لوئردیر: نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے سرکاری اسکول ٹیچر کو بیٹی سمیت قتل کردیا
اشاعت کی تاریخ: 13th, August 2025 GMT
لوئر دیر:
نامعلوم افراد کی فائرنگ سے اسکول ٹیچر بیٹی سمیت جاں بحق ہو گئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق دیر لوئر کے علاقے اسبنڑ شورشنگ خور میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے سرکاری اسکول کے استاد کو بیٹی سمیت قتل کر دیا۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ سرکاری اسکول ٹیچر اپنی بیٹی کے ہمراہ جا رہے تھے کہ راستے میں نامعلوم حملہ آوروں نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں دونوں موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنے کے ساتھ ساتھ تحقیقات کا آغاز کر دیا۔
فائرنگ کے افسوسناک واقعے نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے جب کہ ملزمان کی تلاش کے لیے پولیس نے کارروائیاں شروع کردی ہیں۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کوئٹہ، سرکاری دفاتر میں ایجنٹس کیخلاف ایف آئی اے کی کارروائی، 14 افراد گرفتار
ڈائریکٹر ایف آئی اے بلوچستان کے مطابق ملزمان مبینہ طور پر برتھ سرٹیفکیٹس، قومی شناختی کارڈز، پاسپورٹس اور دیگر سرکاری دستاویزات کے حصول کیلئے غیر قانونی طریقے سے سہولت فراہم کرتے اور شہریوں سے رقوم وصول کرتے تھے۔ اسلام ٹائمز۔ وفاقی تحقیقات ادارے ایف آئی ای نے کوئٹہ شہر میں مختلف وفاقی اداروں کے مبینہ ایجنٹس کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 14 افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔ ڈائریکٹر ایف آئی اے بلوچستان بہرام مندوخیل کے مطابق کارروائی کے دوران نادرا، سوئی سدرن گیس کمپنی، پاسپورٹ آفس اور میٹروپولیٹن کارپوریشن سے متعلق مبینہ ایجنٹس کو حراست میں لیا گیا ہے، جو شہریوں کو مختلف سرکاری امور میں غیر قانونی سہولت کاری فراہم کرنے میں ملوث تھے۔ انہوں نے بتایا کہ گرفتار ملزمان مبینہ طور پر برتھ سرٹیفکیٹس، قومی شناختی کارڈز، پاسپورٹس اور دیگر سرکاری دستاویزات کے حصول کے لئے غیر قانونی طریقے سے سہولت فراہم کرتے اور شہریوں سے رقوم وصول کرتے تھے۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے نے کہا کہ گرفتار ملزمان سے تفتیش جاری ہے اور ابتدائی تحقیقات کی روشنی میں ان کے نیٹ ورک میں شامل دیگر افراد کی نشاندہی کی جا رہی ہے۔ امید ہے کہ مزید گرفتاریاں بھی عمل میں آئیں گی۔ بہرام مندوخیل نے کہا کہ ایف آئی اے سرکاری اداروں میں بدعنوانی، جعلسازی اور غیر قانونی سہولت کاری کے خاتمے کے لئے کارروائیاں جاری رکھے گی اور قانون شکنی میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔