معروف بھارتی اداکارہ کے بھائی کو سرعام قتل کردیا گیا
اشاعت کی تاریخ: 8th, August 2025 GMT
بالی ووڈ کی مشہور اداکارہ ہما قریشی کے چچا زاد بھائی آصف قریشی کو ان کے گھر کے باہر قتل کردیا گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق جمعرات کی رات دہلی کے نظام الدین علاقے میں پارکنگ کے تنازع پر اداکارہ ہما قریشی کے چچا زاد بھائی آصف قریشی کو چاقو مار کر قتل کیا گیا۔ یہ واقعہ رات تقریباً 11 بجے کے قریب پیش آیا جب آصف نے اپنے دو پڑوسی لڑکوں سے ان کے گھر کے سامنے کھڑی اسکوٹر ہٹانے کے لیے کہا۔
پولیس کے مطابق 19 سالہ اُجوال اور 18 سالہ گوتم نامی ملزمان نے بدکلامی کے بعد واپس آ کر آصف پر تیز دھار ہتھیار، ممکنہ طور پر چاقو سے حملہ کیا۔ آصف کو فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔
عینی شاہدین اور سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق جھگڑے کے دوران ایک ملزم نے آصف کو گریبان سے پکڑ کر سینے پر وار کیا۔
اس دوران آصف کی اہلیہ، سَیناز قریشی اپنے شوہر کو بچانے کی کوشش کرتی رہی تاہم پڑوسی نوجوانوں نے سرعام گھر کے باہر ہما قریشی کے کزن کو قتل کیا اور فرار ہوگئے۔
پولیس نے واقعہ کے بعد دونوں ملزمان کو گرفتار کر کے قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور آلہ قتل برآمد کر لیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ملزمان اور آصف قریشی کے درمیان پہلے بھی بائیک پارکنگ کے مسئلے پر تنازعات ہو چکے تھے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
مشہور بھارتی اداکارہ و لوک سبھا کی سابق رکن کو قتل اور ریپ کی دھمکیاں ملنے لگیں
بھارتی اداکارہ اور سابق رکنِ پارلیمنٹ دیویا اسپاندانہ المعروف رمیا کو سوشل میڈیا پر قتل اور ریپ کی دھمکیاں دینے کے الزام میں پولیس نے دو افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق رمیا نے بینگلورو پولیس کو درخواست دی تھی جس میں انہوں نے بتایا کہ انہیں 43 مختلف سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے سنگین نوعیت کی دھمکیاں موصول ہو رہی ہیں۔
پولیس نے اداکارہ کی شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے سائبر کرائم ونگ کے ذریعے تحقیقات کا آغاز کیا اور متعدد مشتبہ اکاؤنٹس کا سراغ لگایا۔ ان میں سے دو افراد کو گرفتار کیا گیا، جنہوں نے تفتیش کے دوران اپنے جرم کا اعتراف بھی کر لیا۔
پولیس نے مزید بتایا کہ دھمکیاں دینے والے 11 اضافی اکاؤنٹس کی بھی شناخت ہو چکی ہے، جس سے ایسے اکاؤنٹس کی مجموعی تعداد 48 سے تجاوز کر گئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق دھمکیوں کا آغاز اس وقت ہوا جب رمیا نے اپنے ایک بیان میں معروف اداکار درشن کے خلاف قتل کیس پر تبصرہ کیا، جس کے بعد درشن کے حامیوں نے سوشل میڈیا پر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا۔
واضح رہے کہ رمیا کنڑ فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ ہیں جنہوں نے 2023 میں فلمی دنیا میں واپسی کی تھی جبکہ وہ لوک سبھا کی سابق رکن بھی رہ چکی ہیں۔
TagsShowbiz News Urdu