نادیہ حسین کے شوہر کیخلاف بینک فراڈ کیس کی سماعت ملتوی
اشاعت کی تاریخ: 30th, June 2025 GMT
سندھ ہائیکورٹ نے نجی کمپنی سے 53 کروڑ سے زائد کا بینک فراڈ کے کیس میں اداکارہ نادیہ حسین کے شوہر ملزم عاطف خان اور دیگر ملزمان کی درخواست ضمانت کی سماعت ملتوی کردی۔
رپورٹ کے مطابق ہائیکورٹ میں نجی کمپنی سے 53 کروڑ سے زائد کا بینک فراڈ کیس میں اداکارہ نادیہ حسین کے شوہر ملزم عاطف خان اور دیگر ملزمان کی درخواست ضمانت کی سماعت ہوئی۔
جونیئر وکیل نے موقف دیا کہ مرکزی ملزم عاطف کے سینئر وکیل مصروف ہیں، سماعت ملتوی کی جائے۔ عدالت نے ملزم عاطف خان اور دیگر کی درخواست ضمانت کی سماعت 21 جولائی تک ملتوی کردی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل ٹرائل کورٹ نے عاطف خان، امتیاز اور فیصل کی درخواست ضمانت مسترد کردی تھی جبکہ عدالت نے ماڈل و اداکارہ نادیہ حسین کی ضمانت میں توثیق کردی تھی۔
عاطف خان جیل میں ہیں جبکہ ملزم امتیاز اور فیصل احاطہ عدالت سے فرار ہوگئے تھے۔ امتیاز اور فیصل نے گرفتاری سے بچنے کے لیے سندھ ہائیکورٹ سے ضمانت حاصل کرلی تھی۔
جسٹس محمود اے خان نے ریمارکس میں کہا ہم تینوں ملزمان کی درخواست ضمانت کو ایک ساتھ سنیں گے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: کی درخواست ضمانت نادیہ حسین
پڑھیں:
خیبرپختونخوا؛ کوہستان مالیاتی اسکینڈل، عدالت کا 21 کروڑ 13 لاکھ سے زائد ضبط کرنے کا حکم
پشاور کی احتساب عدالت نے اپر کوہستان مالیاتی اسکینڈل سے 21 کروڑ 13 لاکھ 76 ہزار 685 روپے بحق سرکار ضبط کرنے کا حکم جاری کردیا۔
پشاور کی احتساب عدالت کے جج محمد ظفر نے اپرکوہستان مالیاتی اسکینڈل میں کروڑوں روپے کی ضبطگی سے متعلق درخواست پر تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔
احتساب عدالت نے ملزم دوراج خان کی جانب سے دائر پلی بارگین درخواست کے تناظر میں 21 کروڑ 13 لاکھ 76 ہزار 685 روپے بحق سرکار ضبط کرنے کے احکامات جاری کردیے ہیں۔
فیصلے کے مطابق نیب خیبرپختونخوا اپرکوہستان میں جعلی بلوں اور بوگس دعوؤں کے ذریعے سرکاری فنڈز میں کرپشن کی تحقیقات کر رہا ہے، ملزم کے قریبی رشتہ داروں کے نام پر کھولے گئے بینک اکاؤنٹس میں موجود 21 کروڑ 13 لاکھ 76 ہزار 685 روپے ضبط کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
عدالت نے فیصلے میں کہا ہے کہ ملزم دوراج خان اس مقدمے میں گرفتار ہے اور جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہے اور دوران تفتیش انکشاف ہوا کہ ملزم نے مبینہ کرپشن کی رقم چھپانے کےلیے بیشام کے نجی بینک میں قریبی رشتہ داروں کے نام پر اکاؤنٹس کھلوائے۔
فیصلے میں کہا گیا کہ ملزم کے رشتہ داروں محمد اقبال، محمد ایاز، محمد عمر، کریم داد اور سربلند نے عدالت میں رضاکارانہ بیانات قلم بند کرائے اورمؤقف اختیار کیا کہ انہیں اپنے نام پر موجود اکاؤنٹس میں جرائم سے حاصل شدہ رقم کا علم نہیں تھا۔
احتساب عدالت نے کہا ہے کہ ملزم کے رشتہ داروں نے تمام رقوم بحق سرکار ضبط کرنے پر رضامندی ظاہر کی اور رقم پر کسی قسم کا دعویٰ نہ کرنے کا بیان دیا۔
فیصلے میں مزید بتایا گیا کہ عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے ضبط شدہ رقم چیئرمین نیب کے نیشنل بینک آف پاکستان، پی ایم سیکریٹریٹ برانچ اسلام آباد کے اکاؤنٹ میں منتقل کرنے کا حکم دیا ہے۔
عدالتی فیصلے کے مطابق ضبط شدہ رقم ملزم کی پلی بارگین کے تحت واجب الادا رقم میں ایڈجسٹ کی جائے گی۔