ویان ملڈر نے برائن لارا کا 400 رنز کا ریکارڈ نہ توڑنے کی وجہ بتادی
اشاعت کی تاریخ: 8th, July 2025 GMT
جنوبی افریقا کے کپتان ویان ملڈر نے ویسٹ انڈیز کے عظیم بیٹر برائن لارا کا 400 رنز کا تاریخی ریکارڈ نہ توڑنے کی وجہ بتادی۔
کھیل کے دوسرے دن کے اختتام پر سابق کپتان اور کمنٹیٹر شان پولاک سے گفتگو میں ملڈر نے کہا کہ برائن لارا ایک لیجنڈ ہیں، انہوں نے انگلینڈ کے خلاف 400 رنز کی اننگز کھیلی تھی، میں چاہتا تھا کہ یہ ریکارڈ انہی کے پاس رہے۔ اگر دوبارہ ایسا موقع ملا تب بھی میں یہی کروں گا۔
27 سالہ ویان ملڈر نے مزید کہا کہ میرے لیے یہ اننگز بے حد خاص تھی، خوشی ہے کہ یہ ٹیم کے کام آئی۔ میں نے کوچ سے بات کی اور کہا کہ کچھ ریکارڈز لیجنڈز کے پاس ہی رہنے چاہئیں، لارا کا ریکارڈ بھی ایسا ہی ہے۔
مزید پڑھیں: ویان ملڈر نے برائن لارا کا تاریخی ریکارڈ توڑنے سے پہلے اننگز ڈکلیر کردی
ملڈر نے اعتراف کیا کہ انہوں نے کبھی ڈبل سنچری کا بھی خواب نہیں دیکھا تھا، ٹرپل سنچری تو بہت دور کی بات ہے۔
یاد رہے کہ بلاوایو میں جنوبی افریقا اور زمبابوے کے درمیان سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میں کھیل کے دوسرے دن جنوبی افریقا نے اپنی پہلی اننگز 626 رنز 5 وکٹ کے نقصان پر ڈکلیئر کردی تھی۔
اننگز ڈکلیئر کرنے سے پہلے کھانے کے وقفے تک جنوبی افریقا کی طرف سے کپتان ویان ملڈر 367 رنز اور کائلے ویریئن 42 رنز کے ساتھ کریز پر تھے، جنوبی افریقا کا مجموعی اسکور 626 رنز تھا۔
شائقین کو اس بات کا انتظار تھا کہ جنوبی افریقی کپتان جو 400 رنز سے صرف 33 رنز کی دوری پر تھے، برائن لارا کا 21 سال پرانا تاریخی ریکارڈ توڑ دیں گے مگر جنوبی افریقا کی جانب سے اننگز ڈکلیئر کرنے کا فیصلہ سامنے آگیا جس کے باعث برائن لارا کا ریکارڈ ٹوٹنے سے بچ گیا۔
برائن لارا نے جب 2004 میں انگلینڈ کے خلاف ناقابل شکست 400 رنز بنائے تھے، شائقین منتظر تھے کہ آج شاید ٹیسٹ کرکٹ میں ایک نئی تاریخ رقم ہونے جارہی ہے مگر جنوبی افریقا نے اننگز ڈکلیئر کرنے کا فیصلہ کرکے سب کو حیران کردیا۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: برائن لارا کا جنوبی افریقا ویان ملڈر نے
پڑھیں:
محمد سیراج کا انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میں نیا ریکارڈ
BIRMINGHAM:انگلینڈ اور بھارت کے درمیان جاری ٹیسٹ سیریز کے دوسرے میچ میں فاسٹ بولر محمد سیراج نے شان دار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نیا ریکارڈ بنالیا۔
برمنگھم میں جاری دوسرے ٹیسٹ میں ہاردک پانڈیا کی جگہ بھارتی فاسٹ بولنگ کی سربراہی کرتے ہوئے محمد سیراج نے پہلی اننگز میں انگلینڈ کے 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جو بھارت کی جانب سے ایک ریکارڈ ہے۔
محمد سیراج نے انگلینڈ کے اوپنر زیک کراؤلی، مایہ ناز بیٹر جو روٹ، کپتان بین اسٹوکس، برائیڈن کرس، جوش ٹونگ اور شعیب بشیر کی وکٹ حاصل کی۔
ان کی شان دار کارکردگی کی بدولت انگلیںڈ کی ٹیم پہلی اننگز میں بھارت کے 587 رنز کے جواب میں 407 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اور بھارت کا برتری حاصل ہوئی۔
انگلینڈ کی سرزمین میں محمد سیراج بھارت کی جانب سے 6 وکٹیں حاصل کرنے والے پہلے بولر نہیں ہیں تاہم انہوں نے اس سے قبل جنوبی افریقہ میں بھی ایک اننگز میں 6 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
محمد سیراج انگلینڈ اور جنوبی افریقہ دونوں ممالک میں ٹیسٹ کرکٹ کی ایک اننگز میں 6 وکٹیں حاصل کرنے والی پہلے بھارتی بولر ہیں۔
انگلینڈ کے خلاف پہلی اننگز میں محمد سیراج نے مجموعی طور پر 19.3 اوورز کیے اور 70 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کیں۔