پاکستان میں کلائمیٹ کورٹس بنانے کی ضرورت ہے، جسٹس منصور علی شاہ
اشاعت کی تاریخ: 9th, July 2025 GMT
اسلام آباد:
سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس منصور علی شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں کلائمیٹ کورٹس بنانے کی ضرورت ہے اور موسمیاتی تبدیلی پر قومی کانفرنس کے دیگر شرکا نے موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے قومی پالیسی، مشترکہ اور مربوط کوششوں کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
موسمیاتی تبدیلی اور ان کے اثرات سے نمٹنے کے لیے اسلام آباد میں”پاکستان کی آخری وارننگ “کے عنوان سے قومی کانفرنس منعقدکی گئی جس میں سینیٹرز، وزرا، پرائیویٹ آئی ٹی کمپنیوں اور سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس منصورعلی شاہ نے بھی شرکت کی۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس منصورعلی شاہ نے کہا کہ پاکستان میں کلائمیٹ کورٹس کی ضرورت ہے، پاکستان ماحولیاتی آلودگی میں ایک فیصد سے بھی کم حصہ ڈالتا ہے لیکن متاثر بہت زیادہ ہو رہا ہے، پاکستان کو کلائمیٹ فنانس کی ضرورت ہے۔
سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے موسمیاتی تبدیلی کی چیئرپرسن سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ پاکستان جرمن واچ کے کلائمیٹ رسک انڈیکس 2025 میں سب سے زیادہ متاثرہ ملک قرار پایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرمی، ژالہ باری اور اچانک سیلاب معمول بن چکے ہیں۔
وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی پاکستان کے لیے بہت بڑا مسئلہ ہے، سیلاب یا قدرتی آفات سے متاثرہ علاقوں میں کمیونیکیشن کا نظام بحال رکھنا بہت ضروری ہوتا ہے، اس لیے ہم چاہتے ہیں ہماری فائبرائزیشن بہتر ہو۔
کانفرنس میں سابق سینیٹر مشاہد حسین سید، ماہرموسمیات ڈاکٹر محمدحنیف، موبائل کمپنیوں کے سی ای اوز اور نجی کمپنیوں نے شرکت کی اور موسمیاتی تبدیلی سے بچنے کے لیے فوری طور پر ٹھوس اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔
Tagsپاکستان.
ذریعہ: Al Qamar Online
کلیدی لفظ: پاکستان موسمیاتی تبدیلی پاکستان میں کی ضرورت ہے کہ پاکستان نے کہا کہ کے لیے
پڑھیں:
اسلام آباد، سندھ اور پشاور ہائی کورٹس کے چیف جسٹسز نے عہدے کا حلف اٹھا لیا
اسلام آباد، سندھ اور پشاور ہائی کورٹس کے چیف جسٹسز نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھا لیا۔
وفاقی دارالحکومت میں چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کے عہدے کی حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں ہوئی، جہاں صدر مملکت آصف علی زرداری نے جسٹس سردار سرفراز ڈوگر سے چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ سے حلف لیا۔
حلف برداری کی تقریب میں چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سمیت اہم شخصیات اور سینئر وکلا کی بڑی تعداد موجود تھی۔
قبل ازیں جسٹس محمد جنید غفار نے بطور 26 ویں چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کے عہدے کا حلف اٹھایا۔ گورنر ہاؤس کراچی میں چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس محمد جنید غفار کی تقریب حلف برداری کی تقریب ہوئی، جس میں چیف سیکرٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کے تعیناتی کا نوٹیفیکیشن پڑھ کر سنایا۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے چیف جسٹس سے عہدے کا حلف لیا۔ تقریب میں ہائیکورٹ اور ضلعی عدالتوں کے ججز، ہائیکورٹ اور کراچی بار ایسوسی ایشن کے عہدیدار و دیگر وکلا کی بڑی تعداد موجود تھی۔
علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور سینئر وزیر شرجیل میمن، آئی جی سندھ، ایڈیشنل آئی جی کراچی، کاروباری شخصیات اور برادر ممالک کے سفیر بھی تقریب میں شریک تجھے۔
علاوہ ازیں گورنر ہاؤس پشاور میں چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ کی تقریب حلف برداری ہوئی، جہاں جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے بطور چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے جسٹس ایس ایم عتیق شاہ سے بطور چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ ان کے عہدے کا حلف لیا۔ تقریب حلف برداری میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور بھی شریک تھے۔
تقریب میں جسٹس صاحبان، وفاقی وزیر سیفران امیر مقام، خیبر پختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباد اللہ، صوبائی وزرا، چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ، آئی جی پولیس ذولفقار احمد، کمشنر پشاور ریاض محسود،انتظامی محکموں کے سربراہان، وکلا سمیت دیگر شریک ہوئے۔
گورنر، وزیراعلیٰ اور دیگر سیاسی رہنماؤں کی ملاقات
چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ کی حلف برداری کی تقریب میں گورنر و وزیر اعلیٰ سمیت دیگر سیاسی رہنما مل بیٹھے۔ تقریب میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی ،وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور ،وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام ،خیبرپختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباد ،پی پی ، ن لیگ کے ارکان اور رہنما بھی موجود تھے۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
یاد رہے کہ یکم جولائی کو چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں جسٹس سرفراز ڈوگر کو چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ، جسٹس جنید غفار کو چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ، جسٹس عتیق شاہ کو چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ، جسٹس روزی خان کو چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ تعینات کرنے کی منظوری دی گئی تھی۔