بھارتی فوج آج کشمیرمیں ڈوگرہ راج کے مظالم دہرا رہی ہے: مریم نواز
اشاعت کی تاریخ: 13th, July 2025 GMT
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ 13 جولائی 1931ء کے 22 شہداء سمیت ہر کشمیری شہید کو سلام جو ظلم کے خلاف حق کی صدا بنے، بھارتی قابض افواج آج کشمیرمیں ڈوگرہ راج کے مظالم دہرا رہی ہیں۔یوم شہداء کشمیر پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا کہنا تھ کہ کشمیر کے شہداء نے 1931 میں ڈوگرہ راج کو للکارا آج بھارتی قابض فوج انہی مظالم کی داستان دہرا رہی ہے، ڈوگرہ راج ہو یا آج کی ظالم بھارتی فوج، کشمیریوں کے حوصلے کو کبھی شکست نہیں دے سکے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کے شہداء کی قربانیاں بتاتی ہیں کہ زنجیریں کبھی حوصلے کو قید نہیں کر سکتیں، کشمیر کی مٹی میں حریت، وفا اور قربانی کی خوشبو رچی بسی ہے، یومِ شہداء کشمیر صرف محض ایک دن نہیں بلکہ یہ اقوام متحدہ اور پوری امت مسلمہ کے ضمیر کو جگانے کی صدا ہے۔مریم نوازکا کہنا تھا کہ امریکی صدر ٹرمپ کا مسئلہ کشمیر کے حل پر حالیہ بیان حوصلہ افزا ہے، پاکستان ہر فورم پر کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا، کشمیری شہداء کی قربانیوں نے دنیا کو بتا دیا کہ کوئی جبر، کوئی طاقت اُنکو غلام نہیں رکھ سکتی۔وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ پوری پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کی ہر ایک تکلیف کو اپنی تکلیف سمجھتی ہے، ان کے دُکھ کو اپنا دُکھ سمجھتے ہیں، پاکستان کا بچہ بچہ کشمیر کے حق خودارادیت کی جدوجہد میں اُن کے ساتھ کھڑا ہے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
مانجھی خیل چیک پوسٹ حملہ، گورنر خیبرپختونخوا نے رپورٹ طلب کر لی
پشاور:گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ضلع ٹانک کے علاقے مانجھی خیل میں قائم چیک پوسٹ پر ہونے والے حملے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اعلیٰ حکام سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
اپنے بیان میں گورنر فیصل کریم کنڈی نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ہندوستان کے پروردہ خوارج کی مذموم کارروائی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس بزدلانہ حملے میں ہونے والی شہادتوں پر پوری قوم غمزدہ ہے اور شہداء کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
گورنر خیبرپختونخوا نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ حملے میں زخمی ہونے والے سیکیورٹی اہلکاروں کو ہر ممکن اور بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ ان کے علاج میں کسی قسم کی کوتاہی نہ ہو۔
فیصل کریم کنڈی نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس دکھ کی گھڑی میں غمزدہ خاندانوں اور شہید اہلکاروں کے ساتھیوں کے ساتھ برابر کے شریک ہیں۔
انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی، زخمیوں کی جلد صحت یابی اور ملک میں امن و استحکام کے لیے دعا بھی کی۔