ایران کا اسرائیل پر بڑا حملہ: جنوبی اسرائیل کا پاور پلانٹ میزائلوں کی زد میں، بجلی کی فراہمی متاثر
اشاعت کی تاریخ: 23rd, June 2025 GMT
تہران(نیوز ڈیسک)ایران نے اسرائیل کی مسلسل جارحیت کے جواب میں ایک اور شدید میزائل حملہ کرتے ہوئے جنوبی اسرائیل کے اہم پاور پلانٹ کو نشانہ بنایا ہے، جس کے باعث کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی منقطع ہو گئی ہے اور شہریوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔
الجزیرہ اور اسرائیلی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق اسرائیل الیکٹرک کارپوریشن نے تصدیق کی ہے کہ ایک میزائل اسٹریٹجک انفراسٹرکچر کے قریب گرا، جس کے بعد بجلی کی ترسیل میں خلل آیا۔ حملے کے بعد نہاریا، حیفا، میعیلیا اور دیگر شمالی علاقوں میں خطرے کے سائرن بجائے گئے، جس پر شہریوں نے طویل وقت پناہ گاہوں میں گزارا۔
رائٹرز کے مطابق مقبوضہ بیت المقدس کے آسمان پر میزائلوں کو پرواز کرتے ہوئے دیکھا گیا اور اس کے فوراً بعد دھماکوں کی شدید آوازیں سنی گئیں۔ اب تک کم از کم 4 مختلف مقامات پر میزائل گرنے کی تصدیق ہوئی ہے، جن میں اشدود اور مغربی بیت المقدس شامل ہیں۔
اسرائیلی حکام کی جانب سے فوجی سنسر شپ نافذ کردی گئی ہے، جس کے تحت متاثرہ تنصیبات یا علاقوں کی تفصیل بتانا یا متعلقہ ویڈیوز اور معلومات شیئر کرنا سختی سے ممنوع قرار دیا گیا ہے۔
اس سے قبل اسرائیلی فضائیہ نے ایرانی دارالحکومت تہران اور اس کے نواحی علاقے ’کرج‘ پر آج دوپہر کے قریب بڑے پیمانے پر شدید حملے کیے ہیں۔ دارالحکومت میں کئی مقامات پر دھوئیں کے بڑے بادل اٹھتے دیکھے گئے۔ ان حملوں کے دوران ایرانی ریاستی ٹی وی کی لائیو نشریات چند منٹ کے لیے منقطع ہو گئیں۔ اس کے علاوہ ایک تکنیکی عمارت کو بھی نشانہ بنایا گیا جو کئی چینلز کی براہِ راست نشریات کو سپورٹ کرتی تھی۔
تجزیہ کاروں کے مطابق ایران کی یہ کارروائی اسرائیلی جارحیت کا براہِ راست اور اسٹریٹجک ردعمل ہے۔
واضح رہے کہ 13 جون کو اسرائیلی حملے کے بعد سے ایران اب تک قریباً 450 بیلسٹک میزائل اسرائیل پر داغ چکا ہے، جن میں کئی اہم فوجی و انفرااسٹرکچر اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
صورتحال کے پیش نظر اسرائیل بھر میں ہائی الرٹ ہے، جب کہ عالمی برادری نے خطے میں بڑھتی کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
مزیدپڑھیں:پنجاب میں ایک دن میں 26 ہزارسے زیادہ ڈرائیونگ لائسنس جاری
ذریعہ: Daily Ausaf
کلیدی لفظ: اور اس
پڑھیں:
ایران؛ اسرائیل کو شہید جوہری سائنسدان کی ’لوکیشن‘ فراہم کرنے والے کو پھانسی دیدی گئی
ایران میں اسرائیل کی بدنام زمانہ خفیہ ایجنسی موساد کے لیے جاسوسی کرنے والے شخص کی سزائے موت پر عمل درآمد کردیا گیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ملزم روزبہ وادی کے بارے میں معلومات فراہم نہیں کی گئیں تاہم ملزم کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ میں ان کا تعارف ایران نیوکلیئر ریگولیٹری اتھارٹی اور نیشنل نیوکلیئر سیفٹی ڈپارٹمنٹ کا اہلکار بتایا گیا ہے۔
ایران کی عدالتی ویب سائٹ میزان کے مطابق ملزم روزبه وادی پر اسرائیل کی خفیہ ایجنسی موساد کو ایک جوہری سائنسدان کی تفصیلات فراہم کی تھیں جنھیں جون میں اسرائیل نے ایک حملے میں شہید کردیا تھا۔
تاحال یہ واضح نہیں کیا گیا کہ روزبہ وادی کو کب اور کہاں سے گرفتار کیا گیا یا عدالت کی جانب سے یہ سزا کب سنائی گئی تھی۔
تاہم مقامی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ جون میں اسرائیلی حملوں میں ایران کے کم از کم 12 جوہری سائنسدان شہید ہوئے تھے۔ جس کے فوری بعد ہی ملزم کی گرفتاری عمل میں لائی گئی تھی۔
ایران نے اسرائیلی حملوں میں اعلیٰ فوجی کمانڈرز اور جوہری سائنسدانوں کی شہادت کے بعد اسرائیل کے لیے جاسوسی کرنے والے گھس بیٹھیوں کے خلاف آپریشن کیا گیا تھا۔
اس آپریشن کے دوران اسرائیل کی بدنام زمانہ خفیہ ایجنسی موساد سے تعلق یا تعاون کے شبہے میں متعدد افراد کو حراست میں لیا گیا جن میں سے کئی کو سزائے موت سنائی گئی اور اب عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔