وزیراعظم کا ’اپنا میٹر، اپنی ریڈنگ‘ اسمارٹ ایپ کا افتتاح، بجلی کے بلوں میں پی ٹی وی کی فیس ختم کرنے کا اعلان
اشاعت کی تاریخ: 29th, June 2025 GMT
وزیراعظم شہباز شریف نے پاور ڈویژن کی جانب سے تیار کردہ اسمارٹ موبائل ایپ ’اپنا میٹر، اپنی ریڈنگ‘ کا باقاعدہ افتتاح کردیا، تقریب سے خطاب میں انہوں نے بجلی کے بلوں میں سرکاری ٹی وی کی فیس ختم کرنے کا بھی اعلان کیا۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے ایپ کو بجلی کے شعبے میں ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال اور گورننس میں اصلاحات کی ایک اہم کڑی قرار دیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ یہ اقدام بجلی صارفین کو بااختیار بنانے، اوور بلنگ کی شکایات کے خاتمے اور بلنگ کے عمل میں شفافیت کے فروغ کے لیے نہایت اہم ہے۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت کا بجلی صارفین کے لیے میٹر ریڈنگ ایپ متعارف کرانے کا فیصلہ، میٹر ریڈرز کا کردار ختم؟
پاور ڈویژن کے مطابق، اس ایپ کے ذریعے صارفین کو مقررہ تاریخ پر اپنے بجلی میٹر کی تصویر اپ لوڈ کرنے کی سہولت دی جائے گی، جس کی بنیاد پر اُن کا ماہانہ بل جاری کیا جائے گا۔ اس نظام کا مقصد میٹر ریڈنگ کی غلطیوں، تاخیر اور اوور بلنگ جیسے دیرینہ مسائل کا مؤثر حل فراہم کرنا ہے۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ “اپنا میٹر، اپنی ریڈنگ” صرف ایک ٹیکنالوجی فیچر نہیں بلکہ گورننس میں ایک بڑی اصلاح ہے، جو صارفین کو بجلی کے نظام کا فعال حصہ بناتی ہے۔ صارفین اب نہ صرف اپنے بل پر براہِ راست نظر رکھ سکیں گے بلکہ ریڈنگ کے عمل کے نگہبان بھی ہوں گے۔
مزید پڑھیں: پاکستانی اپنے بجلی کے بل سے ٹیکس کا بوجھ کیسے کم کر سکتے ہیں؟
پاور ڈویژن نے بتایا کہ اگر صارف مقررہ دن پر اپنی ریڈنگ ایپ پر فراہم کر دے تو اسی ریڈنگ کو بل کے لیے استعمال کیا جائے گا، اور اس کے بعد لی گئی میٹر ریڈر کی ریڈنگ کو ترجیح نہیں دی جائے گی۔
یہ نظام خاص طور پر اُن صارفین کے لیے فائدہ مند قرار دیا گیا ہے جو حکومتی سبسڈی کے مستحق ہیں۔ اعلامیے کے مطابق، 200 یونٹس تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کا بل تقریباً 2,330 روپے ہوتا ہے، جب کہ صرف ایک یونٹ اضافی ہونے پر سبسڈی ختم ہو جاتی ہے اور بل 8,104 روپے تک جا پہنچتا ہے۔ ایپ کے ذریعے مستحقین بروقت ریڈنگ فراہم کر کے اپنی سبسڈی سے مستفید رہ سکیں گے۔
پاور ڈویژن نے اُمید ظاہر کی ہے کہ اس طرح کے اقدامات سے بجلی کے نظام میں نہ صرف شفافیت پیدا ہوگی بلکہ صارفین کا اعتماد بھی بحال ہوگا۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
اپنا میٹر اپنی ریڈنگ اسمارٹ موبائل ایپ اویس لغاری شہباز شریف وزیر اعظم.ذریعہ: WE News
کلیدی لفظ: اپنا میٹر اپنی ریڈنگ اسمارٹ موبائل ایپ اویس لغاری شہباز شریف پاور ڈویژن اپنی ریڈنگ اپنا میٹر بجلی کے کے لیے
پڑھیں:
کراچی: دہم جماعت سائنس گروپ کے نتائج کا اعلان، اپنا نتیجہ دیکھیے
ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے سالانہ امتحانات دہم جماعت سائنس گروپ برائے سال 2025 کے نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔
اس سال سائنس گروپ کے امتحانات میں 173738 امیدوار رجسٹرڈ ہوئے اور 172391امیدوار امتحانات میں شریک ہوئے جبکہ1347 امیدوار غیر حاضر رہے اور 27244امیدوار فیل قرار پائے۔
اس سال سائنس گروپ میں مونٹیسوری کمپلیکس ہائی اسکول 13-D1گلشن اقبال کی عینا فاروقی ولد سلمان احمدفاروقی رول نمبر 441597 کے ساتھ 94.73 فیصد نمبر حاصل کر کے پہلی پوزیشن حاصل کی۔
اسی طرح پائنیر گرامر سیکنڈری اسکول اسلام نگر اورنگی ٹاؤن کی وانیہ نور ولد محمد اللہ رول نمبر 490623 کے ساتھ 94.09 فیصد نمبر حاصل کر کے دوسری پوزیشن حاصل کی۔
تیسری پوزیشن دو طلبہ نے مشترکہ طور پر حاصل کی۔
سول ایوی ایشن ماڈل اسکول ایئر پورٹ کے سید اذکار حسین رضوی ولد سید ریاض امام رضوی نے رول نمبر 319856 کے ساتھ 94فیصداور دی اسمارٹ اسکول رفاع عام کیمپس ملیر ہالٹ کی عمائمہ ظفر ولد محمد عرفان رول نمبر 457726 کے ساتھ 94 فیصد نمبر حاصل کئے۔
تفصیلات کے مطابق سائنس گروپ کے امتحانات میں 90740طلباء اور 82998 طالبات شامل ہوئے جبکہ کامیابی کا تناسب 83.93 فیصد رہا۔ کامیاب امیدواروں میں 30154 اے ون گریڈ، 50346 اے گریڈ،39691 بی گریڈ، 20614 سی گریڈ، 3841 ڈی گریڈاور35 نے ای گریڈ حاصل کیا۔