پشاور میں پی پی کی صوبہ بچائو ریلی ‘ پولیس سے تصادم ، شیلنگ تشددکریشن بچانے کی کوشش : بلاول
اشاعت کی تاریخ: 27th, May 2025 GMT
پشاور+ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ نمائندہ خصوصی) پیپلز پارٹی کے کارکنوں کی جانب سے صوبہ بچاؤ ریلی کے دوران حصار توڑ کر وزیراعلیٰ ہاؤس جانے کی کوشش پر پولیس نے شیلنگ کردی، مظاہرین نے پتھراؤ کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے کیمپ کو آگ لگا دی اور ریڈ زون کا گیٹ توڑ دیا۔ پیپلز پارٹی کی جانب سے مردان سے صوبہ بچاؤ ریلی نکالی گئی۔ متعدد گاڑیوں پر مشتمل ریلی ریلوے گراؤنڈ نوشہرہ روڈ سے شروع ہوئی جس کی قیادت ڈویژنل صدر عمر فاروق خان ہوتی نے کی۔ ریلی کے شرکاء نے مختلف بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر کرپشن کے خلاف نعرے درج تھے۔ پیپلز پارٹی کے کارکن کے پی اسمبلی کے سامنے جمع ہوگئے اور خیبر پی کے حکومت کے خلاف احتجاج شروع کر دیا۔ ساتھ پی پی نے صوبے بھر کے کارکنوں کو پشاور پہنچنے کی ہدایت کر دی۔ پی پی پی ورکرز نے ریڈ زون میں داخلے کی کوشش کی جس پر ریڈ زون کے دروازے بند کر دئیے گئے۔ جواب میں مظاہرین نے احتجاج کرتے ہوئے اسمبلی چوک کو بلاک کر دیا جس پر خیبر روڈ ٹریفک کے لیے دونوں طرف سے بند ہوگیا۔ احتجاج میں پی پی پی صوبائی صدر ہمایون خان، احمد کریم کنڈی، محمد علی شاہ باچا اور دیگر بھی پہنچ گئے۔ ایس ایس پی آپریشنز مسعود احمد نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کو احتجاج کا این او سی ملا ہوا تھا، پہلے ہی سے ریڈ زون کی سکیورٹی بڑھائی ہوئی تھی، مظاہرے میں شامل چند شرپسند افراد نے ریڈ زون کا گیٹ توڑا، مظاہرین ریڈ زون میں داخل ہوئے جس پر پولیس نے شیلنگ کی، چند شرپسند افراد نے ایک کیمپ کو بھی آگ لگائی، سی سی ٹی وی کیمروں سے شرپسند افراد کی نشاندہی کی جائے گی۔ شرپسند افراد کا تعلق کسی جماعت سے ہے یا نہیں تحقیقات کی جائیں گی۔ دریں اثناء پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ خیبر پی کے کی صوبائی حکومت نے ہمارے پْرامن احتجاج کا راستہ روک کر دراصل بدترین کرپشن کو چھپانے کی ناکام کوشش کی۔ کارکنوں پر آنسوگیس کی شیلنگ قابل افسوس ہے، ہمارے کارکنان خیبرپی کے کی کرپٹ حکومت کا سامنا کرنے کو تیار ہیں، پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت کا اصل فاشسٹ چہرہ آج خیبر پی کے کے عوام نے دیکھ لیا۔ گورنر خیبرپی کے فیصل کریم کنڈی نے صوبائی حکومت کی بوکھلاہٹ قرار دیا، شازیہ مری نے کہا کہ پرامن احتجاج پر ریاستی طاقت کا استعمال افسوسناک ہے، سیکرٹری جنرل پیپلز پارٹی پارلیمنٹینز سید نیئر بخاری نے کہا کہ صوبائی خزانے کے خائن خواہ کتنے ہی بااثر ہوں قانون کی گرفت میں ہونے چاہیں۔ پیپلزپارٹی خیبرپی کے کے صوبائی صدر محمد علی شاہ باچا نے کہا کہ امین گنڈاپور نے پولیس کو عوام پر چھوڑ رکھا ہے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: شرپسند افراد پیپلز پارٹی نے کہا کہ ریڈ زون
پڑھیں:
کے پی حکومت نے ہمارے احتجاج کا راستہ روک کر اپنی کرپشن چھپانے کی کوشش کی، بلاول
اسلام آباد:پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کی صوبائی حکومت نے ہمارے پُرامن احتجاج کا راستہ روک کر دراصل بدترین کرپشن کو چھپانے کی ناکام کوشش کی ہے۔
اپنے بیان میں انہوں ںے کہا کہ خیبرپختونخوا میں لاقانونیت اور بے روزگاری کے خلاف احتجاج کرنے والے پُرامن سیاسی کارکنوں پر آنسوگیس کی شیلنگ قابل افسوس ہے، ہم اوچھے ہتھکنڈوں سے ڈرنے والے نہیں، کرپٹ اور نااہل صوبائی حکومت کا تعاقب جاری رکھیں گے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے نہتے سیاسی کارکنوں پر تشدد کرکے بزدلی کا ثبوت دیا، خیبرپختونخوا میں صوبہ بچاؤ تحریک آج صوبے کے ہر شہری کی آواز بن چکی ہے، ہم لاٹھیوں اور ڈنڈوں سے ڈرنے والے نہیں۔
انہوں ںے مزید کہا کہ ہمارے کارکنان خیبرپختونخوا کی کرپٹ حکومت کا سامنا کرنے کو تیار ہیں، پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت کا اصل فاشسٹ چہرہ آج خیبرپختونخوا کے عوام نے دیکھ لیا۔