لاہور سے اغوا کی گئی 11 سالہ بچی کراچی سے بازیاب
اشاعت کی تاریخ: 29th, July 2025 GMT
لاہور:
لاہور سے اغوا کی گئی گیارہ سالہ بچی کو کراچی سے بازیاب کروا کر والدین کے حوالے کردیا گیا۔
سیف سٹی ورچوئل سینٹر فار چائلڈ سیفٹی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے لاہور کے علاقے کاہنہ سے اغوا ہونے والی 11 سالہ بچی آیت کو کراچی سے بحفاظت بازیاب کروا لیا۔
ترجمان کے مطابق آیت اپنے گھر کے باہر کھیلتے ہوئے لاپتا ہو گئی تھی، جس پر والدین نے فوری طور پر ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر اطلاع دی۔ بعد ازاں تحقیقات سے معلوم ہوا کہ اغوا کار بچی کو لاہور سے ٹرین کے ذریعے کراچی لے جا رہا تھا، تاہم راستے میں وہ بچی کو ٹرین میں اکیلا چھوڑ کر غائب ہو گیا۔
ہوش میں آنے پر گیارہ سالہ آیت نے خود کو تنہا پایا اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے قریبی شہری سے فون لے کر اطلاع دی کہ وہ روہڑی ریلوے اسٹیشن پر موجود ہے۔
اطلاع ملتے ہی سیف سٹی ٹیم نے فوری طور پر ریلوے پولیس سے رابطہ کیا، جس پر ریلوے پولیس نے بچی کو روہڑی اسٹیشن پر اپنی تحویل میں لے لیا۔ بعد ازاں اُسے کراچی کینٹ تھانے منتقل کیا گیا، جہاں لاہور سے والد اور انویسٹی گیشن آفیسر بچی کو لینے پہنچے۔
سیف سٹی، لاہور پولیس اور سندھ پولیس کی بروقت اور مربوط کارروائی کے نتیجے میں آیت کو بحفاظت والدین کے حوالے کر دیا گیا۔
ترجمان سیف سٹی کے مطابق ’’میرا پیارا‘‘ٹیم اب تک 35 ہزار سے زائد گمشدہ یا لاوارث افراد کو اُن کے پیاروں سے ملوانے میں کامیاب ہو چکی ہے۔ عوام سے اپیل ہے کہ کسی بھی گمشدہ یا لاوارث شخص کی اطلاع فوری طور پر 15 پر دیں تاکہ بر وقت مدد ممکن بنائی جا سکے۔
Tagsپاکستان.
ذریعہ: Al Qamar Online
کلیدی لفظ: پاکستان لاہور سے سیف سٹی بچی کو
پڑھیں:
لاہور: نشے کیلیے پیسے نہ ملنے پر 40 سالہ شخص کا گلے پر ڈور پھرنے کا جھوٹا ڈرامہ
لاہور کے علاقے ہربنس پورہ میں نشے کے عادی شخص نے گھر والوں اور دوستوں کی طرف سے پیسے نہ ملنے پر اپنی گردن پر بلیڈ سے کٹ مار لیے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ہربنس پورہ کے علاقے میں 40 سالہ عمیر جمیل کو زخمی حالت میں اسپتال لایا گیا اور دعویٰ کیا گیا کہ وہ پتنگ کی ڈور پھرنے سے زخمی ہوئے ہیں۔
پولیس نے اس واقعے کی تفتیش شروع ہوئی تو سارے ڈرامے کا بھانڈا ہی پھوٹ گیا۔ تفتیش میں یہ بات سامنے آئی کہ عمیر جمیل نشے کا عادی تھا اور اپنے بہن بھائیوں سے پیسے مانگتا تھا، جس نے پیسے نہ ملنے پر زخمی عمیر نے اپنے دوست اکبر کے گھر ہربنس پورہ میں بلیڈ سے اپنے گلے پر کٹ لگائے۔
ایس ایچ او ہربنس پورہ نے بتایا کہ زخمی عمیر نے پیسے نہ ملنے پر ڈور پھرنے کا جھوٹا ڈرامہ رچایا تاہم زخمی طبی امداد کے لیے فوری اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں اُس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
ایس ایچ او نے بتایا کہ زخمی عمیر کو ڈور پھرنے والی بات میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ ایس پی کینٹ قاضی علی رضا نے کہا کہ مزید کاروائی حسب ضابطہ عمل میں لائی جا رہی ہے۔