وزیراعلیٰ مریم نواز کی پنجاب میں روٹی کی قیمت کم کرنے کی ہدایت
اشاعت کی تاریخ: 29th, May 2025 GMT
لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے آٹے کی قیمتوں میں حالیہ کمی کا براہ راست فائدہ غریب عوام تک پہنچانے کے لیے فوری طور پر روٹی کے نرخ مقرر کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پرائس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کو ہدایت کی کہ آٹے کے نئے نرخ کے مطابق روٹی کی قیمت کم کی جائے اور اس سلسلے میں فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو ریلیف دیا جا سکے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے واضح کیا کہ حکومت کی جانب سے آٹے کی قیمتوں میں کی جانے والی کمی کا فائدہ صرف کاغذوں تک محدود نہ رہے بلکہ یہ عام آدمی کی زندگی پر واضح طور پر اثر انداز ہو۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب نے لاہور میں پاکستان کے پہلے اسٹیٹ آف دی آرٹ ”نواز شریف سینٹر آف ایکسی لینس فار ارلی چائلڈ ہُڈ ایجوکیشن“ کا بھی باقاعدہ افتتاح کیا۔
مریم نواز نے سنٹر کا دورہ کیا اور بچوں سے ملاقات کی اور والدین سے تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے سہولیات، ماحول اور تعلیمی نظام کا تفصیلی جائزہ لیا۔
وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات بھی تقریب میں شریک ہوئے اور اپنے بیٹے کو سرکاری اسکول میں داخل کرانے والے پہلے صوبائی وزیر بن گئے، جسے ایک علامتی اور عملی قدم کے طور پر سراہا گیا۔
وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ چکن، سبزیوں اور دالوں سمیت دیگر بنیادی اشیائے خورونوش کی قیمتوں پر بھی کڑی نگرانی رکھی جائے تاکہ مہنگائی میں کمی کے حکومتی اقدامات کے ثمرات عام آدمی تک پہنچیں۔
مریم نواز نے انتظامیہ کو خبردار کیا کہ قیمتوں میں کمی کے حکومتی فیصلوں پر عمل درآمد میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: مریم نواز نے
پڑھیں:
کریانہ ایسوسی ایشن کا پنجاب بھر میں چینی کی فروخت بند کرنے کا اعلان
کریانہ ایسوسی ایشن نے پنجاب بھر میں چینی کی فروخت بند کرنے کا اعلان کردیا۔
پنجاب بھر میں چینی کا بحران شدید ہونے لگا ہے اور مرکزی کریانہ مرچنٹ ایسوسی ایشن نے صوبہ بھر میں چینی کی فروخت بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
تنظیم کے مرکزی صدر حافظ عارف گجر نے کہا ہے کہ مہنگی چینی خرید کر سستی فروخت نہیں کر سکتے۔ حکومت اور انتظامیہ سرکاری قیمت 165 روپے کلو چینی فراہم میں ناکام ہوگئی ہیں۔ حکومت نے 165 روپے کلو ایکس شوگر ملز مقرر کی، اب اس پر عملدرآمد بھی کرائے۔
ایسوسی ایشن کے مطابق جب تک ملز اور ڈیلرز کا کریانہ مرچنٹس سے قیمت پر میکنزم نہیں بنتا، چینی کی فروخت بند رہے گی۔ انتظامیہ نے سرکاری قیمت پر چینی سپلائی یقینی بنانے کے بجائے شاپس سیل اور بھاری جرمانے شروع کر دیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اپنے اعلان مطابق ہمیں 165 روپے کلو چینی فراہم کرے ہم 173 روپے فروخت کریں گے۔ آج منگل 22 جولائی سے پنجاب میں چینی کی پرچون فروخت بند کر رہے ہیں۔