بھارتی مظالم سے کشمیری مسلمان دن رات شہید ہو رہے ہیں، گورنر سندھ
اشاعت کی تاریخ: 22nd, May 2025 GMT
اسلام آباد:
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سسک رہی ہے، دنیا خاموش تماشائی ہے اور بھارتی مظالم سے کشمیری مسلمان دن رات شہید ہو رہے ہیں۔
اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ 10 مئی 2025 کا دن پاکستانی قوم کے جذبے کا ثبوت بن گیا ہے، ہم نے 65 اور 71 کی جنگیں نہیں دیکھیں لیکن دشمن کی للکار کا جواب ضرور دیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اللہ کے نام پر حاصل کیا گیا، کوئی اسے رات کے اندھیرے میں نہیں جھکا سکتا، بھارت نے معصوم بچوں اور مسجدوں کو نشانہ بنایا، ہم نے بدلے میں کسی کا بچہ یا مندر نشانہ نہیں بنایا اور یہی ہمارا دین ہے۔
گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ دشمن سن لے، ہم کم وسائل کے باوجود ایمان اور قربانی میں آگے ہیں، ہم نے ہمیشہ صبر کا دامن تھاما، جنگ کا فیصلہ اللہ پر چھوڑا، وزیراعظم نے سفارتی محاذ پر بھارت کو بے نقاب کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ حافظ عاصم منیر نے بھارت اور اندرونی سازشوں کے خلاف دو محاذوں پر جنگ لڑی، حافظ قرآن سپہ سالار نے پاکستان کا سر دنیا بھر میں بلند کیا، 10 مئی کے بعد خطے میں طاقت کا توازن پاکستان کے حق میں ہو چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج، نیوی، ایئر فورس نے پیشہ ورانہ مہارت کا ثبوت دیا، دشمن سن لے، پاکستانی شاہین شہادت کو گلے لگاتے ہیں، میدان نہیں چھوڑتے، دوسروں کی جنگوں میں ہمیں ہمیشہ سگریٹ کی طرح استعمال کیا گیا لیکن اب ہم وہ نشہ بنیں گے جو دشمن کو خود تباہ کر دے گا۔
کامران ٹیسوری نے کہا کہ بھارتی مظالم سے کشمیری مسلمان دن رات شہید ہو رہے ہیں، مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سسک رہی ہے اور دنیا خاموش تماشائی ہے، طاقت نہ ہونے کی وجہ سے کشمیریوں کو انصاف نہیں مل رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان نے ثابت کر دیا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے، آج بھارت کی بالادستی کا خاتمہ ہو چکا ہے۔
گورنر سندھ نے کہا کہ سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈے سے اجتناب کریں، اللہ نے ایک بار پھر ہمیں موقع دیا ہے، قوم اس کو ضائع نہ کریں، آئیں سیاسی استحکام اور معیشت کی بحالی کے لیے متحد ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ عالمی مالیاتی ادارہ (آئی ایم ایف) سے نجات اور خود انحصاری وقت کی ضرورت ہے، پاکستان کی غربت کے خاتمے کے لیے پوری قوم کو نکلنا ہوگا۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: گورنر سندھ نے کہا کہ
پڑھیں:
بھارت سندھ طاس معاہدہ یکطرفہ ختم یا معطل نہیں کرسکتا ، کشمیر سمیت تمام مسائل پر بات چیت کےلئے تیار ہیں.اسحاق ڈار
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔16 ستمبر ۔2025 )وزیر خارجہ سینیٹراسحاق ڈار نے کہا ہے کہ بھارت سندھ طاس معاہدہ یکطرفہ ختم یا معطل نہیں کرسکتا ، بھارت کے ساتھ کشمیر سمیت تمام مسائل پر بات چیت کےلئے تیار ہیں تاہم پاکستان کسی سے مذاکرات کی بھیک نہیں مانگے گا،انہوں نے کہا کہ اسرائیل کا ایک خود مختار ملک پر حملے کا کوئی جواز نہیں ہے، قطر پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں، اسرائیل کی مذمت کافی نہیں، دنیا کو اب اسرائیل کا راستہ روکنا ہوگا، غزہ میں غیر مشروط جنگ بندی یقینی بنائی جائے.(جاری ہے)
قطری نشریاتی ادارے ”الجزیرہ“ سے انٹرویو میں اسحاق ڈار نے کہا کہ اسرائیل کا لبنان اور شام کے بعد قطر پر حملہ ناقابل قبول اور عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی ) فورم پر قطر پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کی گئی ہے پاکستان نے ہمیشہ تنازعات کا بات چیت کے ذریعے پرامن انداز میں حل کی حمایت کی، قطر پر اسرائیلی حملے کے بعد ہم نے صومالیہ کے ساتھ مل کر سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس کی درخواست کی. ان کا کہنا تھا کہ قطر کے دوست اوربرادرملک کے طور پر پاکستان نے فعال کردارادا کیا، دوحہ میں عرب اسلامی ہنگامی اجلاس بہت اہمیت کا حامل ہے، قطر پر اسرائیل کا حملہ مکمل طور پر خلاف توقع اقدام ہے، اسرائیلی حملوں کی محض مذمت کافی نہیں،اب ہمیں واضح لائحہ عمل اختیارکرنا ہوگا. اسحاق ڈار کاکہنا تھا کہ اسرائیلی حملوں کی صرف مذمت ہی کافی نہیں ہے بلکہ اس کے خلاف واضح لائحہ عمل اختیار کرنا ہوگا اسرائیلی اشتعال انگیزیوں سے واضح ہے کہ وہ ہرگز امن نہیں چاہتا ہے دنیا کو اب اسرائیل کا راستہ روکنا ہوگا. سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا کہ غزہ کے عوام انتہائی مشکل وقت گزار رہے ہیں، غزہ میں فلسطینی عوام کی نسل کشی جاری ہے، وقت آگیا ہے کہ غزہ میں غیر مشروط جنگ بندی یقینی بنائی جائے امت مسلمہ اسرائیلی جارحیت کے خلاف متحد ہے وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بھارت کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت سندھ طاس معاہدہ یکطرفہ ختم یا معطل نہیں کرسکتا کیونکہ وہ سندھ طاس معاہدے سے فرار چاہتا ہے. انہوں نے کہا ہے کہ مسائل کے حل کے لئے مذاکرات بہترین راستہ ہے اور پاکستان امن پسند ملک ہے جو مذاکرات سے مسائل کاحل چاہتا ہے بھارت کے ساتھ کشمیر سمیت تمام مسائل پر بات چیت کے لیے تیار ہیں تاہم اسحاق ڈار نے یہ بھی واضح کیا کہ پاکستان کسی سے مذاکرات کی بھیک نہیں مانگے گا. اسحاق ڈار نے واضح کیا کہ بطور ایٹمی طاقت پاکستان مسلم امہ کے ساتھ کھڑا ہے، پاکستان کے پاس مضبوط افواج اور جدید ہتھیارموجود ہیں، پاکستان کے پاس مضبوط افواج ،دفاعی صلاحیتیں موجود ہیں، ہم کسی کو اپنی خودمختاری اورسالمیت کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دیں گے سلامتی کونسل میں اصلاحات کی جانی چاہئیں.