یو اے ای میں پاکستانیوں کو ویزے نہیں مل رہے، کویت اور اومان میں بھی مسائل ہیں، وزیر داخلہ
اشاعت کی تاریخ: 7th, July 2025 GMT
وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں پاکستانیوں کو ویزے نہیں مل رہے، کویت اور اومان میں بھی ویزوں کے مسائل ہیں، جلد ہی ان کا حل نکالیں گے۔
کراچی چیمبر آف کامرس میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ محرم کے ابتدائی 10 روز پاکستان بھر میں بخیر و عافیت گزرگئے، تمام صوبوں کا اس میں اہم کردار ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ رواں سال محرم میں ہم نے صوبوں کے ساتھ رابطہ رکھا اور کم سے کم جگہوں پر موبائل سروس بند رکھی، شہریوں کو موبائل سروس کی محدود بندش کی وجہ سے کافی ریلیف ملا۔
محسن نقوی نے کہا کہ متحدہ عرب امارات میں پاکستانیوں کو ویزے نہیں مل رہے، جلد ہی اس کا حل نکالیں گے، کویت اور اومان میں ہمارے ویزوں کے مسائل حل ہوجائیں گے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ پاسپورٹ کی رینکنگ پر بھی کام جاری ہے، جلد ہی پاکستان کی پاسپورٹ رینکنگ ایک بڑی چھلانگ مارے گی جس پر ہمیں فخر ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ کراچی صحتمند ہوگا تو پاکستان صحت مند ہوگا، آنے والے وقت میں کمی اور کوتاہیاں مزید ختم کی جائیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ 2 سال میں ہم نے اسمگلنگ کو بہت حد تک کنٹرول کیا ہے 1 ہزار 2کلومیٹر کی کوسٹ لائن ہے اور ہمارے پاس محض 6 کوسٹ گارڈ بوٹس ہیں، اب مزید اس میں 2 بوٹس کا اضافہ کیا ہے، کوسٹ گارڈز کو مزید مضبوط کریں گے۔
شناختی کارڈ میں شہریوں کے کریمنل ریکارڈ کے حوالے سے نادرا سے گفتگو ہو رہی ہے، سیف سٹی پروجیکٹ کی وجہ سے جرائم میں خاطر خواہ کمی واقع ہوئی ہے، کراچی کا سیف سٹی پروجیکٹ بھی جرائم میں کمی کا سبب بنے گا۔
محسن نقوی نے کہا کہ خصوصی پاسپورٹ کی 64 بڑے ٹیکس دہندگان کو آفر کی تھی، صرف 18 نے استفادہ کیا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ انکروچمنٹ کے حوالے سے وزیراعظم اور آرمی چیف کے کئی اجلاس ہوتے ہیں، ریاست کو قدرے "ہارڈ" کرنے کی بات ہوتی ہے، یہ نہیں جس کو جو مرضی آئے وہ کرے، انفورسمنٹ کو مضبوط کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پانی کی ترسیل کی اگر بات کی جائے تو ہم نے کبھی بڑے شہروں پر پلاننگ کی ہی نہیں ہے، امید ہے کہ آنے والے وقتوں میں اس پر بھی مثبت پیشرفت ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ہڑتال ہر ایک کا حق ہے اگر پر امن کی جائے، ہمارا مقصد ملکی معیشت کی بہتری ہے جو اس وقت انتہائی اہم ہے، اسمگلنگ مکمل ختم نہیں ہوئی لیکن بہتری آئی ہے، جس کی وجہ سے معیشت میں بہتری آئی ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ پولیس کا کام گرفتار کرنا ہے، سزا دینا عدالت کا کام ہے، پولیس کے ساتھ ساتھ دیگر ریفارمز کی بھی ضرورت ہے، اگر ہمیں سزا دینے کا اختیار مل جائے تو سزا بھی دے دیں گے۔
محسن نقوی نے کہا کہ آنے والے دنوں میں دیکھیں گے کہ ڈالر کی بلیک مارکیٹ میں خرید و فروخت کو ختم کردیں گے، معیشت کی بہتری ہمارا سب سے اہم ہدف ہے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: محسن نقوی نے کہا وزیر داخلہ نے کہا کہ
پڑھیں:
پہلی بار حکومت اور اسٹیبلشمنٹ ایک ساتھ ہیں( وزیر داخلہ)
بعض لوگوں کو تکلیف ہے کہ ہم سب اکٹھے کیوں ہیں،سوشل میڈیا کی خبروں پر دھیان نہ دیں، مذہبی منافرت،فرقہ وارانہ بیانات پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی
سوشل میڈیا پر مذہبی اشتعال انگیزی برداشت نہیں کی جائیگی،محسن نقوی کا صدر مملکت کو ہٹائے جانے سے متعلق زیر گردش خبروں پر رد عمل،سکھر میںمیڈیا سے گفتگو
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے صدر مملکت آصف علی زرداری کو ہٹانے سے متعلق سوال پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پہلی بار سیاسی قیادت اور اسٹیبلشمنٹ اکٹھی ہے تو کچھ لوگوں کو تکلیف ہے، سوشل میڈیا کی خبروں پر دھیان نہ دیں۔سکھر میں میڈیا سے گفتگو میں وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہاکہ مذہبی منافرت اور فرقہ وارانہ بیانات پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے، سوشل میڈیا پر مذہبی اشتعال انگیزی برداشت نہیں کی جائے گی، ملک میں امن و امان برقرار رکھنا ہماری اولین ترجیح اور فتنہ الہندوستان کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لیے فورسز چوکنا ہیں، امید ہے کہ حکومتی اقدامات اور سیکیورٹی اداروں کی شبانہ روز محنت سے عاشورہ پر امن طور پر گزرے گا۔محسن نقوی نے کہا کہ آج ملک بھر میں 2700 جلوس نکالے جا رہے ہیں، ملک بھر میں سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات ہیں، سیکیورٹی اداروں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، سکھر میں آج پاکستان کا سب سے بڑا جلوس نکالا جارہا ہے، پاکستان کے سب سے بڑے جلوس کو ہینڈل کرنے کا کریڈٹ پوری ٹیم کو جاتا ہے، خیریت سے شام تک سارے جلوس ختم ہوجائیں گے۔صحافی نے سوال کیا کہ افواہیں کہ آصف زرداری کوبطور صدر ہٹایا جارہا ہے اورنئی ترمیم لائی جارہی ہے؟ جس پر وزیر داخلہ نے کہا کہ میری درخواست ہے کہ محرم الحرام میں سیاست نہ کریں تو بہت اچھی بات ہے، سوشل میڈیا کی خبروں پر بالکل دھیان نہ دیں، بعض لوگوں کو تکلیف ہے کہ ہم سب اکٹھے کیوں ہیں۔انہوں نے کہاکہ پہلی بار سیاسی قیادت اور اسٹیبلشمنٹ اکٹھی ہے تو کچھ لوگوں کو تکلیف ہوتی ہے، سب اکٹھے ہیں اس لیے جن لوگوں کو تکلیف ہورہی ہے وہ ایسی باتیں کررہے ہیں۔صحافی نے سوال کیا کہ کیا سندھ کے اضلاع شکارپور،کشمور،کندھ کوٹ کے حالات کی اطلاع وفاقی حکومت کونہیں ہے؟ اس پر انہوں نے کہا کہ ہمیں اطلاع ہے اور جس طرح کے پی میں دہشت گردوں کو ماربھگایا ہے، ڈاکوئوں کا بھی بندوبست کرلیں گے، ڈاکوئوں کا بندوبست وفاقی حکومت اورصوبائی حکومتیں مل کریں گی۔قبل ازیں وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے محرم الحرام کی مناسبت سے پاکستان کے سب بڑے و 500 سال قدیمی جلوس کا دورہ کیااور جلوس کے لیے کیے گئے انتظامات دیکھے ۔ انہوں نے پاکستان کے سب سے بڑے جلوس کے لئے کیے گئے انتظامات پر وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ۔سول انتظامیہ۔ سکھر پولیس اور رینجرز کے بہترین اقدامات کو سراہا۔وزیرداخلہ محسن نقوی نے قدیمی جلوس کے مختلف حصوں کا وزٹ کیا۔