غذر: ایک شخص کو بچانے کی کوشش میں 3 افراد دریا میں ڈوب گئے
اشاعت کی تاریخ: 2nd, August 2025 GMT
غذر: گلگت بلتستان کے ضلع غذر میں دلخراش واقعہ پیش آیا جہاں ہاتون کھاری کے مقام پر صادق نامی شخص نے دریائے اشکومن میں چھلانگ لگا دی۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق صادق کو بچانے کے لیے اس کی بیٹی، پوتی اور بہنوئی بھی دریائے اشکومن میں کود گئے، تاہم افسوسناک طور پر تینوں جاں بحق ہو گئے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق بیٹی، پوتی اور بہنوئی کی لاشیں نکال لی گئی ہیں، جبکہ صادق کو زخمی حالت میں زندہ نکال لیا گیا ہے۔
انہیں فوری طور پر ڈی ایچ کیو اسپتال غذر منتقل کیا گیا جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ صادق کچھ عرصے سے ذہنی دباؤ کا شکار تھا۔ واقعے کے بعد علاقے میں فضا سوگوار ہو گئی ہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق افراد کی نعشوں کو بعد ازاں ان کے آبائی گاؤں ہاتون کھاری منتقل کر دیا گیا ہے۔
ریسکیو 1122 غذر نے واقعے کی باضابطہ تصدیق کر دی ہے۔ یہ افسوسناک سانحہ علاقے میں گہرے دکھ اور صدمے کا سبب بنا ہے۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
بلوچستان میں محکمہ خوراک کے پاس گندم کا ذخیرہ ختم
فائل فوٹوبلوچستان میں محکمہ خوراک کے پاس گندم کا ذخیرہ ختم ہوگیا، سال 25-2024 کے لیے گندم کی تاحال خریداری نہیں کی گئی۔
محکمہ خوراک کے ذرائع کے مطابق 2025 میں گندم کی خریداری نہ ہونے سے بلوچستان میں گندم کا اسٹاک صفر ہوگیا، بلوچستان کابینہ کی منظوری سے صوبے میں 2023 کا اسٹاک ریلیز کردیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں ستمبر 2025 تا مارچ 2026کے لیے محکمہ کے پاس گندم دستیاب نہیں ہے، موجودہ گندم بحران کے حوالے سے بلوچستان حکومت کو سمری بھجوا دی گئی ہے۔
محکمہ خوراک کے ذرائع کے مطابق سمری میں پاسکو یا پنجاب حکومت سے 5 لاکھ بیگز گندم کی خریداری کی سفارش کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق بلوچستان کابینہ کی منظوری کے بعد گندم کی خریداری کا عمل آگے بڑھایا جائے گا۔