جسٹس سرفراز ڈوگر اسلام آباد ہائیکورٹ کے مستقل چیف جسٹس نامزد
اشاعت کی تاریخ: 2nd, July 2025 GMT
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) جوڈیشل کمشن نے اسلام آباد، پشاور، سندھ اور بلوچستان ہائیکورٹ کے مستقل چیف جسٹس کے لیے ناموں کی منظوری دے دی ہے۔اسلام آباد سپریم کورٹ بلڈنگ میں چیف جسٹس یحیٰی آفریدی کی زیر صدارت جوڈیشل کمشن کا اہم اجلاس ہوا جس میں اسلام آباد، بلوچستان، پشاور اور سندھ ہائیکورٹس کے نئے چیف جسٹسز کی تعیناتی پر غور کیا گیا۔ جوڈیشل کمشن کے اجلاس میں بڑے فیصلے کیے گئے، جس کا اعلامیہ بھی جاری کیا گیا ہے، جوڈیشل کمشن نے 4 ہائیکورٹس کے لیے مستقل چیف جسٹسز اکثریتی رائے سے نامزد کرنے کی منظوری دے دی۔ جوڈیشل کمشن اعلامیے کے مطابق پہلے اجلاس میں چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ کی تعیناتی کا معاملہ زیر غور آیا، جس میں جسٹس ایس ایم عتیق شاہ کو کثرت رائے سے چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ نامزد کر دیا گیا۔ دوسرا اجلاس چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ کی تعیناتی کے لیے ہوا، کمشن نے جسٹس روزی خان کو چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ بنانے کے لیے نامزد کر دیا۔ جوڈیشل کمشن کا تیسرا اجلاس چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کی تعیناتی کے لیے ہوا، جسٹس محمد جنید غفار کو چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نامزد کر دیا گیا ہے۔ چوتھا اجلاس چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کی تعیناتی کے لیے ہوا، جوڈیشل کمشن نے جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر کو چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نامزد کر دیا ہے۔ واضح رہے کہ جسٹس سردار سرفراز ڈوگر کا سنیارٹی لسٹ میں پہلا نمبر ہے جبکہ جسٹس سرفراز ڈوگر کی مستقل چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ تعیناتی اکثریت سے کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق ان کے حق میں 9 ووٹ پڑے۔ جوڈیشل کمشن کے 4 ممبران نے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کے حق میں ووٹ دیا، جسٹس جمال مندوخیل نے کسی جج کے حق میں ووٹ نہیں دیا۔ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کے حق میں ووٹ دیا۔ پی ٹی آئی کے دو ممبران جوڈیشل کمشن علی ظفر اور بیرسٹر گوہر نے بھی جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کے حق میں ووٹ دیا۔ ممبر اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن ذوالفقار عباسی نے بھی جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کے حق میں ووٹ دیا۔ جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس منیب اختر نے جسٹس محسن اختر کیانی کے حق میں ووٹ دیا۔ جسٹس امین الدین خان، اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان نے جسٹس سردار سرفراز ڈوگر کے حق میں ووٹ دیا۔ وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، پاکستان بار کونسل کے نمائندے احسن بھون نے بھی جسٹس سردار سرفراز ڈوگر کے حق میں ووٹ دیا۔ سینیٹر فاروق ایچ نائیک اور ممبر قومی اسمبلی شیخ آفتاب نے بھی جسٹس سردار سرفراز ڈوگر کے حق میں ووٹ دیا۔ اقلیتی خاتون ممبر جوڈیشل کمشن روشن بروشہ نے بھی جسٹس سردار سرفراز ڈوگر کے حق میں ووٹ دیا۔ ممبر قومی اسمبلی رانا تنویر نے بھی جسٹس سردار سرفراز ڈوگر کے حق میں ووٹ دیا۔ جسٹس ریٹائرڈ شوکت عزیز صدیقی نے بھی جسٹس سردار سرفراز ڈوگر کے حق میں ووٹ دیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران سپریم کورٹ کے جج جسٹس منصور علی شاہ نے کارروائی پر اعتراض اٹھایا۔ ان کا مؤقف تھا کہ 26ویں آئینی ترمیم سے متعلق فیصلہ پہلے کیا جانا چاہیے۔ جسٹس منیب اختر نے جسٹس منصور علی شاہ کی رائے سے اتفاق کیا۔ تحریک انصاف کے دو ارکان اور خیبر پی کے کے وزیر قانون نے بھی اس رائے کی تائید کی۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: ہائیکورٹ کی تعیناتی اسلام ا باد ہائی مستقل چیف جسٹس نامزد کر دیا جوڈیشل کمشن ہائی کورٹ کے لیے
پڑھیں:
خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، پنجاب اور کشمیر میں تیز بارشوں کی پیشگوئی، لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ
محکمہ موسمیات کے مطابق موسلادھار بارشوں کے باعث اسلام آباد/راولپنڈی، پشاور، نوشہرہ، گجرات، گوجرانوالہ، لاہور، سیالکوٹ، ساہیوال، خانیوال، ملتان اور فیصل آباد میں نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔ اسلام ٹائمز۔ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران موسلادھار بارشوں کے سبب خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔ محکمہ موسمیات نے اس حوالے سے انتباہ جاری کردیا جس میں کہا ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کشمیر، مری، گلیات، شمال مشرقی پنجاب، اسلام آباد، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، ڈیرہ غازی خان کے پہاڑی ندی نالوں اور شمال مشرقی بلوچستان کے مقامی/ بر ساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق موسلادھار بارشوں کے باعث اسلام آباد/راولپنڈی، پشاور، نوشہرہ، گجرات، گوجرانوالہ، لاہور، سیالکوٹ، ساہیوال، خانیوال، ملتان اور فیصل آباد میں نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔ موسلادھار بارش، تیز آندھی اور آسمانی بجلی گرنے کے باعث کمزور تعمیرات (سولر پینلز، بجلی کے کھمبے، بل بورڈز وغیرہ) کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔