بی این پی کی ایم ڈبلیو ایم کے لانگ مارچ کی بھرپور حمایت کا اعلان
اشاعت کی تاریخ: 5th, August 2025 GMT
اپنے بیان میں بی این پی نے کراچی سے ریمدان بارڈر تک لانگ مارچ کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کارکنوں کو ہدایت دی کہ ایم ڈبلیو ایم کے احتجاج کے شرکاء کا زیرو پوائنٹ اوتھل سے گوادر تک بھرپور استقبال کریں۔ اسلام ٹائمز۔ بلوچستان نیشنل پارٹی نے زائرین کے زمینی سفر پر پابندی کے خلاف مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے کراچی سے ریمدان تک لانگ مارچ کی حمایت کا اعلان کر دیا۔ بی این پی کے مرکزی اعلامیہ میں کہا گیا کہ مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی قیادت میں 6 اگست کو کراچی سے ریمدان بارڈر تک لانگ مارچ جو زائرین کو ایران اور عراق بذریعہ سڑک سفر سے روکنے کے خلاف کی جا رہی ہے، اسکی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔ پارٹی نے مکران ڈویژن کے کارکنوں کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ایم ڈبلیو ایم کے احتجاج کے شرکاء کا زیرو پوائنٹ اوتھل سے گوادر تک بھرپور استقبال کریں۔
بیان میں کہا گیا کہ بی این پی ایک قوم پرست و ترقی پسند جمہوری جماعت ہے۔ پارٹی موجودہ غیر جمہوری حکومت کو یہ اختیار نہیں دے سکتی کہ زائرین کو بذریعہ سڑک سفر سے روکا جائے۔ مسلمانوں کے تمام فرقے اور دیگر مذاہب سے تعلق رکھنے والے لوگ بھی ایران، عراق اور مقدس مقامات کی زیارات کے لئے جاتے ہیں۔ اس پر پابندی انتہائی نامناسب ہے۔ ہونا تو یہ چاہئے تھا کہ زائرین سفری سہولیات اور سکیورٹی فراہم کی جاتی۔ بی این پی نے اپنے کارکنان کو ہدایت دی کہ وہ ایم ڈبلیو ایم کی قیادت سے رابطہ میں رہیں اور لانگ مارچ کے شرکاء کا بھرپور استقبال کرے۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: ایم ڈبلیو ایم لانگ مارچ بی این پی
پڑھیں:
شیعہ تنظیموں کا زائرین کے زمینی راستے کے حصول کیلئے احتجاج کا فیصلہ
اسلام آباد: شیعہ تنظیموں نے زائرین کے زمینی راستے کے حصول کیلئے احتجاج کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت اور ملت جعفریہ میں زائرین کے معاملے پر ہونے والے مذاکرات ناکام ہوگئے جس کے بعد شیعہ تنظیموں نے زائرین کے زمینی راستے کے حصول کیلئے احتجاج کا فیصلہ کیا ہے.ذرائع کے مطابق ملک گیر احتجاج سمیت دیگر فیصلوں کا اعلان پریس کانفرنس میں آج شام تک کیا جائے گا، شیعہ علماء کونسل کے مرکزی رہنما آج شام پریس کانفرنس میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرینگے۔دوسری جانب مجلس وحدت المسلمین نے پہلے ہی احتجاجی مارچ کا اعلان کردیا ہے. وہ 6 اگست سے اپنے احتجاج کا آغاز کرے گی۔
واضح رہے کہ شیعہ علماء کونسل پاکستان کا دو روزہ طویل مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس ختم ہوگیا، شیعہ علماء کونسل کے مرکزی رہنما آج شام پریس کانفرنس میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرینگے۔
یاد رہے کہ 27 جولائی 2025 کو پاکستانی حکومت کی جانب سے اربعین کے لیے زمینی راستے سے زیارات پر ایران اور عراق جانے پر پابندی عائد کر دی گئی۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’’ایکس‘‘ پر وفاقی وزیر داخلہ نے پیغام جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ زائرین صرف ہوائی جہاز کے ذریعے زیارات پر ایران اور عراق جا سکیں گے. زائرین کو روڈ کے ذریعے جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔وزیر داخلہ نے بتایا تھا کہ یہ فیصلہ عوامی تحفظ اور قومی سلامتی کے پیش نظر کیا گیا اور پابندی کا فیصلہ وزارت خارجہ، حکومت بلوچستان اور سیکیورٹی اداروں سے مشاورت کے بعد کیا گیا۔