہزار جانیں جانے کے بعد بھی کیا آپ مذاکرات کریں گے، پی ٹی آئی نے آج بھی ٹی ٹی پی کا مؤقف اپنایا ہوا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا میں گورننس کا بھی ایشو ہے، خیبر پختونخوا حکومت کو دہشت گردی کے خلاف آپریشنز کی حمایت کرنی چاہیے۔
بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت نے ہمیشہ صوبے میں دہشت گردی کے خلاف آپریشنز کی مخالفت کی۔