سکھوں کی دو اہم مذہبی تقریبات کے شیڈول کا اعلان کر دیا گیا
اشاعت کی تاریخ: 3rd, June 2025 GMT
لاہور:
متروکہ وقف املاک بورڈ نے رواں ماہ سکھوں کی دو اہم مذہبی تقریبات کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔
سکھوں کے پانچویں گرو ارجن دیو جی کا شہیدی دن (جوڑمیلہ) کی تقریب 16 جون کو گردوارہ ڈیرہ صاحب لاہور میں ہوگی جبکہ مہاراجہ رنجیت سنگھ کی برسی کی تقریب 29 جون کو لاہور میں ان کی سمادھی پر ہوگی۔ ان تقریبات میں شرکت کے لیے بھارت سمیت دنیا بھر سے سکھ یاتریوں کو دعوت دی گئی ہے۔
پاک بھارت کشیدگی کی وجہ سے دونوں ملکوں کی طرف سے بارڈر بند ہیں جس کی وجہ سے پاکستان کی دعوت کے باوجود بھارت سے سکھ یاتریوں کی آمد متوقع نہیں ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان بھارتی سکھ یاتریوں کے آمد پر ان کے لیے اپنا بارڈر کھولنے کے لیے تیار ہے لیکن بھارتی حکومت کی طرف سے سکھوں کو پاکستان آنے کے لیے این اوسی ملنے کی توقع نہیں ہے۔
اس کشیدگی اور تناؤ کے باوجود متروکہ وقف املاک بورڈ نے شیڈول جاری کر دیا ہے جس کے مطابق بھارتی سکھ یاتریوں کا پہلا گروپ (اگر انہیں بھارتی حکومت کی طرف سے اجازت مل گئی) 9 جون بروز پیر کو پیدل واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان میں داخل ہوگا۔ یاتری سب سے پہلے گوردوارہ جنم استھان، ننکانہ صاحب جائیں گے جہاں قیام کے دوران وہ مقامی گوردواروں کی زیارت کریں گے۔
ننکانہ صاحب میں دو روزہ قیام کے بعد یاتری 11 جون کو گوردوارہ سچا سودا، فاروق آباد کے راستے حسن ابدال روانہ ہوں گے۔ 12 جون کو وہ گوردوارہ پنجہ صاحب میں قیام کریں گے اور اس موقع پر مسلمان بزرگ صوفی بابا ولی قندھاری کی درگاہ پر بھی جا سکیں گے۔ 13 جون کو یاتری نارووال کے لیے روانہ ہوں گے جہاں وہ گوردوارہ دربار صاحب، کرتارپور میں حاضری دیں گے اور 14 جون کو وہیں قیام کریں گے۔
شیڈول کے مطابق 15 جون کو یہ قافلہ گوردوارہ روڑی صاحب، ایمن آباد کے راستے لاہور پہنچے گا۔ یہاں 16 جون بروز پیر کو مرکزی مذہبی تقریب ’’بھوگ اکھنڈ پاٹھ صاحب‘‘ منعقد ہوگی جس میں سکھ یاتری گرو ارجن دیو جی کی شہادت کی یاد میں گوردوارہ ڈیرہ صاحب، لاہور میں مذہبی رسومات ادا کریں گے۔ 17 جون کو یاتری لاہور میں قیام کریں گے جبکہ 18 جون کو واہگہ بارڈر کے راستے واپس بھارت روانہ ہوں گے۔
اس کے بعد جون کے بھارتی سکھ یاتریوں کا دوسرا گروپ مہاراجہ رنجیت سنگھ کی برسی کی تقریبات میں شرکت کے لیے 22 جون بروز اتوار کو واہگہ بارڈر کے ذریعے پاکستان آئے گا۔ ان کا ابتدائی قیام بھی ننکانہ صاحب میں ہوگا جہاں وہ 23 جون کو مقامی گوردواروں کی زیارت کریں گے۔
اسی طرح، 24 جون کو وہ گوردوارہ سچا سودا فاروق آباد کے راستے حسن ابدال روانہ ہوں گے اور اگلے روز پنجہ صاحب میں قیام کریں گے۔ 26 جون کو یہ قافلہ دربار صاحب کرتارپور پہنچے گا اور 27 جون تک وہاں قیام کرے گا۔
بعد ازاں، 28 جون کو یہ یاتری لاہور کی طرف روانہ ہوں گے جہاں وہ 29 جون بروز اتوار کو مہاراجہ رنجیت سنگھ کی برسی کی مرکزی تقریب میں شرکت کریں گے۔ اس موقع پر بھوگ اکھنڈ پاٹھ صاحب کی رسم گوردوارہ ڈیرہ صاحب، لاہور میں ادا کی جائے گی۔
یاتری 30 جون کو لاہور میں قیام کریں گے جبکہ یکم جولائی 2025 کو واپس بھارت روانہ ہوں گے۔
Tagsپاکستان.
ذریعہ
ذریعہ: Al Qamar Online
کلیدی لفظ: پاکستان میں قیام کریں گے روانہ ہوں گے سکھ یاتریوں لاہور میں سکھ یاتری کے راستے جون کو کے لیے کی طرف
پڑھیں:
ضم اضلاع کیلئے ٹیکس استثنیٰ بحال کریں: گورنر خیبر پی کے کا وزیراعظم کو خط
پشاور (بیورو رپورٹ) گورنر خیبرپی کے فیصل کریم کنڈی نے وزیراعظم پاکستان سے ضم قبائلی اضلاع کیلئے وفاقی ٹیکس استثنیٰ بحالی کی درخواست کردی۔ وزیراعظم کو بھیجے گئے خط میں گورنر نے مطالبہ کیا کہ ضم شدہ اضلاع اور پاٹا کے لیے وفاقی ٹیکس استثنیٰ میں توسیع کرتے ہوئے انضمام کے وقت قبائلی عوام سے کیے گئے وعدوں کی پاسداری کی جائے۔ ضم قبائلی اضلاع اور پاٹا میں انکم ٹیکس، سیلز ٹیکس اور دیگر وفاقی محصولات کے نفاذ پر نظرثانی کی جائے۔ وفاقی ٹیکسوں کے خاتمے کے بغیر قبائلی عوام کو مکمل ٹیکس ریلیف فراہم نہیں کیا جا سکتا۔ صوبائی حکومت پہلے ہی ضم شدہ اضلاع اور پاٹا پر عائد تمام صوبائی ٹیکس ختم کر چکی ہے، تاہم وفاقی ٹیکس برقرار رہنے سے عوام کو مکمل ریلیف نہیں مل رہا۔ دریں اثناء گورنر فیصل کریم کنڈی سے پاکستان کونسل آف سائنٹیفک اینڈ انڈسٹریل ریسرچ (پی سی ایس آئی آر) پشاور کے ڈائریکٹر جنرل انجینئر سہیل امیر مروت نے گورنر ہاؤس پشاور میں ملاقات کی۔ ادارے کی تحقیق و ترقی (ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ)، جاری پی ایس ڈی پی منصوبوں، ادارے کی تحقیقی صلاحیتوں اور استعداد سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔