شبمن گل کی چھوٹی سی غلطی نے بھارتی بورڈ کو مشکل میں ڈال دیا، 250 کروڑ نقصان کا خدشہ
اشاعت کی تاریخ: 7th, July 2025 GMT
ایجبسٹن ٹیسٹ میں شاندار کارکردگی دکھانے والے بھارتی کپتان شبمن گل ایک بڑی مشکل میں پھنس سکتے ہیں اور انکی یہ غلطی بھارتی بورڈ کو 250 کروڑ روپے کے نقصان سے دوچار کر سکتی ہے۔
شبمن گل نے دوسرے ٹیسٹ میچ کی دونوں اننگز میں مجموعی طور پر 430 رنز بنائے جس میں پہلی اننگز میں 269 اور دوسری میں 161 رنز شامل ہیں۔ ان کی شاندار بیٹنگ کی بدولت بھارت نے فتح حاصل کی۔
تاہم بھارت کی دوسری اننگز کے دوران جب ٹیم نے 427/6 پر اننگز ڈیکلیئر کی، تو شبمن گل پویلین سے میدان میں نائکی کی ٹائٹس پہن کر آئے، جو بی سی سی آئی کے اسپانسر معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔
واضح رہے کہ بی سی سی آئی کا موجودہ کِٹ اسپانسر ایڈیڈاس ہے اور تمام کھلاڑیوں پر لازم ہے کہ وہ صرف ایڈیڈاس کا لباس یا سامان استعمال کریں۔ گل کے نائکی کی پراڈکٹ پہن کر میدان میں آنے سے ایڈیڈاس کے ساتھ کیے گئے 250 کروڑ روپے کے معاہدے پر اثر پڑ سکتا ہے۔
یہ معاہدہ 2023 سے مارچ 2028 تک کے لیے ہے اور گل کا یہ عمل معاہدے کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے۔
کیا ایڈیڈاس معاہدہ منسوخ کر سکتا ہے؟
قانونی طور پر ایڈیڈاس معاہدہ ختم کرنے اور ہرجانہ طلب کرنے کا اختیار رکھتا ہے کیونکہ اسپانسر شپ کی شرائط کی خلاف ورزی ہوئی ہے۔
تاہم، چونکہ بی سی سی آئی دنیا کا امیر ترین کرکٹ بورڈ ہے اس لیے ایڈیڈاس کے لیے بھی یہ شراکت داری فائدے مند ہے۔ اس لیے امکان یہی ہے کہ ایڈیڈاس بورڈ اور کھلاڑی کو محض وارننگ دے کر معاملہ رفع دفع کر دے گا۔
بی سی سی آئی کی جانب سے شبمن گل کو ممکنہ طور پر نوٹس بھیجا جائے گا تاکہ وہ اپنی وضاحت پیش کر سکیں۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: شبمن گل
پڑھیں:
سلمان خان بیان، بھارتی طلباء کے احتجاج پر دبنگ خان کی کھل کر حمایت
ممبئی: سلمان خان بیان ایک بار پھر سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بن گیا ہے۔ بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان نے بھارت میں طلباء کے احتجاج پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بہتر تعلیمی نظام کے لیے نوجوانوں کی آواز سنی جانی چاہیے اور اس معاملے کو سیاسی رنگ دینے سے گریز کیا جائے۔
سلمان خان نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ ابتدا میں یہ ایک پرامن تحریک تھی، تاہم بعد میں اس کا پرتشدد رخ اختیار کرنا افسوسناک ہے۔ انہوں نے احتجاج کے دوران متاثر ہونے والے طلباء اور ان کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار بھی کیا۔
اداکار نے کہا کہ پیپر لیک جیسے معاملات انتہائی سنجیدہ نوعیت کے ہیں اور انہیں فوری توجہ کی ضرورت ہے۔ ان کے مطابق یہ خوش آئند بات ہے کہ طلباء بہتر تعلیمی نظام کے مطالبے کے لیے متحد ہوئے، جبکہ والدین نے بھی ان کی جدوجہد میں بھرپور ساتھ دیا۔
سلمان خان بیان میں مزید کہا گیا کہ طلباء نے اپنے عزم، محنت اور خلوص سے ثابت کیا ہے کہ وہ تعلیم حاصل کر کے ملک کے روشن مستقبل میں کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں کے جذبے، ہمت اور تعلیم سے وابستگی کو قابلِ تعریف قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہی نسل مستقبل میں ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گی۔
بالی ووڈ اسٹار نے زور دیا کہ طلباء کے مطالبات کو سیاسی تنازع نہ بنایا جائے کیونکہ یہ معاملہ براہِ راست تعلیمی نظام اور طلباء کے مستقبل سے جڑا ہوا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت بھی اس معاملے کا مثبت حل نکالے گی اور تعلیمی نظام کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کرے گی۔
سلمان خان نے اپنے پیغام کے اختتام پر دعا کی کہ علم حاصل کرنے والے تمام طلباء اپنی منزل حاصل کریں اور ملک میں ایسا تعلیمی ماحول قائم ہو جہاں میرٹ، شفافیت اور انصاف کو اولین ترجیح دی جائے۔