ایڈورٹائزنگ ایسوسی ایشن کا ود ہولڈنگ ٹیکس میں اضافہ واپس لینے کا مطالبہ
اشاعت کی تاریخ: 23rd, June 2025 GMT
کراچی:
پاکستان ایڈورٹائزنگ ایسوسی ایشن نے بجٹ میں ودہولڈنگ ٹیکس میں بلاجواز اضافے کو واپس لینے کا مطالبہ کردیا۔
ایڈورٹائزرز ایسوسی ایشن کے وفد نے پیر کو ایف پی سی سی آئی میں منعقدہ ٹیکس بے قاعدگیوں پر بعد از بجٹ مشاورتی اجلاس میں شرکت کی۔ فورم میں پی اے اے نے ایڈورٹائزنگ سمیت، مخصوص خدمات پر ودہولڈنگ ٹیکس (ڈبلیو ایچ ٹی) کو 4 فیصد سے بڑھا کر 6 فیصد کرنے پر انڈسٹری کے مشترکہ خدشات کا اظہار کیا اور اسے ایک معاشی طور پر سزا دینے والا اور ناقابلِ برداشت اقدام قرار دیا۔
وفد نے ایک تفصیلی مؤقف پیش کیا جس میں اس اضافے کے سنگین اثرات کو اجاگر کرتے ہوئے بتایا کہ اگر اسے اوسط خالص منافع کے تناظر میں، جو محض 15 فیصد ہے، دیکھا جائے تو یہ اضافہ عملی طور پر 17 فیصد سپر ٹیکس کے مترادف ہے۔
احمد کپاڈیا نے کہا کہ ایک ایسا ماحول جہاں پہلے ہی افرادی قوت کے بڑھتے ہوئے اخراجات، یوٹیلیٹی بلوں میں بے تحاشہ اضافہ اور کلائنٹس کی جانب سے بجٹ میں کمی نے صنعت پر دباؤ ڈال رکھا ہے، ٹیکس کا یہ اضافی بوجھ، سروس فراہم کرنے والے اداروں کی بقاء کے لیے، خطرہ بن چکا ہے۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر اس اضافے کو واپس لے اور ود ہولڈنگ ٹیکس کو 3 فیصد پر لائے تاکہ ٹیکس کے حوالے سے سروس فراہم کرنے والے اُن اداروں کی ذمہ داری کی درست عکاسی ہو سکے، جو قانون کے پابند ہیں۔ پاکستان ایڈورٹائزنگ ایسوسی ایشن کی جانب سے ایک تحریری اپیل بھی ایف پی سی سی آئی کی قیادت کو پیش کی گئی، جس میں ایف بی آر اور وزارتِ خزانہ سے فوری طور پر رابطہ کرکے مؤثر وکالت کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: ایسوسی ایشن
پڑھیں:
سونے کی قیمت میں آج بڑا اضافہ
عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں سونے کی قیمت میں آج اضافہ ہوگیا۔
رپورٹ کے مطابق بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 29ڈالر کے اضافے سے 3ہزار 395ڈالر کی سطح پر آنے کے باعث مقامی صرافہ مارکیٹوں میں جمعرات کو بھی سونے کی قیمتوں میں اضافے کا رحجان رہا۔
عالمی مارکیٹ میں اضافے کے بعد مقامی سطح پر 24 قیراط کا حامل فی تولہ سونے کی قیمت 2900روپے کے اضافے سے 3لاکھ 62ہزار 200روپے کی سطح پر آگئی۔
اس کے علاوہ اور فی دس گرام سونے کی قیمت بھی 2487روپے بڑھ کر 3لاکھ 10ہزار 528روپے کی سطح پر آگئی۔
اسی طرح فی تولہ چاندی کی قیمت 49روپے کے اضافے سے 4ہزار 059روپے اور دس گرام چاندی کی قیمت بھی 42روپے کے اضافے سے 3ہزار 479روپے کی سطح پر آگئی۔