سندھ حکومت کی دیگر شہروں میں بھی الیکٹرک بس سروس شروع کرنے کیلیے کوششیں تیز
اشاعت کی تاریخ: 27th, May 2025 GMT
کراچی:
کراچی کے بعد سندھ کے دیگر بڑے شہروں میں بھی الیکٹرک بس سروس شروع کرنے کے لیے حکومت سندھ نے کوششیں تیز کر دیں۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے سندھ کے سینیئر وزیر شرجیل انعام میمن سے کراچی میں ملاقات کی جس میں صوبے کے تیزی سے ترقی پذیر ٹرانسپورٹ سیکٹر میں ممکنہ سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ سندھ اسد ضامن اور منیجنگ ڈائریکٹر سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کمال دایو نے بھی شرکت کی۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کے وفد کی جانب سے سندھ کے پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام میں بہتری کے لیے سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا گیا۔ شرجیل انعام میمن نے وفد کو خوش آمدید کہا اور سندھ کی ترقی میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے کردار کی تعریف کی۔
شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے سندھ کے ٹرانسپورٹ سیکٹر میں دلچسپی کو خوش آئند سمجھتے ہیں، ہماری حکومت پبلک ٹرانسپورٹ میں انقلابی تبدیلی کے لیے پُرعزم ہے اور پائیدار ٹرانسپورٹ ہماری ترجیحات میں سرفہرست ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم پہلے ہی پاکستان کی پہلی الیکٹرک بس سروس کراچی میں شروع کر چکے ہیں، جسے عوام کی طرف سے بھرپور پذیرائی ملی ہے۔ شہری ٹرانسپورٹ کا مستقبل صاف توانائی اور ٹیکنالوجی پر مبنی حل میں ہے۔ سندھ کے عوام کو جدید، سستی اور ماحول دوست سفری سہولیات دے رہے ہیں، ایشیائی ترقیاتی بینک کی معاونت سے ہم اپنے منصوبوں کی رفتار میں تیزی لا سکتے ہیں۔
سینیئر وزیر کا کہنا تھا کہ الیکٹرک وہیکل سیکٹر میں تیزی سے کام کرنا چاہتے ہیں اور کراچی کے بعد دیگر بڑے شہروں میں بھی الیکٹرک بس سروس کا دائرہ کار بڑھانے کا ارادہ رکھتے ہیں، حکومت سندھ ہر سطح پر سہولت کاری کے لیے تیار ہے تاکہ منصوبوں پر تیزی سے اور شفاف انداز میں عمل درآمد ہو سکے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: ایشیائی ترقیاتی بینک الیکٹرک بس سروس سندھ کے کے لیے
پڑھیں:
ایچ آئی وی کے خلاف حکومت سندھ موثر اقدامات کر رہی ہے، وزیر صحت
کراچی:صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا افضل پیچوہو نے کہا ہے کہ ایچ آئی وی کے خلاف حکومت سندھ موثر اقدامات کر رہی ہے۔
جناح اسپتال کراچی میں چوتھی انٹرنیشنل فیملی پلاننگ سمٹ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایچ آئی وی کی بروقت تشخیص کیلئےاسکریننگ کا عمل مزید تیز کردیا گیا ہے، زیادہ سے زیادہ اسکریننگ سے ایچ آئی وی پر جلد قابو پانے میں مدد مل سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسپتالوں میں سہولیات کی بہتری کے لیے حکومت سندھ بھرپور کوششیں کر رہی ہے، ہمیں معلوم ہے مریضوں کو مشکلات کا سامنا ہے، صحت کے شعبے میں حال ہی میں نئی بھرتیاں کی گئی ہیں، مزید بھرتیوں کی طرف بھی بڑھ رہے ہیں، اسپتالوں میں سہولیات کی بہتری کے لیے مزید بھرتیوں سے مدد ملے گی۔
صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ اسپتالوں میں میڈیا کی موجودگی کی اجازت نہیں ہوتی، میڈیا سے بات کرنے کے خواہشمند ڈاکٹر اور دیگر افراد اسپتال سے باہر آکر موقف دیں، تمام ڈاکٹرز کو میڈیا سے بات کرنے اور اپنا مؤقف دینے کی اجازت ہے۔
انہوں نے کہا کہ میڈیا اسپتال میں موجود خامیوں کی نشاندہی کرے، میڈیا کی نشاندہی سے ہی ہمیں مدد ملتی ہے، جناح اسپتال میں ڈاکٹر خالد شیر کو کہہ دیا ہے اب سے وہ میڈیا کو موقف دیں گے۔