ایکٹ الائنس پاکستان کا تمباکو ٹیکس پالیسی میں بیرونی مداخلت پر اظہار تشویش
اشاعت کی تاریخ: 29th, May 2025 GMT
اسلام آباد – ایکٹ الائنس پاکستان کے نیشنل کنوینر مبشر اکرم نے اس بات پر زور دیا ہے کہ پاکستان کی مالی خودمختاری کو محفوظ بنانا ناگزیر ہے، اور ٹیکس پالیسی سازی کو قومی مفادات اور مقامی زمینی حقائق سے ہم آہنگ رہنا چاہیے۔ اسلام آباد میں ایک میڈیا بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے وفاقی بجٹ سے قبل کے ہفتوں میں پاکستان کی تمباکو ٹیکس پالیسی پر بیرونی مداخلت کے جارحانہ تسلسل پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت (WHO) حالیہ ہفتوں میں تمباکو پر ٹیکس میں اضافہ کے لیے سرگرم ہو گیا ہے، جبکہ اس سے قبل یہی بیانیہ غیر ملکی فنڈنگ حاصل کرنے والی تنظیموں، جیسے “کیمپین فار ٹوبیکو فری کڈز” (CTFK) اور “وائٹل اسٹریٹیجیز”، کے ذریعے مسلسل پھیلایا جاتا رہا ہے۔ مبشر اکرم نے نشاندہی کی کہ “یہ تنظیمیں پاکستان میں برسوں تک بلا اجازت سرگرم رہیں، اور انہوں نے اکنامک افیئرز ڈویژن سے این او سی اور وزارت داخلہ سے رجسٹریشن حاصل نہیں کی۔”
“ہم عوامی صحت کو قومی ترجیح تسلیم کرتے ہیں، لیکن یہ بھی ضروری ہے کہ پاکستان کی ٹیکس پالیسی شفاف اور مشاورت پر مبنی عمل سے طے ہو، نہ کہ بین الاقوامی خیرات پر چلنے والے اداروں کے بیانیہ کے ذریعے مسلط کی جائے،” مبشر اکرم نے کہا۔ “اس قسم کے بیانیے اکثر پاکستان کے پیچیدہ کاروباری ماحول کو نظرانداز کرتی ہیں اور قانونی و ٹیکس دینے والے اداروں اور غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے درمیان فرق کرنے میں ناکام رہتی ہیں۔”
انہوں نے عالمی ادارہ صحت کی پالیسیوں کے تضاد پر سوال اٹھایا، اور پاکستان کے لیے تجویز کردہ اقدامات اور سوئٹزرلینڈ ، جو WHO کا میزبان ملک ہے، کی اپنی پالیسیوں کے درمیان نمایاں فرق کی نشاندہی کی۔ انہوں نے کہا: “اگرچہ WHO عالمی سطح پر ایف سی ٹی سی (ٹوبیکو کنٹرول فریم ورک کنونشن) کی وکالت کرتا ہے، لیکن سوئٹزرلینڈ نے تاحال اس معاہدے کی توثیق نہیں کی۔ وہاں تمباکو کی اسپانسرشپ، اشتہارات، اور کاروباری مارکیٹنگ کی اجازت دی جاتی ہے، جو ایف سی ٹی سی کے بنیادی اصولوں کے خلاف ہے، اور کئی بنیادی پابندیاں بھی صرف اکتوبر 2024 میں نافذ کی گئی ہیں۔”
انہوں نے زور دیا کہ ٹیکس میں بے تحاشا اضافے کے مطالبے کو زمینی حقائق اور نفاذ کی عملی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے دیکھنا چاہیے۔ “پاکستان کے تمباکو سیکٹر کو ہر سال غیر قانونی تجارت، ٹیکس چوری اور مسلسل قانونی خلاف ورذیوں کی وجہ سے 300 ارب روپے سے زائد کے نقصان کا سامنا ہے۔ قانونی صنعت، جو پہلے ہی 2023 کے بھاری ٹیکس اقدامات کے باعث دباؤ میں ہے، مزید دباؤ برداشت نہیں کر سکتی، کیونکہ اس سے مارکیٹ کا توازن مکمل طور پر بگڑ سکتا ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اس وقت تقریباً 300 ارب روپے سالانہ کے ٹیکس محصولات کھو دینے کے خطرے سے دوچار ہے، جو قانونی صنعت قومی خزانے میں جمع کراتی ہے، “اور اس کا فائدہ صرف غیر قانونی سگریٹ مافیا کو ہوگا۔”
انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ باضابطہ معاشی شعبوں، خصوصاً قانونی تمباکو ساز اداروں کے مارکیٹس میں مسابقت کے منصفانہ حق کو ترجیح دے، اور نفاذ کے میکانزم کو مضبوط بناتے ہوئے غیر قانونی سگریٹ تجارت اور ٹیکس چوری کے خلاف کارروائی کو یقینی بنائے۔ “ہم دیکھ رہے ہیں کہ قانونی انڈسٹری کا مارکیٹ شیئر مسلسل سکڑ رہا ہے، جو قومی ٹیکس اہداف کے لیے بھی بے پناہ نقصان دہ ہے،” انہوں نے کہا۔
اختتام پر مبشر اکرم نے ایکٹ الائنس پاکستان کی پالیسی پر مبنی تعمیری مکالمے اہمیت کو واضح کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی معاشی پالیسیاں، پاکستان کے مفاد میں ہی بننی چاہئیں۔ “ہم حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ادارہ جاتی صلاحیت کو مضبوط کرے، اور قومی پالیسی سازی کو بیرونی دباؤ سے محفوظ رکھے۔ ٹیکس سے متعلق فیصلے اقتصادی ماڈلنگ، انڈسٹری کے اعداد و شمار، اور تمام متعلقہ فریقوں کی شمولیت سے ہونے چاہییں، نہ کہ بیرون ملک تیار شدہ بیانیوں کی بنیاد پر کیونکہ قومی معاشی فیصلہ سازی کی خودمختاری کا تحفظ ہی پائیدار ترقی اور قومی وقار کی ضمانت ہے۔”
ذریعہ: Daily Ausaf
کلیدی لفظ: مبشر اکرم نے ٹیکس پالیسی کہ پاکستان پاکستان کی پاکستان کے انہوں نے نے کہا
پڑھیں:
شرح سود 11فیصد برقراررکھنے پر صنعت کاروں کا مایوسی کا اظہار
کراچی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔16 ستمبر ۔2025 ) اسٹیٹ بینک کی جانب سے شرح سود 11فیصد پر برقرار رکھنے کے فیصلے پر صنعت کاروں نے مایوسی کا اظہار کیا ہے ایف پی سی سی آئی کے سینئیر نائب صدر ثاقب فیاض کا کہنا ہے فیصلے سے پیداواری لاگت بڑھے گی اور برآمدات میں کمی ہوگی. کراچی چیمبر کے صدر جاوید بلوانی کے مطابق حکومت نے بارہا شرح سود میں کمی کے وعدے کیے مگر عملی اقدامات سامنے نہیں آئے انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی کی توقعات پر حالیہ سیلاب نے پانی پھیر دیا ہے ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر امام پراچہ نے کہا کہ مہنگائی کے تناسب سے شرح سود میں کمی کی گنجائش موجود ہے اور اسے سنگل ڈیجٹ میں لایا جانا چاہیے.(جاری ہے)
ان کا کہنا تھا کہ خطے میں پاکستان کا شرح سود سب سے زیادہ ہے جس سے کاروبار متاثر ہورہا ہے نارتھ کراچی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے چیئرمین نے تجویز دی کہ امریکا سے ٹیرف میں کمی کے ثمرات کاروباروں کو شرح سود میں کمی کے ذریعے منتقل کیے جاسکتے ہیں فیصل معیز خان کے مطابق ملک میں کوسٹ آف ڈوئنگ بزنس بہت زیادہ ہے اور اگر شرح سود میں کمی کی جائے تو پاکستانی برآمدکنندگان خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے میں فائدہ حاصل کرسکتے ہیں. ان کا کہنا تھا کہ حکومت اور اسٹیٹ بینک کو شرح سود میں کمی کا وعدہ پورا کرنا ہوگا تاکہ ملکی ایکسپورٹ بڑھ سکے ادھر ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے سروے میں 72 فیصد مارکیٹ شرکا نے بھی یہی توقع ظاہر کی ہے کہ اس اجلاس میں پالیسی ریٹ میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی اور اس کی بڑی وجہ حالیہ تباہ کن سیلاب ہے. واضح رہے کہ گزشتہ روز اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے مانیٹری پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے شرح سود کو 11 فیصد پر برقرار رکھنے کا اعلان کیا تھا گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد کی زیر صدارت مانیٹری پالیسی کمیٹی کے اجلاس میں ملکی اور غیر ملکی معاشی صورت حال کا جائزہ لیا گیا. اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ ملک میں موجودہ معاشی صورتحال کو دیکھتے ہوئے فیصلہ کیا گیا ہے، سیلاب کے باعث زرعی صورتحال کو نقصان پہنچاہے، فصلیں تباہی ہوئی ہیں اقتصادی ماہرین کے مطابق سیلاب سے زرعی شعبے کو نقصان پہنچا، کئی فصلیں تباہ ہوگئیں، ملکی طلب پوری کرنے کے لیے کچھ اجناس درآمد کرنا پڑ سکتی ہیں، جس سے نہ صرف درامدی بل بڑھت گا بلکہ مہنگائی میں بھی اضافے کا خدشہ ہے اسی صورت حال کے پیش نظر اسٹیٹ بینک نے آئندہ 2 ماہ کے لیے بنیادی شرح سود 11 فیصد پر برقرار رکھا ہے اسٹیٹ بینک نے پالیسی ریٹ مسلسل تیسری بار برقرار رکھا ہے ایک سروے رپورٹ میں 92 فیصد نے رائے دی تھی کہ شرح سود مستحکم رہے گی.