مخصوص نشستوں کا کیس: رجسٹرار آفس کا سنی اتحاد کونسل کی درخواست وصول کرنے سے انکار
اشاعت کی تاریخ: 30th, June 2025 GMT
اسلام آباد:
سنی اتحاد کونسل نے مخصوص نشستوں کے نظرثانی فیصلے میں 12 ججز کے دستخط کے ساتھ آرڈر آف دی کورٹ جاری کرنے کی استدعا کردی، سپریم کورٹ رجسٹرار آفس نے درخواست وصول کرنے سے انکار کردیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق سنی اتحاد کونسل کی جانب سے سینئر وکیل حامد خان نے درخواست دائر کی جس میں موقف اپنایا گیا کہ سپریم کورٹ کے 6 مئی کے حکم نامے میں کہا گیا تھا کہ حتمی فیصلے پر اختلاف کرنے والے ججز کی رائے شامل کی جائے گی، جسٹس عائشہ ملک اور جسٹس عقیل عباسی کے دستخط 27 جون کے مختصر فیصلے میں موجود نہیں۔
سنی اتحاد کونسل نے کہا کہ یہ معاملہ بنیادی حقوق اور مفاد عامہ کا ہے، بارہ ججز کے دستخط کے ساتھ جاری فیصلہ زیادہ مؤثر تصور ہوگا، جسٹس عائشہ ملک اور جسٹس عقیل عباسی کے دستخط کے ساتھ آڈر آف دی کورٹ سپریم کورٹ کی ویب سائٹ پر جاری کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ آفس نے سنی اتحاد کونسل کی درخواست وصول کرنے سے انکار کردیا۔ سپریم کورٹ آفس نے کہا ہے کہ درخواست گزار مصدقہ نقل کے لیے اپلائی کرے، جب عدالتی حکم نامہ آفس کو موصول ہوگا تو فراہم کردیا جائے گا۔
دوسری جانب اسی معاملے پر پی ٹی آئی رہنما کنول شوزب نے سلمان اکرم راجہ کے ذریعے رجسٹرار سپریم کورٹ کو خط لکھا جس کے متن کے مطابق 27 جون کو سپریم کورٹ نے مخصوص نشستیں نظر ثانی کیس کا مختصر فیصلہ دیا۔
مختصر فیصلے کے آرڈر آف دی کورٹ میں صرف 10 ججز کے دستخط شامل ہیں، جسٹس صلاح الدین پہنور کے بنچ سے علیحدہ ہونے کے بعد 12 ججز کے دستخط ہونا لازم ہیں، جسٹس جمال مندوخیل نے الگ رائے دی جبکہ جسٹس مظہر اور جسٹس حسن اظہر کی رائے بھی الگ ہے،تمام جج صاحبان کے الگ الگ فیصلوں کی مصدقہ نقول فراہم کی جائیں۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: سنی اتحاد کونسل ججز کے دستخط سپریم کورٹ
پڑھیں:
جسٹس جمال مندوخیل اور جسٹس عامر فاروق سپریم جوڈیشل کونسل کے رکن نامزد
---فائل فوٹوز27ویں آئینی ترمیم کے پیشِ نظر جوڈیشل کمیشن اور سپریم جوڈیشل کونسل کی تشکیلِ نو کی گئی ہے۔
جسٹس جمال مندوخیل متفقہ طور پر سپریم جوڈیشل کونسل کے رکن نامزد کر لیے گئے ہیں۔
جسٹس جمال مندوخیل کو چیف جسٹس پاکستان اور چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت نے متفقہ طور پر نامزد کیا ہے۔
جسٹس عامر فاروق کو بھی چیف جسٹس پاکستان اور وفاقی آئینی عدالت کے چیف جسٹس نے متفقہ طور پر نامزد کیا۔
اعلامیے کے مطابق جسٹس عامر فاروق کو جوڈیشل کمیشن کا متفقہ رکن نامزد کیا گیا ہے۔
چیف جسٹس پاکستان نے پریکٹس اینڈ پروسیجر قانون کے تحت جسٹس جمال مندوخیل کو ججز کمیٹی کا رکن نامزد کیا ہے۔