امریکی خاتون کے بعد تیونس کی لڑکی بھی کراچی میں دھوکا کھا گئی، شادی کے چند ماہ بعد طلاق
اشاعت کی تاریخ: 28th, June 2025 GMT
کراچی:
کراچی میں امریکی خاتون کے بعد تیونس کی لڑکی بھی نوجوان کے فریب کا شکار ہوگئی ۔ فیس بک پر دوستی کے بعد کراچی پہنچنے والی 19 سالہ سندا ایاری کو شادی کے چند ماہ بعد شوہر نے طلاق دے دی۔
تفصیلات کے مطابق لیاری کے علاقے نیا آباد کے رہائشی 19 سالہ محمد عامر کی فیس بک پر تیونس کی سندا ایاری سے دوستی ہوئی، جس کے بعد لڑکی 28 نومبر کو کراچی پہنچی۔
اگلے ہی روز 29 نومبر کو دونوں نے شادی کرلی۔ نکاح کا اندراج 6 مارچ کو یونین کونسل بغدادی لیاری میں کرایا گیا۔ تاہم شادی کے صرف سات ماہ بعد محمد عامر نے سندا ایاری کو طلاق دے دی۔ بے یار و مددگار لڑکی مدد کی تلاش میں لیاقت آباد وومن تھانے جا پہنچی۔
یہ پڑھیں: پاکستانی لڑکے کی محبت میں آئی امریکی خاتون وطن واپس روانہ
سندا کا کہنا ہے کہ اس کا پاکستانی ویزا 18 فروری کو ختم ہو چکا ہے اور شوہر نے ساتھ رکھنے سے صاف انکار کردیا ہے۔ سندا نے اپیل کی ہے کہ چونکہ اس کے پاس وطن واپسی کے اخراجات نہیں ہیں، لہٰذا حکومت پاکستان اسے ایگزٹ پرمٹ جاری کرے تاکہ وہ واپس جا سکے۔
ایس ایچ او وومن ڈسٹرکٹ سینٹرل عظمی خان کے مطابق لڑکے کو تھانے بلوایا گیا تھا، جس نے بیوی کو طلاق دینے کی تصدیق کی اور تھانے سے چلا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ لڑکی نے کسی قسم کی زیادتی کی شکایت نہیں کی، اسے فوری طور پر پناہ فراہم کر دی گئی ہے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: کے بعد
پڑھیں:
پاپوش نگر تھانے میں پولیس کے تشدد اور فائرنگ سے ملزم ہلاک
پاپوش نگر تھانے میں عباس نامی ملزم کی پولیس اہلکاروں کی جانب سے تشدد اور فائرنگ سے ہلاک ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق واقعے کے بعد عدالتی احکامات پر ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل میں ملوث 2 پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
مقدمہ پولیس کے سب انسپکٹر خادم حسین،کانسٹیبل اظہار الحق کے خلاف درج کیا گیا۔ نوجوان عباس کو پاپوش نگر تھانہ سے فرار ظاہر کرکے مقابلے میں ہلاک کیا گیا۔ متوفی عباس کی لاش پر تشدد کے بھی نشانات پائے گئے۔
پاپوش نگر پولیس نے 30 جولائی کو مقابلے کا مقدمہ درج کیا تھا۔ جوڈیشل مجسٹریٹ سینٹرل نے ایف ائی اے اینٹی کرپشن سرکل کو عدالتی تحقیقات کا حکم دیا۔ عدالتی احکامات پر ایف آئی اے کو مقدمہ اندراج اورتحقیقات کے لئے ڈی آئی جی ویسٹ زون نے مراسلہ ارسال کیا تھا۔
پولیس ایف آئی آر کے مطابق ملزم لاک اپ سے باہر نکلنے پر تھانہ سے فرار ہوا تھا۔ کانسٹیبل اظہار الحق نے ملزم کو ہینڈز اپ کرنے کا جس کے دوران ملزم نے پستول چھیننے کی کوشش کی اور چھینا جھپٹی کے دوران پستول چلنے سے ملزم عباس ہلاک ہوا۔