لاہور: کم عمر ڈرائیور نے گاڑی سے موٹرسائیکلوں کو روند دیا، 1 جاں بحق
اشاعت کی تاریخ: 7th, July 2025 GMT
لاہور میں کم عمر ڈرائیور کی گاڑی کے حادثے میں زخمی 3 افراد میں سے ایک دم توڑ گیا، واقعہ کی تفتیش میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ لڑکے کے زیر استعمال گاڑی اس کے باپ کی نہیں بلکہ مالک مکان کی ہے، حادثے کی سی سی ٹی وی بھی منظرعام پر آ گئی۔
ٹریفک حادثہ شاہدرہ ٹاؤن میں مین روڈ پر سنگیت سینما کے قریب رات ساڑھے 10 بجے پیش آیا، سی سی ٹی وی میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سیاہ رنگ کی تیز رفتار گاڑی دو موٹر سائیکلوں کو ہِٹ کرتی ہے، حادثے میں ایک نوجوان ہلاک اور دو زخمی ہو گئے، گاڑی رُکنے پر لوگوں نے 13 سالہ ڈرائیور کی دُرگت بنائی اور پولیس کے حوالے کر دیا۔
کم عمر ڈرائیور کی شناخت حاشر کے نام سے ہوئی، پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی۔
ایس پی سٹی بلال احمد کے مطابق ملزم حاشر کے والدین میں علیحدگی ہوچکی ہے اور وہ اپنی نانی کے پاس رہائش پذیر ہے، ملزم اپنے مالک مکان خرم کو بتائے بغیر اس کی گاڑی لے گیا تھا۔
خرم نامی مالک مکان میڈیسن کمپنی میں منیجر ہے اور گاڑی کمپنی کی ہے۔
پولیس کے مطابق خرم نے حادثے کے بعد گاڑی چوری کی کال چلائی، اُسے بھی شامل تفتیش کیا جا رہا ہے۔
.ذریعہ: Jang News
پڑھیں:
راولپنڈی: اسکول وین ڈرائیور کے قتل میں ملوث ملزم گرفتار
راولپنڈی:تھانہ مندرہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دو ہفتے قبل اسکول وین ڈرائیور کو قتل کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان راولپنڈی پولییس کے مطابق زیرِ حراست ملزم وین میں سفر کرنے والی طالبات کو ہراساں کرتا تھا، وین ڈرائیور کے روکنے پر اس نے فائرنگ کر کے اسے قتل کر دیا۔
واقعے کے بعد ملزم موقع سے فرار ہو کر روپوش ہوگیا تھا تاہم پولیس نے جدید طریقہ تفتیش اور شواہد کی بنیاد پر اسے گرفتار کرلیا۔
ایس پی صدر محمد نبیل کھوکھر کے مطابق ملزم کے خلاف ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت میں پیش کیا جائے گا۔