علامہ مقصود ڈومکی کا مولانا ہدایت الرحمان اور ساجد ترین سے رابطہ، زائرین کے مسائل پر گفتگو
اشاعت کی تاریخ: 5th, August 2025 GMT
جماعت اسلامی اور بی این پی کے رہنماؤں سے رابطہ کرتے ہوئے علامہ مقصود ڈومکی نے رہنماؤں سے زائرین کے مسائل اور ایم ڈبلیو ایم کے لانگ مارچ سے متعلق گفتگو کی۔ دونوں رہنماؤں نے لانگ مارچ کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں علامہ راجہ ناصر عباس کا بھرپور استقبال کرینگے۔ اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی کا رکن صوبائی اسمبلی، امیر جماعت اسلامی بلوچستان اور ملی یکجہتی کونسل بلوچستان کے صوبائی صدر مولانا ہدایت الرحمان اور بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر ایڈووکیٹ ساجد ترین سے رابطہ کرکے انہیں زائرین کو درپیش مشکلات اور زائرین مارچ کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے زائرین کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری اور زائرین مارچ کے شرکاء کا بلوچستان پہنچنے پر بلوچستان کے عوام بھرپور استقبال کریں گے۔ علامہ مقصود علی ڈومکی نے مولانا ہدایت الرحمان سے ٹیلی فونک گفتگو کی۔ اس موقع پر علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ زائرین امام حسین علیہ السلام کا کراچی سے ریمدان بارڈر کی جانب مارچ ایک پرامن احتجاجی تحریک ہے، جو ان کے آئینی و شہری حقوق کی بازیابی کے لئے جاری ہے۔ حکومت وقت کی جانب سے زائرین کے بائے روڈ سفر پر لگائی گئی پابندیاں ناجائز اور غیرقانونی ہیں۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری طور پر یہ پابندیاں ختم کی جائیں، اور ریمدان و تفتان بارڈر زائرین کے لئے کھولے جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ لاکھوں زائرین کا راستہ روکنا ان کے مذہبی عقیدے، بنیادی انسانی اور شہری حقوق پر ڈاکہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ جن زائرین نے ایران اور عراق کے ویزے حاصل کئے، وہ اب عین موقع پر نواسۂ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی زیارت سے محروم کئے جا رہے ہیں۔ اس فیصلے سے زائرین کو مالی طور پر بھی اربوں روپے کا نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ اس موقع پر مولانا ہدایت الرحمان نے ایم ڈبلیو ایم کے زائرین مارچ کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ زائرین کو روکنے کے بجائے راستوں کو پرامن، محفوظ اور آسان بنایا جائے۔ تاکہ لوگ اپنے عشق و عقیدت کے تحت زیارت کا سفر جاری رکھ سکیں۔ ان شاء اللہ، گوادر پہنچنے پر گوادر کے عوام زائرین مارچ کا شایان شان استقبال کریں گے۔ بعد ازاں علامہ مقصود علی ڈومکی نے بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر ایڈووکیٹ ساجد ترین سے بھی رابطہ کیا اور انہیں زائرین کو درپیش مشکلات اور زائرین مارچ کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بی این پی کے مرکزی سینئر نائب صدر ایڈووکیٹ ساجد ترین نے کہا کہ بلوچستان کے عوام مہمان نواز ہیں، اور ہم سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری اور ان کے تمام ساتھیوں کو بلوچستان کی سرزمین پر خوش آمدید کہتے ہیں۔ بی این پی کے کارکن اور بلوچستان کے عوام زائرین مارچ کا والہانہ استقبال کریں گے۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: علامہ مقصود علی ڈومکی مولانا ہدایت الرحمان بلوچستان کے زائرین کو زائرین کے کرتے ہوئے ڈومکی نے کے مرکزی مارچ کی کے عوام کہا کہ
پڑھیں:
بی این پی کی ایم ڈبلیو ایم کے لانگ مارچ کی بھرپور حمایت کا اعلان
اپنے بیان میں بی این پی نے کراچی سے ریمدان بارڈر تک لانگ مارچ کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کارکنوں کو ہدایت دی کہ ایم ڈبلیو ایم کے احتجاج کے شرکاء کا زیرو پوائنٹ اوتھل سے گوادر تک بھرپور استقبال کریں۔ اسلام ٹائمز۔ بلوچستان نیشنل پارٹی نے زائرین کے زمینی سفر پر پابندی کے خلاف مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے کراچی سے ریمدان تک لانگ مارچ کی حمایت کا اعلان کر دیا۔ بی این پی کے مرکزی اعلامیہ میں کہا گیا کہ مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی قیادت میں 6 اگست کو کراچی سے ریمدان بارڈر تک لانگ مارچ جو زائرین کو ایران اور عراق بذریعہ سڑک سفر سے روکنے کے خلاف کی جا رہی ہے، اسکی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔ پارٹی نے مکران ڈویژن کے کارکنوں کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ایم ڈبلیو ایم کے احتجاج کے شرکاء کا زیرو پوائنٹ اوتھل سے گوادر تک بھرپور استقبال کریں۔
بیان میں کہا گیا کہ بی این پی ایک قوم پرست و ترقی پسند جمہوری جماعت ہے۔ پارٹی موجودہ غیر جمہوری حکومت کو یہ اختیار نہیں دے سکتی کہ زائرین کو بذریعہ سڑک سفر سے روکا جائے۔ مسلمانوں کے تمام فرقے اور دیگر مذاہب سے تعلق رکھنے والے لوگ بھی ایران، عراق اور مقدس مقامات کی زیارات کے لئے جاتے ہیں۔ اس پر پابندی انتہائی نامناسب ہے۔ ہونا تو یہ چاہئے تھا کہ زائرین سفری سہولیات اور سکیورٹی فراہم کی جاتی۔ بی این پی نے اپنے کارکنان کو ہدایت دی کہ وہ ایم ڈبلیو ایم کی قیادت سے رابطہ میں رہیں اور لانگ مارچ کے شرکاء کا بھرپور استقبال کرے۔