اسٹاک مارکیٹ کا بلند ترین سطح پر پہنچنا حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کا مظہر ہے، وزیراعظم
اشاعت کی تاریخ: 1st, July 2025 GMT
کولاج فوٹو: فائل
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اسٹاک مارکیٹ کا بلند ترین سطح پر پہنچنا حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کا مظہر ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) بینچ مارک 100 انڈیکس 1 لاکھ 27 ہزار کی سطح عبور کرنے پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
آج اب تک کے کاروبار کے دوران 100 انڈیکس ایک لاکھ 28 ہزار 149 کی بلندی پر بھی پہنچا۔
انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ نیا مالی سال اچھی خبر اور معاشی میدان میں اہم پیشرفت سے شروع ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ کاروباری برادری کا اعتماد ہر گزرتے دن کے ساتھ مضبوط و مستحکم ہو رہا ہے، نیا مالی سال ملکی معیشت کی بہتری کی جانب سفر میں ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔
شہباز شریف نے کہا کہ سرمایہ کاروں کے شکر گزار ہیں جو ترقی و خوشحالی میں حکومت کا ساتھ دے رہے ہیں، حکومت بہترین کاروباری ماحول اور مزید سہولیات کے حوالے سے کوشاں ہے۔
وزیراعظم نے حکومت کی معاشی ٹیم کو اس کامیابی پر خراج تحسین بھی پیش کیا ہے۔
.ذریعہ: Jang News
پڑھیں:
وزیراعظم شہباز شریف سے سینیٹر عرفان صدیقی کی ملاقات، علمی و ادبی اداروں کو مضبوط بنانے کا عزم
اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے سینیٹ میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی پارٹی لیڈر، سینیٹر عرفان صدیقی نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک بھر میں علمی، ادبی، تاریخی اور ثقافتی اہمیت کے حامل اداروں کے مستقبل سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سینیٹر عرفان صدیقی نے وزیراعظم کو آگاہ کیا کہ علمی و ادبی اداروں کی ممکنہ بندش یا ضم کرنے کی رائیٹ سائزنگ کمیٹی کی سفارشات پر اہلِ علم و دانش، ادیبوں، شاعروں اور فنونِ لطیفہ سے وابستہ حلقوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔ انہوں نے وزیراعظم نواز شریف کے گزشتہ دور حکومت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت ان اداروں کو غیر معمولی توجہ دی گئی تھی اور ان کی کارکردگی کو سراہا گیا تھا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سینیٹر عرفان صدیقی کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ حکومت ان اداروں کی بندش یا ضم کرنے کی کسی تجویز پر عملدرآمد کا کوئی ارادہ نہیں رکھتی۔ وزیراعظم نے کہا:
“علم و ادب کے سرچشمے معاشرے کی روح ہوتے ہیں۔ ہم ایک عظیم تہذیبی و ثقافتی سرمایہ رکھتے ہیں، جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔”
انہوں نے کہا کہ ایسے اداروں کو بند کرنے کے بجائے انہیں مزید مضبوط، مؤثر اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کے لیے حکومت عملی اقدامات کرے گی، تاکہ معاشرہ انتہاپسندی جیسے مسائل سے پاک ہو اور پاکستان کا سافٹ امیج دنیا میں اُجاگر ہو۔
وزیراعظم نے اعلان کیا کہ ان اداروں کی تنظیم نو اور بہتری کے لیے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔
سینیٹر عرفان صدیقی نے وزیراعظم کے اس واضح مؤقف پر ان کا شکریہ ادا کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ حکومت کے ان اقدامات سے علمی و ادبی دنیا میں پائی جانے والی بے چینی کا خاتمہ ہوگا۔
Post Views: 4