پاکستان کی عالمی سطح پر ایک اور سفارتی کامیابی،کینیا میں قید 6 پاکستانیوں کی رہائی کا حکم، کیس میں سیاسی نوعیت کے شواہد
اشاعت کی تاریخ: 29th, May 2025 GMT
اسلام آباد (رضواں عباسی سے ) حکومت پاکستان کی سفارتی کوششوں کے نتیجے میں کینیا کی سپریم کورٹ نے دس سال سے قید چھ پاکستانی شہریوں کو رہا کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق، ان افراد کو 2 جولائی 2014ء کو نیروبی میں عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ رہائی کا یہ فیصلہ پاکستان کے لیے ایک بڑی بین الاقوامی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق، یہ کیس سیاسی نوعیت کا تھا جو مختلف مقامی و بین الاقوامی سیاسی جماعتوں کے تناؤ کا نتیجہ تھا۔ دورانِ مقدمہ زبان کی رکاوٹ، مترجم کی عدم دستیابی، اور وکلاء کی عدم سنجیدگی کے باعث قیدیوں کو ایک دہائی تک جیل میں رہنا پڑا۔
کینیا میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر ابرار حسین خان کی ذاتی دلچسپی اور مسلسل کوششوں کے باعث بالآخر ان پاکستانیوں کی رہائی ممکن ہو سکی۔ رہائی پانے والے پاکستانیوں کے نام یہ ہیں: یوسف یعقوب، صالح محمد، یعقوب ابراہیم، غفور بھٹی، سلیم محمد، اور مولابخش۔
تفصیلات کے مطابق، یہ افراد ایک جہاز “امین دریا” پر سوار ہو کر ایران سے تنزانیہ کے جزیرے زنجبار کی جانب سفید سیمنٹ لے جا رہے تھے۔ تاہم کینیا کی بحریہ نے 2 جولائی 2014ء کو کھلے سمندر میں ان کا راستہ روکا اور شبہ ظاہر کیا کہ وہ جہاز میں منشیات اسمگلنگ کر رہے تھے۔
ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ جہاز کو ضبط کرنے کے بعد، کینیا کی اتھارٹیز نے سمندر میں اسے دھماکہ سے اُڑا دیا، جس کا مقصد ممکنہ شواہد کو ختم کرنا بتایا گیا۔ معاملے کے پس پردہ سیاسی محرکات کو بنیاد بناتے ہوئے کیس کو طول دیا گیا۔
کینیا کی ہائی کورٹ کے فیصلے کے مطابق، 10 مارچ 2023 کو ان شہریوں کو عمر قید کے ساتھ 300 ملین ڈالر فی کس جرمانے کی سزا سنائی گئی تھی، جس کی عدم ادائیگی پر مزید سزائیں بھی عائد کی گئیں۔
سفارتی ذرائع کے مطابق، پاکستان کی جانب سے کی گئی قانونی و سفارتی کاوشوں کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے۔ وزارتِ خارجہ نے اس فیصلے پر اطمینان کا اظہار کیا ہے اور ان پاکستانی شہریوں کی جلد وطن واپسی کے لیے اقدامات شروع کر دیے گئے ہیں۔
ذریعہ: Daily Ausaf
پڑھیں:
رجب بٹ کے مسائل کے پیچھے کونسی مشہور شخصیت ہے؟ ٹک ٹاکر کاشف ضمیر کا دعویٰ
ٹک ٹاکر کاشف ضمیر نے ساتھی ٹک ٹاکر رجب بٹ کے مسائل کی وجہ کا انکشاف کردیا۔
ماضی میں مختلف اسکینڈلز اور ترک اداکار انگین التان سے جڑے متنازع معاملات کی وجہ سے خبروں میں رہنے والے ٹک ٹاکر کاشف ضمیر نے حال ہی میں ایک نجی ٹی وی پروگرام میں دعویٰ کیا ہے کہ رجب بٹ کے مسائل کے پیچھے ایک مشہور شخصیت کا ہاتھ ہے،
کاشف ضمیر نے کہا کہ رجب بٹ اب ایک بڑا نام بن چکا ہے اور اسے کافی شہرت حاصل ہوئی ہے، جسے بعض لوگ برداشت نہیں کر پا رہے۔ ان کے مطابق حسد کی وجہ سے رجب بٹ کی پرانی ویڈیوز کو وائرل کر کے اسے نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے رجب بٹ کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی ویڈیوز میں محتاط انداز اختیار کریں کیونکہ ان کی باتوں کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا جاتا ہے جس سے وہ مشکلات کا شکار ہو جاتے ہیں۔
کاشف ضمیر نے بڑا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ کسی شخص نے، جو فہد مصطفیٰ کو جانتا ہے، انہیں بتایا کہ رجب بٹ پر دائر قانونی مقدمات کے پیچھے فہد مصطفیٰ کا ہاتھ ہے، اور اس حوالے سے اسے شواہد بھی دکھائے گئے۔
تاہم کاشف ضمیر نے یہ شواہد پروگرام میں ظاہر کرنے سے انکار کردیا۔ ٹک ٹاکر کے اس دعوے نے سوشل میڈیا پر ہلچل مچا دی ہے۔ صارفین ان کے دعوے پر بےحد حیران ہیں اور اس کے شواہد کا مطالبہ کر رہے ہیں۔