پنجاب بھر میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری، لاہور میں حبس برقرار رہنے کا امکان
اشاعت کی تاریخ: 3rd, July 2025 GMT
لاہور:
پنجاب بھر میں مون سون کی بارشوں کا نیا سسٹم داخل ہو چکا ہے، جس کے باعث صوبے کے مختلف اضلاع میں آئندہ دو سے تین روز کے دوران کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا امکان ہے۔
تاہم لاہور میں بارش کے امکانات نسبتاً کم ہیں، جبکہ حبس اور ہلکی ہوائیں چلنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کا یہ سسٹم پانچ جولائی تک پنجاب کے مختلف علاقوں پر اثر انداز ہوتا رہے گا۔ بارش کے اس سلسلے کے ساتھ تیز ہواؤں اور موسم میں غیر متوقع تغیر کی بھی پیش گوئی کی گئی ہے۔
لاہور کے حوالے سے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 29 اور زیادہ سے زیادہ 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے، جبکہ حبس میں اضافے کے ساتھ ساتھ ہلکی ہواؤں کا سلسلہ بھی جاری رہے گا۔
ادھر مون سون بارشوں سے لاہور میں جاری ترقیاتی منصوبے شدید متاثر ہو رہے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر ترقیاتی کاموں کو جلد مکمل نہ کیا گیا تو مون سون کے دوران شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
ایم ڈی واسا کے مطابق بارشوں کے دوران پانی کی نکاسی کے لیے آپریشنل اسٹاف کو فیلڈ میں متحرک رکھا گیا ہے تاکہ شہری علاقوں میں پانی جمع نہ ہونے دیا جائے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
این ڈی ایم اے نے مختلف علاقوں میں بارشوں کا الرٹ جاری کردیا
فائل فوٹو۔نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا۔
اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقو ں میں 5 سے 7 اکتوبر تک وقفے وقفے سے بارشوں کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق دریائے چناب میں پانی کی سطح میں اضافے کا امکان ہے۔ دریائے ستلج اور راوی میں پانی کے بہاؤ کا انحصار بھارتی آبی ذخائر سے پانی کے اخراج پر ہے۔
بارشوں سے دریائے سوات، پنجکوڑا اور دریائے کابل کے بہاؤ میں بھی اضافے کا امکان ہے جبکہ گلگت بلتستان اور پہاڑی علاقوں میں ممکنہ بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔