خلیجی ممالک خبردار!امریکا کو فوجی اڈے دیے تو نتائج بھگتیں گے؛ ایران کی تنبیہ
اشاعت کی تاریخ: 19th, June 2025 GMT
data-id="863a0a8" data-element_type="widget" data-widget_type="theme-post-content.default">
تہران:ایران نے خطے کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر خلیجی ممالک کو تنبیہ کی ہے کہ اگر ان کی سرزمین سے امریکا نے ایران کے خلاف کوئی عسکری کارروائی کی تو انہیں بھی ممکنہ جوابی ردعمل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ اگر امریکی حملے ان ممالک کی زمینوں سے کیے گئے تو ایران اسے کھلی جارحیت اور اشتعال انگیزی تصور کرے گا، جس کا فوری اور سخت جواب دیا جائے گا۔
یہ انتباہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے، جب امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی ایک مرتبہ پھر انتہائی نازک مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے حالیہ مبہم بیانات، جن میں انہوں نے ایران پر ممکنہ حملے کا اشارہ دیا، نے خطے کی فضا مزید کشیدہ بنا دی ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق یہ انتباہ باضابطہ طور پر قطر کے ذریعے دیگر خلیجی ریاستوں تک پہنچایا گیا ہے۔ تہران نے ان ممالک کو باور کرایا ہے کہ اگر انہوں نے اپنی زمین یا فضائی حدود امریکا کے حوالے کیں تو وہ ممکنہ حملے کے ہدف بن سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ امریکا کی خلیج میں موجودگی طویل عرصے سے جاری ہے اور متعدد خلیجی ممالک میں امریکی افواج کے اہم عسکری اڈے موجود ہیں، جن میں بحرین، قطر، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور اردن شامل ہیں۔ ان اڈوں سے امریکا نہ صرف خطے میں نگرانی اور عسکری نقل و حرکت کرتا ہے بلکہ انہیں کسی بھی ہنگامی صورت حال میں حملے کے لیے لانچنگ پیڈ کے طور پر استعمال کرتا رہا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے حالیہ بیانات میں اگرچہ کسی واضح جنگی اقدام کا اعلان نہیں کیا، مگر ان کے لہجے اور الزامات سے یہ تاثر ضرور پیدا ہوا ہے کہ امریکا ایران کے خلاف کسی مرحلے پر عسکری مداخلت کر سکتا ہے۔ دوسری جانب میڈیا ذرائع میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ امریکی صدر نے ایران پر حملے کی اجازت دے دی ہے، تاہم اس کا باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر ایران پر الزام لگایا ہے کہ وہ خفیہ طور پر جوہری ہتھیاروں کی تیاری کر رہا ہے،تاہم امریکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ٹرمپ کو اپنی ہی حکومت کے اندر سے مخالفت کا سامنا ہے اور کئی سینئر مشیروں نے انہیں براہ راست جنگ میں کودنے سے روکنے کی کوشش کی ہے۔
ادھر عالمی جوہری ادارے نے بھی کہا ہے کہ ایران کی جانب سے ایٹمی ہتھیاروں کی تیاری کے کوئی شواہد نہیں ملے ہیں۔
دوسری طرف ایران نے اپنا مؤقف انتہائی سخت رکھا ہے۔ ایرانی قیادت کئی مواقع پر یہ واضح کر چکی ہے کہ اگر ان کے ملک پر کسی قسم کا براہ راست حملہ کیا گیا تو اس کے نتائج نہ صرف فوری بلکہ دُور رس اور شدید ہوں گے۔
ایرانی رہبر اعلیٰ علی خامنہ ای نے اپنے حالیہ بیان میں کہا کہ ایران کسی بھی تھوپی گئی جنگ کے خلاف فولاد کی دیوار ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ ایران کی تاریخ، تہذیب اور مزاحمت کو جانتے ہیں، وہ کبھی بھی دھمکیوں کے ذریعے اس قوم کو جھکا نہیں سکتے۔
خامنہ ای نے اپنی قوم کو حوصلہ دیتے ہوئے کہا کہ ایران کا دفاع صرف عسکری طاقت پر منحصر نہیں، بلکہ اس کی بنیاد ایمانی جذبے، قومی اتحاد اور تاریخی خودداری پر قائم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا کو یہ بات اچھی طرح سمجھ لینی چاہیے کہ خطے میں کسی نئی جنگ کا آغاز کرنا اپنے لیے ناقابل تلافی نقصان کو دعوت دینا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایران ماضی میں بھی امریکا کو جواب دے چکا ہے اور اگر اب پھر چھیڑا گیا تو ردعمل کہیں زیادہ سخت ہوگا۔
خامنہ ای کے اس بیان سے 2020ء کا واقعہ یاد آتا ہے، جب ایران نے عراق میں قائم امریکی فوجی اڈے عین الاسد کو بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنایا تھا۔ یہ کارروائی ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کی امریکی ڈرون حملے میں شہادت کے بعد کی گئی تھی۔ ایران نے اس وقت بھی کہا تھا کہ اس کا ردعمل صرف آغاز ہے اور اگر امریکا نے دوبارہ ایسی کوئی مہم جوئی کی تو وہ محدود دائرے تک نہیں رہے گی۔
مبصرین کا کہنا ہے کہ اب ایک بار پھر خلیجی ریاستیں کشیدگی کے مرکز میں آ چکی ہیں۔ اگر ان ریاستوں نے امریکا کو حملے کے لیے لاجسٹک یا زمینی سہولت دی تو وہ خود بھی تنازع کا حصہ بن جائیں گی اور ایران انہیں دشمن کا معاون تصور کرے گا۔ یہ پیغام قطر کے ذریعے پہنچانے کا مطلب یہ ہے کہ ایران باضابطہ سفارتی چینلز سے خلیجی ممالک کو خبردار کر رہا ہے تاکہ کوئی غلط فہمی باقی نہ رہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ایران کی یہ حکمت عملی ایک واضح پیغام ہے کہ وہ خطے میں صرف امریکا سے نہیں بلکہ اس کے ممکنہ علاقائی سہولت کاروں سے بھی نمٹنے کو تیار ہے۔ خلیجی ممالک کے لیے یہ صورتحال بہت نازک ہے، کیونکہ ایک طرف ان کی عسکری وابستگی امریکا سے ہے اور دوسری طرف ایران ان کا قریبی ہمسایہ ہے، جس کے ساتھ تنازع کی صورت میں انہیں اندرونی اور بیرونی دونوں نوعیت کے مسائل کا سامنا ہو سکتا ہے۔
ایران کی یہ حکمت عملی بظاہر دباؤ کی سیاست ہے، مگر اس کا مقصد واضح ہے کہ خلیجی ممالک کو غیر جانب دار رہنے پر مجبور کرنا۔ تہران چاہتا ہے کہ اگر امریکا جنگ کی جانب بڑھتا ہے تو عرب ریاستیں اس میں شریک نہ ہوں۔ اگر انہوں نے امریکا کا ساتھ دیا تو انہیں بھی جنگی کارروائیوں کے خطرناک نتائج کا سامنا کرنا ہوگا۔
.ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: خلیجی ممالک امریکا کو ہے کہ اگر کا سامنا انہوں نے ایران نے کہ ایران ایران کی ممالک کو کا کہنا ہے اور اگر ان
پڑھیں:
جوہری یا میزائل پروگرام پر کسی قسم کی پابندی قبول نہیں ،ایران
تہران (ویب دیسک )ایران نے اپنے جوہری پروگرام پر امریکا کو ٹکا سا جواب دیدیا،کوئی بھی سمجھدار ملک اپنی دفاعی صلاحیت ختم نہیں کرتا، ایرانی وزیر خارجہ۔امریکا سے مذاکرات میں دلچسپی نہ جوہری پابندی قبول کریں گے؛۔ایران نے امریکا کے ساتھ ممکنہ مذاکرات اور جوہری پروگرام سے متعلق واضح پالیسی بیان جاری کردیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ امریکا کے ساتھ براہِ راست مذاکرات میں کوئی دلچسپی نہیں البتہ بالواسطہ بات چیت کے لیے تیار ہیں۔الجزیرہ کو دیئے گئے انٹرویو میں انھوں نے مزید کہا کہ ہم ایک منصفانہ معاہدے کے لیے تیار ہیں لیکن امریکا نے ایسی شرائط پیش کی ہیں جو ناقابلِ قبول اور ناممکن ہیں۔انھوں نے دو ٹوک انداز میں کہا کہ اپنے جوہری یا میزائل پروگرام پر کسی قسم کی پابندی قبول نہیں کریں گے۔ کوئی بھی سمجھدار ملک اپنی دفاعی صلاحیت ختم نہیں کرتا۔ایرانی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ جو کام جنگ کے ذریعے ممکن نہیں وہ سیاست کے ذریعے بھی حاصل نہیں کیا جا سکتا۔
انھوں نے کہا کہ ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق مخالفین کے خدشات دور کرنے کے لیے تیار ہے لیکن یورینیم افزودگی نہیں روکیں گے۔عباس عراقچی نے مزید کہا کہ جون میں اسرائیل اور امریکا کے حملوں کے باوجود جوہری تنصیبات میں موجود مواد تباہ نہیں ہوا اور ٹیکنالوجی اب بھی برقرار ہے۔ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ جوہری مواد ملبے کے نیچے ہی موجود ہے، اسے کہیں اور منتقل نہیں کیا گیا۔ اسرائیل کے کسی بھی جارحانہ اقدام کا جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔