آرمی چیف کا دورہ ایران، ایرانی مسلح افواج کے چیف آف جنرل سٹاف سے ملاقات ،علاقائی سلامتی اور دوطرفہ دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال
اشاعت کی تاریخ: 27th, May 2025 GMT
تہران (نیوز ڈیسک) چیف آف آرمی اسٹاف (COAS) پاکستان، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، نے جنرل سٹاف ہیڈ کوارٹرز تہران، اسلامی جمہوریہ ایران کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ایرانی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف، میجر جنرل محمد باقری سے اہم ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران دونوں عسکری رہنماؤں نے باہمی دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر خصوصی توجہ مرکوز کی اور خطے کی سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ بات چیت میں دوطرفہ تعاون کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی گئی جن میں عسکری تعاون کو فروغ دینا، مشترکہ سرحد پر سیکیورٹی میکانزم کو مؤثر بنانا اور سرحدی علاقوں کو تجارتی و اقتصادی زونز میں تبدیل کرنے کے امکانات شامل تھے۔
یہ اقدامات نہ صرف دو طرفہ تعلقات کو فروغ دیں گے بلکہ خطے میں استحکام اور خوشحالی کا سبب بھی بنیں گے۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی تہران آمد پر ایرانی مسلح افواج کی جانب سے پرتپاک استقبال کیا گیا، جس میں چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔
قبل ازیں آرمی چیف نے وزیر اعظم پاکستان کے ہمراہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی حسینی خامنہ ای اور صدر ایران ایچ ای مسعود پیزشکیان سے بھی ملاقات کی۔ یہ دورہ وزیر اعظم کے ہمراہ تین برادر ممالک — ترکی، ایران اور آذربائیجان — کے سرکاری دورے کا حصہ ہے، جس کا مقصد خطے میں باہمی تعاون اور سفارتی تعلقات کو مزید مستحکم بنانا ہے۔
.ذریعہ: Daily Ausaf
پڑھیں:
فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ایرانی چیف آف جنرل اسٹاف سے ملاقات، دفاعی تعاون پر گفتگو
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں مشترکہ سرحد پر سکیورٹی کے نظام کو بہتر بنانے، سرحدی علاقوں کو تجارت اور اقتصادی روابط کے زونز میں تبدیل کرنےکے مواقع تلاش کرنے پر زور دیا۔ اسلام ٹائمز۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے تہران میں ایرانی چیف آف جنرل اسٹاف میجر جنرل محمد باقری سے ملاقات کی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے تہران میں ایران کے جنرل اسٹاف ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا۔ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آرمی چیف نے ایران کے چیف آف جنرل اسٹاف میجر جنرل محمد باقری سے ملاقات کی جس میں علاقائی سکیورٹی کی ابھرتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ملاقات میں دوطرفہ دفاعی تعلقات کو مضبوط بنانے اور باہمی دلچسپی کے اہم شعبوں میں عسکری تعاون کو بڑھانا پر زور دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں مشترکہ سرحد پر سکیورٹی کے نظام کو بہتر بنانے، سرحدی علاقوں کو تجارت اور اقتصادی روابط کے زونز میں تبدیل کرنےکے مواقع تلاش کرنے پر زور دیا۔ فیلڈ مارشل کو ان کی آمد پر ایرانی مسلح افواج کے ایک چاق چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے وزیر اعظم کے ہمراہ سپریم لیڈر اور ایرانی صدر سے بھی ملاقات کی، آرمی چیف وزیر اعظم کے ہمراہ ترکیہ، ایران اور آذربائیجان کے سرکاری دورے پر ہیں جہاں وہ وزیراعظم کے ہمراہ ان برادر ممالک کی قیادت سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔