ضیا الحسن لنجار کے گھر پر حملہ ناقابل برداشت ہے، وزیر داخلہ
اشاعت کی تاریخ: 20th, May 2025 GMT
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے سندھ کے علاقے مورو میں وزیرداخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجارکے گھر پر قوم پرست جماعت کے مشتعل افراد کے حملے کو نا قابل برداشت قرار دے دیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیر داخلہ نے صوبائی ہم منصب کے گھر پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے افسوسناک قرار دیا اور کہا کہ مظاہرین کا یہ فعل ناقابل برداشت ہے۔
انہوں نے کہا کہ حملہ آوروں نے قانون ہاتھ میں لے کر شرپسندی کا ارتکاب کیا۔ کسی کو بھی ایسے شرپسند واقعہ کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
دوسری جانب پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے شہید بینظیرآباد کے ڈویژنل صدر اور وزیرداخلہ ضیاء لنجار کے گھر پر حملے کی مذمت کی۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ سندھ کے وزیرداخلہ ضیاء لنجار کے گھر پر حملہ دہشت گردی کے مترادف ہے، احتجاج کی آڑ میں شرپسندی کرنے والوں کے مذموم عزائم کھل کر سامنے آچکے ہیں۔
بلاول نے سندھ حکومت کو ہدایت کی کہ صوبے میں بدامنی کے مرتکب سازشی عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: کے گھر پر
پڑھیں:
صحافیوں پر حملے سماج کے ضمیر پر وار ہیں: مراد علی شاہ
— فائل فوٹووزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ صحافیوں پر حملے سماج کے ضمیر پر وار ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے صحافیوں کے خلاف جرائم کی روک تھام کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا کہ آزاد میڈیا کے لیے محفوظ ماحول پیدا کرنا ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے، پیپلز پارٹی کی حکومت آزادی اظہار کے تحفظ کے لیے پُرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ پہلا صوبہ ہے جہاں صحافیوں کے تحفظ کا جامع قانون نافذ ہے، سندھ کمیشن فار پروٹیکشن آف جرنلسٹس عملی و مؤثر کردار ادا کر رہا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ صحافیوں کے تحفظ کے لیے ٹھوس اور مؤثر اقدامات کیے جارہے ہیں، ڈیجیٹل دنیا میں صحافیوں کے تحفظ کے لیے قانون سازی وقت کی ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آزادیِ صحافت کے بغیر کوئی معاشرہ مکمل نہیں ہوسکتا، صحافیوں پر حملوں میں ملوث عناصر کو ہر گز رعایت نہیں دی جائے گی۔
مراد علی شاہ نے یہ بھی کہا کہ نفرت انگیز مہمات اور آن لائن ہراسانی کو روکنے کے لیے مربوط حکمتِ عملی بنا رہے ہیں۔ آزاد، محفوظ اور بااعتماد میڈیا کے بغیر جمہوریت کا تصور نامکمل ہے۔