وزیر اعظم شہباز شریف آج امارات کے دورے پر روانہ ہونگے
اشاعت کی تاریخ: 12th, June 2025 GMT
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی)وزیر اعظم محمد شہباز شریف (آج) جمعرات کومتحدہ عرب امارات کا سرکاری دورہ کریں گے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان گہرے، برادرانہ تعلقات کا عکاس ہے، جو باہمی اعتماد، مشترکہ اقدار اور مختلف شعبوں میں قریبی تعاون پر مبنی ہیں۔وزیر اعظم کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطح کا وفد ہوگا جس میں نائب وزیر اعظم، وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحٰق ڈار، وفاقی وزرا اور دیگر سینئر حکام شامل ہوں گے۔وزیر اعظم شہباز شریف متحدہ عرب امارات کی قیادت کے ساتھ اعلیٰ سطح کی ملاقاتیں کریں گے جن میں متحدہ عرب امارات کے صدر اور ابو ظہبی کے حکمران شیخ محمد بن زاید النہیان کے ساتھ دو طرفہ ملاقات بھی شامل ہوگی،ان اعلیٰ سطح کی ملاقاتوں کے دوران دو طرفہ، علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا، جو دونوں ممالک کے باہمی مفاد اور تشویش کا باعث ہیں۔دفتر خارجہ کے مطابق وزیر اعظم کا یہ دورہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، اقتصادی روابط کو گہرا کرنے اور کثیر جہتی تعاون کو فروغ دینے کا باعث بنے گا۔یہ دورہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان باہمی مفاد پر مبنی تذویراتی شراکت داری کو فروغ دینے، باہمی دلچسپی کے موجودہ شعبوں میں تعاون کو بڑھانے اور دو طرفہ خوشگوار تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کیلئے نئے مواقع تلاش کرنے کے مشترکہ عزم کا مظہر ہے۔یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے حال ہی میں ترکیہ، ایران، آذربائیجان، تاجکستان کے دورے بھی کیے ہیں، اور عیدالاضحی پر وزیراعظم اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے سعودی عرب کے دورے میں عمرے کی ادائیگی بھی کی تھی، شہزادہ محمد بن سلمان سے بھی ملاقات کی تھی۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
تیزی سے بڑھتی آبادی ملک کیلئے سب سے بڑا چیلنج ہے: وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے تیزی سے بڑھتی آبادی کو ملک کے لیے چیلنج قرار دے دیا۔وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت ملک میں بہبود آبادی کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم نے نیشنل پاپولیشن کونسل کا اجلاس جلد از جلد بلانے کی ہدایت کی۔شہباز شریف نے کہا کہ تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی ملک کے لیے سب سے بڑا چیلنج ہے، آبادی پر قابو پانے کیلئے اقدامات اور بہبود آبادی کو قومی فریضہ سمجھا جانا چاہیے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آبادی میں توازن ہی پائیدار قومی ترقی کی ضمانت ہے، آبادی کی منصوبہ بندی کو قومی ترقی اور معاشی استحکام سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت ہے، بہبود آبادی اقدامات سے متعلق صوبوں کے ساتھ روابط اور ہم آہنگی مزید بہتر بنائی جائے، بڑھتی ہوئی آبادی پر قابو پانے کے مؤثر عوامی آگہی مہم کا کلیدی کردار ہے۔