کراچی، شہری کی فائرنگ سے ڈاکو ہلاک، کورنگی میں پراسرار فائرنگ سے خاتون زخمی
اشاعت کی تاریخ: 13th, August 2025 GMT
کراچی:
شہر قائد میں شہری کی فائرنگ سے ایک ڈاکو ہلاک جبکہ پراسرار فائرنگ کی زد میں آ کر ایک خاتون زخمی ہو گئی۔
پولیس حکام کے مطابق واقعہ عزیزآباد تھانے کی حدود میں پیش آیا، جہاں دو موٹرسائیکل سوار ڈاکو ایک شہری سے اسلحے کے زور پر موبائل فون اور دیگر سامان لوٹ کر فرار ہو رہے تھے۔
اسی دوران ایک شہری نے پیچھے سے ڈاکوؤں پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں ایک ملزم موقع پر ہی ہلاک ہو گیا، جبکہ دوسرا تاریکی کا فائدہ اٹھا کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
پولیس نے موقع پر پہنچ کر ہلاک ڈاکو کی لاش کو تحویل میں لے کر شناخت کا عمل شروع کر دیا ہے جبکہ فرار ملزم کی تلاش جاری ہے۔
دوسری جانب کورنگی ڈھائی نمبر کے علاقے میں فائرنگ کے ایک پراسرار واقعے میں 25 سالہ مشل نامی خاتون زخمی ہو گئی۔ چھیپا حکام کے مطابق زخمی خاتون کو فوری طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کراچی، ڈکیتی مزاحمت کے دوران فائرنگ سے پولیس اہلکار زخمی
پولیس حکام کے مطابق 2 موٹر سائیکلوں پر 3 ملزمان نے واردات انجام دی، مسلح ملزمان پولیس اہلکار کا ذاتی پستول بھی ساتھ لے گئے۔ اسلام ٹائمز۔ شہر قائد میں موٹر سائیکل چھیننے کی واردات کے دوران مزاحمت پر مسلح ملزمان کی فائرنگ سے پولیس اہلکار شدید زخمی ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق منظور کالونی کے قریب نامعلوم مسلح ملزمان کی فائرنگ سے پولیس اہلکار کندھے کے قریب گولی لگنے سے شدید زخمی ہوگیا، جسے فوری طور پر چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔ زخمی پولیس اہلکار کی شناخت 38 سالہ ظہیر عباس کے نام سے کی گئی، زخمی پولیس اہلکار درخشاں تھانے میں تعینات ہے۔ ایس ایچ او بلوچ کالونی مظہر کانگو کے مطابق زخمی پولیس اہلکار منظور کالونی کا رہائشی ہے اور زخمی پولیس اہلکار گھر سے کورٹ جانے کیلئے نکلا تھا کہ راستے میں نامعلوم مسلح ملزمان نے اسے روک کر اسلحے کے زور پر اس کی نئی موٹر سائیکل چھیننے کی کوشش کی، جس پر پولیس اہلکار نے مزاحمت کی تو مسلح ملزمان نے فائرنگ کر دی اور موٹر سائیکل چھینے بغیر موقع سے فرار ہوگئے، جبکہ پولیس اہلکار کندھے کے قریب گولی لگنے سے شدید زخمی ہوگیا۔
پولیس اہلکار گھر سے نکلتے وقت پولیس یونیفارم کے اوپر سادہ شرٹ پہنا ہوا تھا، جس کے باعث شاید مسلح ملزمان سمجھے کہ کوئی عام شہری ہے۔ ایس ایچ او نے بتایا کہ فائرنگ کے واقعے کے بعد پولیس موقع پر پہنچ گئی اور پولیس نے جائے وقوع سے سی سی ٹی وی سمیت دیگر شواہد اکٹھا کرکے واقعے میں ملوث ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے، زخمی پولیس اہلکار کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔ زخمی پولیس اہلکار نے دو ہفتے قبل ہی نئی موٹر سائیکل خریدی تھی۔ پولیس حکام کے مطابق 2 موٹر سائیکلوں پر 3 ملزمان نے واردات انجام دی، مسلح ملزمان پولیس اہلکار کا ذاتی پستول بھی ساتھ لے گئے۔ پولیس اہلکار ظہیر عباس شادی شدہ اور کچھ سالوں سے کرائے پر رہ رہا ہے۔