لاہور؛ سوشل میڈیا ایپ پر خریدار بن کر موبائل فونز، موٹر سائیکل ہتھیانے والا ملزم گرفتار
اشاعت کی تاریخ: 1st, July 2025 GMT
لاہور:
سوشل میڈیا ایپ پر خریدار بن کر قیمتی موبائل فونز اور موٹر سائیکل ہتھیانے والے بین الصوبائی گروہ کا سرغنہ گرفتار کر لیا گیا۔
گجرپورہ پولیس کے مطابق ملزمان موٹر سائیکل اور قیمتی موبائل فونز کی خرید و فروخت کے لیے سوشل میڈیا ایپ پر بطور خریدار مالک سے رابطہ کرتے تھے اور چیک کرنے کے بہانے موٹر سائیکل اور قیمتی موبائل فونز سمیت رفو چکر ہو جاتے تھے۔
ایس ایچ او محمد زکاء اور پولیس ٹیم نے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے ملزم کو گرفتار کیا۔ گروہ کے سرغنہ علی شہباز کو سی سی ٹی وی کیمروں اور سیف سٹی کیمروں کی مدد سے گرفتار کیا گیا۔
گروہ کا سرغنہ اور ریکارڈ یافتہ ملزم علی شہباز جعلی نمبر پلیٹ والی گاڑی سمیت گرفتار کیا گیا۔
ملزم علی شہباز نے لاہور، فیصل آباد اور اسلام آباد میں خریدار بن کر وارداتیں کرنے کا انکشاف کیا۔ ملزم پیٹرول پمپ پر گاڑی میں پیٹرول ڈلواتا اور رقم بذریعہ فیک جاز کیش میسج دکھا کر ادا کرتا۔ پیٹرول پمپ اسٹاف کے مزید دریافت پر گاڑی سمیت بھاگ جاتا۔
ایس پی سول لائن کے مطابق ملزمان گاڑی پر جعلی نمبر پلیٹ کا استعمال کرکے وارداتیں کرتے تھے۔
ایس ایچ او گجرپورہ محمد ذکاء نے بتایا کہ ملزم کے قبضہ سے پستول و گولیاں، جعلی نمبر پلیٹ والی لگژری گاڑی اور 4 قیمتی موبائل فونز برآمد کر لیے۔
ایس پی سول لائن چودھری اثر علی کا کہنا تھا کہ ملزم علی شہباز کے دوسرے ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ انہوں نے گجر پورہ پولیس ٹیم کو شاباش دی اور تعریفی اسناد کا اعلان کیا۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: قیمتی موبائل فونز موٹر سائیکل علی شہباز
پڑھیں:
روینہ ٹنڈن کی والدہ کے گھر بڑی چوری، لاکھوں روپے مالیت کے زیورات غائب
بالی وڈ اداکارہ روینہ ٹنڈن کی والدہ کے گھر ممبئی میں چوری کی بڑی واردات سامنے آئی ہے جس میں تقریباً 25 لاکھ روپے مالیت کے زیورات اور قیمتی گھڑیاں چوری کرلی گئیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ ممبئی کے علاقے جوہو میں پیش آیا، جہاں روینہ ٹنڈن کی والدہ کے گھر سے قیمتی سامان اس وقت غائب پایا گیا جب اہل خانہ نے لاکر چیک کیا۔ لاکر کھولنے پر زیورات اور گھڑیاں موجود نہ ہونے کا انکشاف ہوا، جس کے بعد فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی گئی۔
پولیس نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ تقریباً 25 لاکھ روپے مالیت کے زیورات اور گھڑیاں چوری ہوئی ہیں۔ معاملے کی سنگینی کے پیش نظر تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق اس کیس میں ایک خاتون کو گرفتار کیا گیا ہے جس کا تعلق روینہ ٹنڈن کے خاندان سے ہی بتایا جا رہا ہے۔ ملزمہ کی شناخت 47 سالہ راشی چھابریا کے نام سے ہوئی ہے۔
تحقیقات میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ مذکورہ خاتون 2020 سے اداکارہ کے گھر آ جا رہی تھی اور اس دوران اس نے گھر والوں کا اعتماد حاصل کر لیا تھا۔ وہ روینہ ٹنڈن کی والدہ کی مدد اور دیکھ بھال بھی کرتی رہی۔
پولیس نے مزید بتایا کہ گرفتار ملزمہ کے قبضے سے کچھ قیمتی گھڑیاں برآمد کر لی گئی ہیں، تاہم باقی زیورات کی بازیابی کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ مکمل ریکوری ممکن بنائی جا سکے۔