واٹس ایپ کی ڈیلیٹڈ اکاؤنٹس بارے پالیسی اور حمیرا اصغر کے اکاؤنٹ پر مبینہ سرگرمیاں
اشاعت کی تاریخ: 23rd, July 2025 GMT
کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس سے 8 جولائی کو کئی ماہ پرانی لاش برآمد ہونے کے بعد یہ انکشاف ہوا کہ وہ لاش معروف اداکارہ حمیرا اصغر کی تھی۔ معاملے میں نیا موڑ اس وقت آیا جب ان کے واٹس ایپ اکاؤنٹ پر مبینہ سرگرمیوں نے شکوک و شبہات کو جنم دیا۔
اداکارہ کی گمشدگی کا دعویٰ کرنے والے اسٹائلسٹ دانش مقصود نے بتایا کہ حمیرا کے فون پر آخری سرگرمی 5 فروری کو دیکھنے میں آئی۔ ان کے مطابق اس دن نہ صرف اداکارہ کے واٹس ایپ کی پروفائل تصویر ہٹا دی گئی بلکہ ان کا لاسٹ سین بھی غائب کر دیا گیا۔ یہ سب اس وقت ہوا جب اداکارہ کی لاش کئی ماہ سے بے یارو مددگار پڑی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: حمیرا اصغر کے خلاف کرایہ داری کیس کی تفصیلات سامنے آگئیں
دانش کا کہنا ہے کہ ان کی حمیرا سے آخری بات چیت 2 اکتوبر کو ہوئی تھی۔ اس کے بعد انہوں نے متعدد بار رابطہ کرنے کی کوشش کی، لیکن پیغامات کبھی پڑھے نہیں گئے۔ دانش کے بقول جب مسلسل خاموشی رہی تو انہوں نے 5 فروری کو سوشل میڈیا پر اداکارہ کی گمشدگی کی پوسٹ لگانے کا فیصلہ کیا۔ تاہم پوسٹ لگانے کے اگلے ہی دن جب انہوں نے دوبارہ رابطہ کرنے کی کوشش کی تو انہیں واٹس ایپ اکاؤنٹ پر واضح تبدیلیاں محسوس ہوئیں۔ پروفائل تصویر غائب تھی اور لاسٹ سین بھی بند ہو چکا تھا۔
ادھر تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ اداکارہ کی موت 7 اکتوبر 2024 کو ہوئی تھی اور اسی روز شام 5 بجے تک ان کا فون استعمال ہوا۔ اس تناظر میں اگر واٹس ایپ کی پالیسی کو مدنظر رکھا جائے تو کوئی بھی اکاؤنٹ اگر مسلسل 120 دن غیر فعال رہے تو کمپنی کی جانب سے اسے خودکار طور پر ڈیلیٹ کر دیا جاتا ہے۔ اس عمل میں صارف کی پروفائل تصویر بھی ہٹ جاتی ہے اور لاسٹ سین بھی غائب ہوسکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: حمیرا اصغر نے واٹس ایپ ہیک ہونے کی شکایت درج کرائی، ڈی آئی جی ساؤتھ کا انکشاف
7 اکتوبر کے بعد 120 دن 4 فروری 2025 کو مکمل ہوتے ہیں، یعنی یہ ممکن ہے کہ حمیرا کا واٹس ایپ اکاؤنٹ کمپنی کی پالیسی کے تحت خودکار طریقے سے غیر فعال ہوا ہو۔ تاہم یہ اب تک واضح نہیں ہو سکا کہ ان کا موبائل فون کب تک انٹرنیٹ سے منسلک رہا یا اس دوران کسی تیسرے فرد نے ان کے فون یا واٹس ایپ اکاؤنٹ تک رسائی حاصل کی۔
اداکارہ کی موت اور ان کے واٹس ایپ پر دیکھی گئی سرگرمیوں کے درمیان وقت کا فاصلہ اور انکشافات اب تفتیشی اداروں کے لیے ایک نیا سوالیہ نشان بن چکے ہیں۔ اس معاملے میں تفتیش جاری ہے اور جلد مزید تفصیلات سامنے آنے کی توقع ہے۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
we news حمیرا اصغر موبائل فون واٹس ایپ.
ذریعہ
ذریعہ: WE News
کلیدی لفظ: موبائل فون واٹس ایپ واٹس ایپ اکاؤنٹ اداکارہ کی
پڑھیں:
کراچی، شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس مقابلے، 5 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار
کراچی:شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پولیس نے مبینہ مقابلوں کے دوران چار ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا جبکہ ایک فرار ہونے والے مبینہ ڈاکو کو شہریوں نے پکڑ کر تشدد کے بعد پولیس کے حوالے کر دیا۔
پولیس اور چھیپا حکام کے مطابق اورنگی ٹاؤن تھانے کی حدود میں سیکٹر 8، اللہ والا کالج کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں ایک مبینہ ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔
زخمی ملزم کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی شناخت سبیل کے نام سے ہوئی۔ ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور دیگر سامان بھی برآمد کیا گیا۔
ادھر بوٹ بیسن تھانے کی حدود میں کلفٹن، عبداللہ شاہ غازی مزار پل کے قریب مبینہ مقابلے کے دوران ایک مبینہ ڈاکو پولیس کی فائرنگ سے زخمی ہو گیا، جس کی شناخت مانی کے نام سے ہوئی۔
اسے جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ اس دوران فرار ہونے کی کوشش کرنے والے دوسرے مبینہ ملزم کو شہریوں نے پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا بعد ازاں اسے پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ زخمی ملزم کی شناخت سکندر کے نام سے کی گئی۔
دوسری جانب شرافی گوٹھ پولیس نے کورنگی سنگر چورنگی کے قریب راڈو بیکری کے علاقے میں مبینہ مقابلے کے بعد ایک مبینہ ڈاکو اویس کو زخمی حالت میں گرفتار کیا۔ ملزم کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ اس کے قبضے سے اسلحہ اور دیگر سامان بھی برآمد ہوا۔
اسی طرح قائدآباد تھانے کی حدود میں لانڈھی شیر پاؤ کالونی، مولیٰ مدد قبرستان کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں ایک اور مبینہ ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔
چھیپا حکام کے مطابق زخمی ملزم کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی شناخت وارث خان کے نام سے ہوئی۔