گلگت، شاہراہ بابوسر کوپھر سیلابی ریلوں نے لپیٹ میں لے لیا،تباہی کا منظر
اشاعت کی تاریخ: 14th, August 2025 GMT
گلگت بلتستان میں ایک بار پھر شاہراہِ بابوسر سیلابی ریلوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث تباہی کا منظر بن گئی، جس نے متعدد مقامات پر روڈ مکمل طور پر بند کر دی۔ ترجمان حکومتی فیض اللہ فراق نے اس سنگین صورتِ حال اور جاری امدادی کارروائیوں سے متعلق وضاحت کی کہ سیلابی ریلے نے جہاں سڑک کو نقصان پہنچایا، وہیں اس کے نتیجے میں کچھ مقامی گاڑیاں ملبے میں پھنس گئیں اور ایک بچہ بھی زخمی ہوا۔
متاثرہ علاقوں میں درجنوں مکانات، ایک گرلز اسکول، دو ہوٹل، ایک پولیس چوکی، اور ٹورسٹ پولیس شیلٹر جزوی یا مکمل طور پر تباہ ہو چکے ہیں۔
لینڈ سلائیڈنگ اور فلڈنگ کی وجہ سے تقریباً 7 تا 8 کلومیٹر تک سڑک متاثر ہوئی اور متعدد جگہیں بند ہوگئیں۔
تحقیقات کے مطابق اب تک 5 افراد جاں بحق ہوئے ہیں اور 10 سے 15 افراد لاپتا ہیں۔ خواتین اور بچوں سمیت سیاحوں کی محفوظ منتقلی کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے، اور بعض کی بحفاظت واپسی ہوئی ہے۔ اب تک 200 سے زائد سیاح چلاس منتقل کیے جا چکے ہیں، جبکہ 15 کے قریب لاپتا افراد کی تلاش جاری ہے ۔
پاک فوج، NDM A، GB اسکاوٹس اور دیگر امدادی ادارے ہیلی کاپٹرز، مشینری اور زمینی عملے کے ذریعے امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔
عوام کو احتیاط کا پیغام دیا گیا ہے اور وزیرِ اعلیٰ نے سڑکوں کی بحالی اور ریسکیو آپریشنز کو تیز کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
بلوچستان میں آج اور کل بجلی بندش کا شیڈول جاری، متعدد علاقے متاثر
کوئٹہ: بلوچستان کے مختلف علاقوں کے شہری آج اور کل بجلی کی بندش کا سامنا کریں گے، کیونکہ کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو) نے مرمت اور ترقیاتی کاموں کے لیے شیڈول جاری کر دیا ہے۔
کیسکو کے ترجمان کے مطابق، بجلی لائنوں اور کھمبوں کی تنصیب کے دوران متعدد فیڈرز پر سپلائی عارضی طور پر معطل رہے گی۔
آج اور کل ایئرپورٹ روڈ، عمر فیڈر اور چشمہ فیڈر پر صبح 10 بجے سے دوپہر 2 بجے تک بجلی بند رہے گی۔ اسی طرح ویسٹرن بائی پاس، داریم، جبل نور، تکاتو اور خروٹ آباد فیڈرز پر بھی 4 گھنٹے تک بجلی نہیں ہوگی۔
چاغی اور دالبندین گرڈ اسٹیشنز سے بجلی کی فراہمی صبح 10 سے 11 بجے تک معطل رہے گی، جبکہ نیو جان محمد، اولڈ جان محمد اور سریاب ون فیڈرز پر صبح 10 بجے سے دوپہر 2 بجے تک لوڈ شیڈنگ ہوگی۔
سریاب ٹو، جڑسا، بائے ون سٹی، واسا، اولڈ لیاقت بازار، خیر بخش مری، سمنگلی ایکسپریس، اولڈ سیٹلائٹ ٹاؤن، انڈسٹریل اور منی مارکیٹ فیڈرز بھی اس دوران بجلی کی بندش سے متاثر ہوں گے۔
مزید برآں، ہرنائی اور شاہرگ گرڈ اسٹیشنز سے بجلی کی فراہمی صبح 8 بجے سے شام 4 بجے تک معطل رہے گی۔
کیسکو نے صارفین سے پیشگی معذرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدامات سسٹم کو بہتر اور مستحکم بنانے کے لیے ضروری ہیں اور اس دوران شہریوں سے تعاون کی اپیل کی گئی ہے۔
Post Views: 1