نوازشریف کو مائنس کرنے والے خود ہو گئے: مریم نواز
اشاعت کی تاریخ: 28th, June 2025 GMT
لاہور (خصوصی نامہ نگار/کامرس رپورٹر + نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ مریم نواز نے پنجاب اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو کہتے تھے نواز شریف مائنس آج وہ خود مائنس ہوگئے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کی منتخب حکومت نے 5 ہزار 335 ارب کا بجٹ دیا ہے، یہ تاریخ کا سب سے بڑا اور ٹیکس فری بجٹ ہے، پاکستان نے دس مئی کو انڈیا کے خلاف تاریخی فتح حاصل کی، افواجِ پاکستان اور فیلڈ مارشل عاصم منیر ستائش کے حقدار ہیں۔ میں آپریشن بنیان المرصوص کی تاریخی فتح پر وزیر اعظم پاکستان اور پاک افواج کی قیادت کو مبارکباد پیش کرتی ہوں۔ فسادی اسرائیل کے ایران پر حملوں کی مخالفت کرتے ہیں، پاکستان امن کے اصولوں پر چلنے والی پرامن ریاست ہے۔ پاکستان قوم ایران کے ساتھ کھڑے ہونے پر قابل ستائش ہے، پاکستان نے ایران کے ساتھ کھڑے ہوکر تاریخی حسین باب رقم کیا، اس کیلئے پاکستان کی عوام مبارکباد کی مستحق ہے۔ سپیکر ملک محمد احمد خان کا شکریہ ادا کرتی ہوں جنہوں نے بجٹ سیشن کو اتنے احسن طریقے سے چلایا، اپوزیشن کا شکریہ ادا کرتی ہوں جنہوں نے ہمیں یہاں تک پہنچایا، وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمان اور سیکرٹری خزانہ مجاہد شیر دل کو مبارکباد پیش کرتی ہوں، دونوں شخصیات نے نواز شریف کے ایجنڈے کے مطابق بجٹ بنایا۔ سرکاری اخراجات میں صرف تین فیصد اضافہ ہوا ہے جس میں تنخواہوں میں اور پنشن میں اضافہ شامل ہے، پنجاب کا گندم کی وجہ سے تاریخی گردشی قرضہ ختم ہو چکا ہے۔ہم نے کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا بلکہ ٹیکس نیٹ کو بڑھایا ہے۔ مائنز اینڈ منرلز میں تیس ارب روپے کی پنجاب نے بچت کی ہے۔ آئی ایم ایف کی شرائط کے ساتھ بچت کی، آئی ایم ایف کا سرپلس ٹارگٹ پورا کیا، یہ آسان کام نہیں تھا۔ بہترین فیسکل مینجمنٹ کی وجہ سے ہم اس میں کامیاب ہوئے، پہلے سال کی طرح ہم نے صرف منصوبوں کا اعلان نہیں کیا بلکہ سب سے بڑا ترقیاتی فنڈ رکھا اور اس میں ایک ہزار تیرہ ارب عوام پر خرچ ہوچکا ہے، اس سے پہلے زیادہ سے زیادہ 585 ارب روپے‘ پنجاب میں 19 ہزار کلو میٹر سڑکیں بنی ہیں، اگلے چھ ماہ میں مزید 12 ہزار کلومیٹر بنیں گی، اس منصوبے میں 300 ارب روپے خرچ ہوئے۔اس میں بھی سیاسی تفریق نہیں کی گئی، اپوزیشن کے حلقوں میں بھی سڑکیں بنی ہیں، اگلے سال پانچ ہزار کلومیٹر کا وعدہ کر کے جا رہی ہوں لیکن کوشش کریں گے دس ہزار کلومیٹر سڑکیں بنائیں۔ نواز شریف آئی ٹی سٹی کی تعمیر تیزی سے جاری ہے۔ پنجاب کے بچوں کو مہنگی ٹکٹیں خرچ کر کے باہر جانے کی ضرورت نہیں۔مریم نواز نے کہاکہ پچھلے سال پنجاب کا پہلا انوائر منٹ پروٹیکشن پلان شروع کیا گیا، پنجاب میں پہلی دفعہ لاکھوں گاڑیاں ای پی اے سرٹیفکیٹ سے چلی ہیں، پنجاب میں کسی بھی قسم کے جرم میں ملوث شخص کیلئے کوئی معافی نہیں، سیف سٹی محض کیمرے کا اور مانیٹرنگ کا کام نہیں رہ گیا اے آئی ایلگورتھم بن گیا ہے۔ پرائس اینڈ کنٹرول کمانڈنگ الگ سے محکمہ بنا دیا ہے، جو میپنگ کرتا ہے اور ڈیمانڈ اور سپلائی کا خیال رکھتا ہے۔ اللہ نے پنجاب کے دھی رانی پروگرام میں برکت ڈالی، اب تک 3ہزار بے سہارا بچیوں کی شادی کرائی، اس پروگرام کو بڑھا رہے ہیں۔ خواتین کو تین ہزار کمپیوٹرز دئیے گئے ہیں، خواتین ڈیجیٹل مارکیٹنگ، ای کامرس پلیٹ فارم پر کاروبار کرسکتی ہیں۔ پنجاب کی ثقافتی سرگرمیوں کو فروغ دیاگیا ہے۔ جو کہتے تھے نواز شریف مائنس آج وہ خود مائنس ہوگئے، ان کو کسی نے مائنس نہیں کیا، ان کی ناقص کارکردگی نے مائنس کیا ہے۔میری بہن علیمہ خان نے خود فرما دیا بانی مائنس ہو چکے ہیں، آج ہم نہیں کہہ رہے بانی کی بہنیں مائنس کی بات کر رہی ہیں۔مریم نواز نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے نام پر کتنی حکومتیں بنائی اور گرائی گئیں، جنوبی پنجاب کے ساتھ جھوٹے وعدے کیے گئے، ہم نے اعلانات کے بجائے عملی اقدامات کیے، اپنے وعدے پورے کیے۔ پینے کے صاف پانی کا سب سے بڑا منصوبہ جنوبی پنجاب سے شروع کرنے جا رہے ہیں۔ میرا مقابلہ کسی اور سے نہیں اپنی ہی جماعت کے بڑوں سے ہے، جن کا نام نواز شریف اور شہباز شریف ہے، صوبے بھر میں عوام کی بلا تفریق خدمت کر رہے ہیں، صوبے بھر میں عوام کو اقلیتی کارڈ اور کسان کارڈ دیئے گئے۔ جنوبی پنجاب کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں، میرے لئے پنجاب کا ہر گاؤں، تحصیل ایک جیسی ہے، پنجاب کے عوام کو ان کا حق ان کی دہلیز تک پہنچایا جا رہا ہے۔ پنجاب کا 30 سال سے ڈومیسٹک ڈیٹ آج تقریباً ختم ہو چکا ہے، ہم نے کوئی نیا ٹیکس لگانے کے بجائے ٹیکس نیٹ کو وسیع کیا ہے، مریم نواز نے پنجاب بھر کے 19اضلاع میں اپنی زمین،اپنا گھر شروع کرنے کا اعلان کیا۔ پنجاب میں 2400مثالی گاؤں بنانے کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ نے دیہات میں فارم ٹو مارکیٹ پانچ ہزار کلو میٹر سڑکوں کی تعمیر و توسیع کا اعلان کیا۔ مریم نواز شریف نے 10ارب روپے سے واسا اور پی ایچ اے بنانے کا اعلان کیا۔ پنجاب میں پہلا سنٹر آف ایکسی لینس ڈائیگناسٹک سنٹر قائم کرنے کا اعلان اور 10سی ٹی سکین مشینیں لگائی جائیں گی۔ وزیراعلیٰ نے 1400مراکز صحت کی تعمیر و مرمت اگلے چھ ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ پنجاب کے متعدد شہروں میں کیتھ لیب بنانے، مفت ادویات کے لئے80ارب روپے دینے کا اعلان کیا۔ نواز شریف میڈیکل ڈسٹرکٹ کے ساتھ ایئر ایمبولینس کے لئے ایئر سٹریپ بھی بنائی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے پانچ سال میں پانچ لاکھ گھر بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ کسانوں کے لئے پاکستان کی پہلی کراپ انشورنس سکیم لانے کا اعلان کیا۔ پنجاب بھر میں 300سے زائد سکول آف ایمیننس اور 6ہزار آئی ٹی لیب بنانے کا اعلان کیا۔ 10لاکھ کسانوں کو 200ارب روپے کے بلاسود قرضے دیں گے۔ حکومت پنجاب 20ہزار ٹریکٹرز پر سبسڈی دے گی۔ مریم نواز نے راشن کارڈ کی تعداد 13لاکھ سے بڑھا کر 20 لاکھ کرنے کا اعلان کیا۔ مریم نواز نے پانچ سال میں 5لاکھ طلبہ کو لیپ ٹاپ دینے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔ مریم نواز نے کہا ایک روپے کا بھی مالی سکینڈل آیا تو استعفیٰ دے دوں گی۔ اپوزیشن کے بہن بھائیوں نے بھی بالآخر ہمارے پاس ہی آنا ہے۔ نواز شریف نے کہا کہ محمد نواز شریف اور شہباز شریف نے بھی اپنے دور میں لیپ ٹاپ سکیم کو شروع کیا تھا۔ سیاسی مخالفین نے میرٹ پر ملنے والے سیاسی رشوت کہہ کر اس پروگرام کو بند کر دیا تھا۔عوام دشمن قوتیں چاہتی ہیں کہ بچوں کے ہاتھ میں کیلوں والے ڈنڈے،پٹرول بم،غلیلیں اورتخریب کا سامان ہو۔ حکومت چاہتی ہے کہ بچوں کے ہاتھ میں لیپ ٹاپس،الیکٹرک بائیکس سے بچے سکول اور یونیورسٹیوں میں جائیں۔نئے اسلامی سال کے آغاز پر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ دعا ہے نیا اسلامی سال امت مسلمہ کے لئے امن اور سلامتی کا پیغام لائے۔ دعا ہے کہ نیا اسلامی سال امت مسلمہ کے لئے وحدت و اتحاد کا پیامبر ہو۔ محرم الحرام ہمیں نواسہ رسول ؐسیدنا امام حسینؓ کی عظیم شہادت کی یاد بھی دلاتا ہے۔ وزیراعلیٰ نے ڈیف بلائنڈ نس ڈے پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بیک وقت سماعت اور بصیرت سے محروم افرا د بہت ہی سپیشل افراد ہیں۔ ڈیف بلائنڈ نہ بوجھ ہیں نہ بیکاربلکہ حوصلے اور خودداری کی جیتی جاگتی تصویر ہیں۔ وزیراعلی نے دریا سوات میں ایک ہی خاندان کے 18 افراد کے ڈو بنے پر گہرے رنج اور دکھ کا اظہار کیا ہے۔ مریم نواز شریف نے مائیکرو سمال اینڈ میڈیم انٹرپرینیور شپ کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اس دن کا مقصد چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباور کو حکومت کی توجہ مرکوز کرنا ہے۔ پنجاب میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار میں بے پناہ مواقع موجود ہیں۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
وزیر اعلیٰ مریم نواز کا ڈی جی خان میں الیکٹرو بس پراجیکٹ کا افتتاح
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2025ء) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ڈیرہ غازیخان میں الیکٹرو بس پراجیکٹ کا افتتاح کرتے ہوئے ڈیرہ غازیخان میں بھی میٹرو بس سروس لانے کا اعلان کیا ۔ساوتھ پنجاب میں ہر ماہ سیکرٹریٹ لگانے کا اعلان کیا ہے۔وزیر اعلی نے ڈیرہ غازیخان ڈویژن کیلئے ایک سو ایک الیکٹرو بسیں لانے اورراجن پو ر، لیہ، مظفرگڑھ، تونسہ سمیت ہر ضلع میں الیکٹرک بسیں چلانے کا اعلان کیا ہے۔ مریم نواز نے سرائیکی زبان سے تقریر کا آغاز کیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ''تساں دے کول آ کے، بہوں خوشی تھئی اے، تہاکوں دیکھ کے ہاں ٹھر گیا اے ''۔جہاں تخت لاہو رہے وہاں تخت بہاولپور، رحیم یار خان، ملتان اور تخت ڈیرہ غا زیخان ہے۔جنوبی پنجاب والو ں نے عزت او رپیار سے چادر اوڑھائی، ہمیشہ یاد رکھوں گی۔(جاری ہے)
الیکٹرو بس کیلئے ڈی جی خان والوں کی خوشی دیکھ کر حوصلہ بڑھ رہا ہے۔
اربوں خرچ ہو جائیں، ڈیرہ غازیخان کو نقصان نہیں ہونے دیں گے۔وزیر اعلی، کابینہ او رپوری ٹیم جاگ رہی ہے، عوام کی خدمت میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔پنجاب کے عوام کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی اجازت نہیں دوں گی۔مریم نواز کے عوام کی طرف اٹھنے والی انگلی توڑ دے گی۔پنجاب میں دوسرے صوبوں سے اڑھائی کروڑ افراد روزگار کیلئے مقیم ہیں۔پنجاب کے ہسپتال دوسرے صوبوں کے عوام کیلئے کھلے ہیں۔سندھ میں آفت آئے تو پنجاب ساتھ کھڑا ہو گا۔زرداری میرے بزرگ اور بلاول چھوٹا بھائی ہے مگر پیپلز پارٹی کے ترجمانو ں کو بھی سمجھائیں۔ سیلاب کے معاملے میں سیاست کی جا رہی ہے۔میرے لیے ساوتھ، سینٹرل اور اپر پنجاب میں کوئی فرق نہیں، سب برابر ہیں اور سب کی وزیر اعلی ہوں۔ سنیٹرل پنجاب میرے لیے ماہ نور کی طرح، اپر پنجاب مہرالنسا کی طرح اور جنوبی پنجاب میرے لیے جنید بیٹے کی طرح ہے۔ساوتھ او رسینٹرل پنجاب کی بات اقتدار کی ہوس رکھنے والے لوگ کرتے ہیں۔ساوتھ پنجاب میں سارے پراجیکٹ پاکستان مسلم لیگ ن لے کر آئی۔نواز شریف موٹر وے اور ایکسپریس وے ساتھ پنجاب میں لائے۔ساوتھ پنجاب میں بلکہ ڈی جی خان میں پہلی الیکٹرک بس نوازشریف کی بیٹی لے کر آئی۔سی ایم دفتر میں تصویر فریم میں لگا کر رکھنے کیلئے نہیں ہوتا عوام کے ساتھ ہونا چاہئے۔جو ساوتھ پنجاب کی بات کرتے ہیں انہوں نے اپنے دور میں دھیلے کا کام نہیں کیا۔ساوتھ پنجاب کو ان لوگو ں کے دور میں کچھ نہیں ملا۔منصوبے بڑے شہروں میں آ کر بڑے شہروں میں ختم ہوجاتے تھے۔الیکٹرو بس لاہور، راولپنڈی یا فیصل آباد نہیں بلکہ میانوالی، وزیر آباد اور ڈی جی خان میں پہلے لانچ کی ہے۔غذائی قلت کے شکار بچوں کیلئے پہلا پراجیکٹ جنوبی پنجاب کے اضلاع میں شروع کیا۔میرے وزیرسینٹرل پنجاب نہیں بلکہ جنوبی پنجاب کے سیلاب زدہ علاقوں میں بیٹھے رہے۔ساوتھ پنجاب کی بار بار بات کر کے لکیر کھینچنے کی کوشش کی جاتی ہے، میرے ذہن میں ا یسا کوئی فرق نہیں۔پہلے ڈی جی خان کے لوگ خوابوں پر گزارا کرتے تھے اب تعبیر ملتی ہے۔مجھے فخر ہے بارڈر ملٹری پولیس میں پنجاب کی بیٹیاں یونیفارم پہن کر شریک ہیں۔انہوں نے کہا کہ الیکٹرو بس عوام کیلئے تحفہ ہے اورسپیشل افراد کو عزت سے بس میں سوار کرانے والا عملہ قابل تحسین ہے۔جو عوام کا خیال نہ رکھے، اسے حکمرانی کا کوئی حق نہیں۔وزیراعلی نے کہا کہ تین دریاوں میں اونچے درجے کا سیلاب آیا، تین ماہ مسلسل بارشیں ہوتی رہیں لیکن ہم نے تیاری کر رکھی تھی۔میرے وزیر او رپوری ٹیم سیلاب کے دوران راشن تقسیم کرتی رہی اور خیمے لگواتی رہی۔جب تک لوگوں کو کھانا اور ٹینٹ نہیں ملے،مریم اورنگزیب اور دیگر وزیر چین سے نہیں بیٹھے۔انہوںنے کہا کہ بیرونی امداد مانگنے کا مشورہ اپنے پاس رکھیں، پنجاب اپنے وسائل سے خود انتظام کرے گا۔نواز شریف کی بیٹی ہوں، امداد کیلئے ہاتھ نہیں پھیلاوں گی۔کب تک پاکستان دوسر وں کے سامنے ہاتھ پھیلاتا رہے گا۔این ایف سی ایوارڈ سے اربوں کھربوں ہر صوبے کو مل رہے ہیں، وہ عوام پر خرچ نہیں کرنے تو کہاں کرنے ہیں۔انہوں نے کہاکہ عوام کا پیسہ عوام پر خرچ نہیں کرنا تو کہاں خرچ کریں گے۔وزیراعظم شہباز شریف سے ایک روپیہ نہ مانگااور نہ لیا ہے۔اربوں روپے سیلاب زدگان کے انخلا، ریسکیو اور ریلیف پر خر چ کر دیئے ہیں۔سیلا ب ز دگان کو بی آئی ایس پی سے دس ہزار نہیں بلکہ دس لاکھ روپے تک دینا چاہتے ہیں۔جس کا گھر گرا، مویشی مر گئے، فصلو ں کا نقصان ہوا سب کے نقصان پورے کرنا چاہتی ہوں۔جس کا لاکھوں کا نقصان ہوا وہ بی آئی ایس پی سے دس پندرہ ہزار لے کر کیا کرے گا۔انہوں نے کہا کہ اپنی چھت اپنا گھرسمیت دیگر بڑے پراجیکٹ اپنے ہی وسائل سے چلا رہے ہیں۔پنجاب میں مزدور اور ورکرز کے دو ملین گھرانوں کو راشن مل رہا ہے۔ ساڑھے تین ارب ر وپے رودکوہیوں کے سدباب کیلئے خرچ کیے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دوسرے شہروں کو ملنے والی الیکٹرو بس اور دیگر پراجیکٹ سب کو ملیں گے، تفریق نہیں ہو گی۔الیکٹرو بس جیسے پراجیکٹ عوام کی امانت ہیں ان کی حفاظت عوام کے ساتھ ساتھ سب کی ذمہ داری ہے۔جیسے اپنے گھر اور سواری کو صاف رکھتے ہیں ایسے ہی الیکٹرو بس کو بھی صاف اور حفاظت سے رکھیں۔انہوں نے کہا کہ الیکٹروبس کا خیال رکھنا عوام کی ذمہ داری ہے،نقصان پہنچاتے ہوئے یا گندگی ڈالتے ہوئے دیکھیں تو روکیں۔الیکٹروبس جیسے پراجیکٹ کو نقصان پہنچانا، عوام کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے۔میانوالی میں پتھر مار کر الیکٹرو بس کا شیشہ توڑنے والے کو پکڑ لیا ہے، نشان عبرت بنائیں گے۔بس کا شیشہ توڑنے سے کسی مسافر کو بھی نقصان پہنچ سکتا تھا۔