کراچی میں داماد کو زندہ جلانے کے الزام میں سسر اور بھائی گرفتار
اشاعت کی تاریخ: 3rd, July 2025 GMT
کراچی:
شہر قائد کے علاقے اتحاد ٹاؤن میں انویسٹی گیشن پولیس نے داماد کو زندہ جلانے کے الزام میں سسر اور اس کے بھائی کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان ایس ایس پی انویسٹی گیشن اظہر جاوید کے مطابق سعید آباد کے علاقے سیکٹر نائن بی میں آرتھر مسیح نامی شخص کو آگ لگا کر شدید زخمی کرنے کا واقعہ پیش آیا جسے انتہائی تشویشناک حالت میں سول اسپتال برنس وارڈ منتقل کیا گیا جہاں وہ دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
اتحاد ٹاؤن پولیس نے واقعے کا مقدمہ نمبر 276 سال 2025 بجرم دفعہ 302 چونتیس کے تحت مقتول کی بہن کی مدعیت میں درج کیا تھا جس میں مدعیہ نے پولیس کو بیان دیا تھا کہ آرتھر مسیح نے دم توڑنے سے قبل انکشاف کیا تھا کہ اسے سسرالیوں نے پیٹرول چھڑک کر آگ لگائی تھی۔
ترجمان کے مطابق واقعے کی سنگینی کے پیش نظر خصوصی تفتیشی ٹیم تشکیل دی گئی جس نے سخت جدوجہد کے بعد واقعے کا معمہ حل کرتے ہوئے مقتول کے سسر چاند سجاد مسیح اور اس کے بھائی چچا سسر امانت انجم مسیح کو گرفتار کرلیا جبکہ مقدمے میں نامزد دیگر کی تلاش میں انویسٹی گیشن پولیس چھاپے مار رہی ہے جنھیں جلد گرفتار کرلیا جائیگا۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کراچی، مومن آباد میں پولیس اور ڈاکوؤں کا مقابلہ، ایک زخمی سمیت دو ملزمان گرفتار
کراچی:شہر قائد میں مومن آباد کے علاقے الفتح قبرستان کے قریب پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مبینہ مقابلے میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک زخمی ملزم سمیت دو ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت زخمی دانش عرف داڑھا اور اس کے ساتھی سراج احمد کے ناموں سے ہوئی ہے۔
کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فونز، نقد رقم اور ایک موٹر سائیکل بھی برآمد کی گئی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف ضابطے کی کارروائی جاری ہے اور مزید تفتیش کے لیے انہیں متعلقہ تھانے منتقل کردیا گیا ہے۔