فیلڈ مارشل کادورہ امریکا: پاکستانی مؤقف کی عالمی سطح پر پذیرائی، بھارت کا دہشتگردانہ چہرہ پھر بےنقاب
اشاعت کی تاریخ: 12th, August 2025 GMT
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے دورہ امریکا کے دوران پاکستان کے مؤقف کی عالمی سطح پر پذیرائی ہوئی جب کہ بھارت کا دہشتگردانہ چہرہ ایک بار پھر بے نقاب ہوگیا۔
سیکیورٹی ذرائع نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کامیاب ملٹری ڈپلومیسی کے ذریعے بھارت کا دہشتگردانہ چہرہ عالمی سطح پر بے نقاب ہوا، امریکا کی جانب سے فتنہ الہندوستان (بی ایل اے) اور مجید بریگیڈ کو دہشتگرد تنظیمیں قراردینا فیلڈمارشل کی کاوشوں کا مظہر ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارتی اسپانسرڈ فتنہ الہندوستان کو عالمی دہشتگرد تنظیم قرار دینے سے بھارت کا اصل چہرہ عالمی سطح پر بے نقاب ہو چکا ہے، حالیہ امریکی فیصلہ پاکستان کے مؤقف کی عالمی سطح پر توثیق ہے۔
سیکیورٹی ذرائع نے کہا کہ بھارتی خفیہ ایجنسی را نے فتنہ الہندوستان کے ساتھ براہِ راست روابط قائم رکھے، بھارت نے پاکستان کے خلاف دہشتگردانہ کارروائیوں کیلئے فتنہ الہندوستان کو مالی امداد فراہم کی، بھارت نے فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کو اپنے ملک میں علاج کی سہولیات فراہم کیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق گودی میڈیا نے فتنہ الہندوستان کی دہشتگردانہ کارروائیوں کو جواز فراہم کرنے کی بھی بھرپور کوشش کی، مودی اور اجیت دوول نے بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کے ساتھ اپنے روابط کا برملااعتراف کیا، کلبھوشن یادیو کی گرفتاری بھارتی ریاستی سرپرستی میں دہشتگردی کا واضح ثبوت ہے۔
سیکیورٹی ذرائع نے کہا کہ بھارت کے دہشتگردانہ عزائم نہ صرف خطے بالکل عالمی امن کیلئے خطرہ ہیں۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: فتنہ الہندوستان سیکیورٹی ذرائع عالمی سطح پر بھارت کا
پڑھیں:
امریکا کا بی ایل اے اور مجید بریگیڈ کو دہشت گرد قرار دینے کا کریڈٹ فیلڈ مارشل اور حکومت کا ہے، بگٹی
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بی ایل اے اور مجید بریگیڈ کو امریکا کی جانب سے دہشت گرد قرار دینے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے اعلامیے کے بعد وزیراعلیٰ بلوچستان سرف راز بگٹی نے امریکا کی جانب سے بی ایل اے اور مجید بریگیڈ کو دہشت گرد قرار دیئے جانے کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ پاکستانی مؤقف امریکا تک پہنچانے کا کریڈٹ حکومت اور فیلڈ مارشل کو جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بی ایل اے اور مجید بریگیڈ نے معصوموں کا خون بہایا، عام شہریوں کو جان سے مارنے کی اجازت کسی بھی مقصد کیلیے نہیں دی جاسکتی، دنیا کو دہشت گردی کے خاتمے کے لیے متحد ہونا ہوگا۔
دوسری جانب وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا کہ امریکا نے بی ایل اے اور مجید بریگیڈ کے حوالے سے پاکستان کا موقف تسلیم کیا اور یہ ہماری کامیاب سفارتی کاری کا نتیجہ ہے۔
وزیر مملکت نے کہا کہ کالعدم بی ایل اے اور کالعدم مجید بریگیڈ بھارت کی پراکسیز ہیں، فتنہ الہندوستان کے اسپانسرز بھی جلد دہشتگردوں کی فہرست میں ہوں گے۔
انہوں نے کاہ کہ امریکی فیصلے سے پاکستان کو دہشت گردوں کے خلاف لڑنے میں مدد ملے گی، پاکستان دہشت گردوں کے خلاف جتنا مضبوط ہو گا دنیا اتنی محفوظ ہوگی۔