سیالکوٹ، پی پی 52 کے ضمنی انتخابات آج ہوں گے، سیکیورٹی کے سخت انتظامات
اشاعت کی تاریخ: 1st, June 2025 GMT
سیالکوٹ:
پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 52 سیالکوٹ میں ضمنی انتخابات آج منعقد ہو رہے ہیں۔ پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہو کر بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق حلقے میں کل رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 97 ہزار 185 ہے، جن میں مرد ووٹرز 1 لاکھ 57 ہزار 725 اور خواتین ووٹرز 1 لاکھ 39 ہزار 460 شامل ہیں۔
انتخابی عمل کو مؤثر اور منظم بنانے کے لیے حلقے میں کل 185 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، جن میں 57 مردانہ، 57 زنانہ اور 71 مشترکہ پولنگ اسٹیشنز شامل ہیں۔
یہ نشست مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی چوہدری ارشد وڑائچ کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی۔ ضمنی انتخابات میں 15 امیدوار میدان میں ہیں، جن میں بڑے سیاسی جماعتوں کے نمایاں امیدوار ہیں
مسلم لیگ (ن) کی جانب سے مرحوم رکن کی صاحبزادی حناء ارشد وڑائچ امیدوار ہیں، پاکستان تحریک انصاف کی حمایت یافتہ امیدوار کے طور پر فاخر نشاط گھمن میدان میں ہیں اور پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے راحیل کامران چیمہ انتخابی دوڑ میں شامل ہیں۔
ڈسٹرکٹ پولیس سیالکوٹ نے امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے کے لیے فول پروف سیکیورٹی اقدامات کیے ہیں۔
پولیس کے مطابق دو ہزار سے زائد پولیس اہلکار، افسران اور ایلیٹ فورس کے جوان حلقے میں سیکیورٹی ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں، جبکہ حساس پولنگ اسٹیشنز پر اضافی نفری تعینات کی گئی ہے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
چینی بھائیوں کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے، وزیراعظم شہباز شریف
فائل فوٹو۔وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں چینی باشندوں کی سیکیورٹی سے متعلق جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا چین ہمارا دوست ملک ہے، چین کے ساتھ بھائی چارے پر مبنی ہمارے تاریخی تعلقات ہیں۔
انھوں نے کہا چینی بھائیوں کا تحفظ حکومت پاکستان کی اولین ترجیح ہے، ملک بھر میں چینی باشندوں کی موثر سیکیورٹی کیلئے متعدد اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ سیف سٹی منصوبے بڑھتی ہوئی استعداد کی بہترین مثال ہیں، پورے ملک میں عالمی معیار کے مطابق سیف سٹی منصوبے تعمیر کیے جا رہے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ سی پیک پاکستان اور چین کا انتہائی اہم مشترکہ منصوبہ ہے، سی پیک اب اپنے دوسرے مرحلے میں داخل ہو رہا ہے، جس میں دونوں ممالک کے درمیان بزنس ٹو بزنس طرز پر معاملات طے کیے جائیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ سی پیک کی ترقی کے تناظر میں پاکستان میں چینی باشندوں کا تحفظ مزید اہمیت کا حامل ہے، ہم ملک میں چینی برادری کیلئے ایک محفوظ اور کاروبار دوست ماحول تعمیر کر رہے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا پاکستانی معیشت میں چینی کمپنیوں کا اعتماد ہمارے معاشی مستقبل کیلئے انتہائی اہم ہے، ائیر پورٹس پر چینی باشندوں کی آمد و رفت میں سہولت کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں۔
اجلاس میں وزیراعظم کو چینی باشندوں کے لیے خصوصی سیکیورٹی انتظامات پر بریفنگ دی گئی۔
اعلامیہ کے مطابق وزیر داخلہ نے وزیراعظم کو پورے ملک میں سیکیورٹی انتظامات کےحوالے سے آگاہ کیا، دہشتگردی کے خدشات کے پیش نظر چینی باشندوں کی خصوصی سیکیورٹی کے انتظامات نافذ العمل ہیں۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ وفاق اور تمام صوبے اس ضمن میں بھرپور تعاون کے ساتھ کام کر رہے ہیں، پورے ملک میں سیف سٹی منصوبے زیرتعمیر ہیں، تمام نئے رہائشی منصوبوں میں سیف سٹی کے معیار کے کیمرے نصب کیے جائیں گے۔