’’نوائے وقت‘‘ گروپ نے یوم آزادی منایا، ’’وقت نیوز‘‘ باقاعدہ آن ایئر
اشاعت کی تاریخ: 15th, August 2025 GMT
لاہور (خاور عباس سندھو، سپیشل کارسپانڈنٹ) نوائے وقت گروپ نے معرکہ حق سے منسوب یوم آزادی بھرپور جوش و خروش سے منایا اور اسی روز اپنا چینل ’’وقت نیوز‘‘ بھی باقاعدہ آن ایئر کردیا۔ مجید نظامی ہال میں جشن آزادی کا کیک کاٹا گیا تو نوائے وقت گروپ کے چیف آپریٹنگ افسر لیفٹیننٹ کرنل (ر) سید احمد ندیم قادری نے اپنے خطاب میں جشن آزادی کو تین بڑی خوشیوں سے منسوب کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن وہ 14 اگست 1947ء کو اسلامی جمہوریہ پاکستان کے قیام کی 78 ویں سالگرہ کو 2025ء میں معرکہ حق میں ازلی دشمن بھارت کو عبرتناک شکست کے ساتھ منا رہے ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ تیسری خوشی 14 اگست 2025ء کو نوائے وقت گروپ کی مینجنگ ڈائریکٹر رمیزہ مجید نظامی کی قیادت میں وقت نیوز کے باقاعدہ آن ایئر ہونے کی منا رہے ہیں۔ نیوز چینل کا افتتاح بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی ہدایت پر جاری ہونے والے دو قومی نظریہ کے محافظ ادارے نوائے وقت کی جانب سے قوم خاص طور پر نوجوانوں کے لئے تحفہ ہے جس کا موٹو ہے ’’نوجوانوں کے لئے، نوجوانوں کی طرف سے‘‘ (For the Young by the Young) سالگرہ تقریب میں نوائے وقت کے تمام سٹاف نے شرکت کی جبکہ وقت نیوز کی نمائندگی آئی ٹی ہیڈ قیصر ندیم نے کی۔ ڈائریکٹر مارکیٹنگ بلال محمود، ہیڈ آف ہیومن ریسورسز چودھری شفیق سلطان، چیف رپورٹر ندیم بسرا، سپیشل کارسپانڈنٹ فیصل ادریس بٹ، ہیڈ آف اکاؤنٹس شاہد انجم تارڑ، ایڈیٹر فیملی میگزین خالد بہزاد ہاشمی، سینئر بزنس منیجرز عثمان مسعود و عامر ادریس، منیجرز سرکولیشن عابد نذیر سندھو و صغیر امجد، فہمید ولسن جانس، حافظ باسط، محمد عرفان، حاجی محمد امین، محمد عباس سمیت درجنوں کارکن تقریب میں شریک ہوئے۔ لیفٹیننٹ کرنل (ر) احمد ندیم قادری نے مزید کہا کہ پاک افواج نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں بھارت کو جس طرح شکست فاش کیا ہے پوری دنیا میں پاکستان اور پاک افواج کی لازوال فتح کی اعتراف اور تعریف کی جارہی ہے۔ 14 اگست کے موقع پر وقت نیوز کا باقاعدہ افتتاح اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ نوائے وقت گروپ قیام پاکستان کی تحریک کا ہراول دستہ، نظریاتی سرحدوں کا محافظ بن کر پیش پیش تھا۔ آج بھی اسی طرح پاکستان کے دفاع اور استحکام کے لئے پاکستان کے مفادات کا تحفظ کرتا رہے گا۔ تقریب کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی و استحکام اور مسلم امہ میں اتفاق و اتحاد کیلئے دعائیں کی گئیں۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: نوائے وقت گروپ وقت نیوز
پڑھیں:
نئی دہلی، پاکستان ہائی کمیشن میں یوم آزادی کا جشن منایا گیا
نیو دہلی:بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں پاکستان ہائی کمیشن کے زیر اہتمام پاکستان کے 79 ویں یوم آزادی کا جشن منایا گیا۔
بھارت میں پاکستان کے ناظم الامور سعد احمد وڑائچ نے ایک پروقار تقریب میں ہائی کمیشں کے چانسری لان میں قومی پرچم لہرایا جہاں ہائی کمیشن کے افسران، عملے اور ان کے اہل خانہ نے تقریب میں شرکت کی، تقریب میں صدر پاکستان، وزیراعظم اور نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔
ناظم الامور سعد احمد وڑائچ نے آزادی کی عظیم جدوجہد کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کی متحرک قیادت میں برصغیر کے مسلمانوں نے آزاد وطن کی تخلیق کے لیے تاریخ کا دھارا بدل کر رکھ دیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان برصغیر کے مسلمانوں کے حق خودارادیت کی طویل اور عظیم جدوجہد کی تکمیل ہے، آزادی ایک عظیم نعمت اور خداوند کریم کا انمول تحفہ ہے، اس کا ہمہ وقت دفاع کرنا ضروری ہے، آزادی کا راستہ شہدا کے خون سے ہموار ہوا۔
سعد احمد وڑائچ نے کہا کہ معرکہ حق اس امر کی توثیق کرتا ہے کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور سالمیت کے دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے، پاکستان کسی بھی بیرونی خطرے یا جارحیت کا مؤثر جواب دینے کی بھرپور اہلیت رکھتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ غلبے کے لیے چھیڑی گئی جنگ میں دشمن خود مغلوب ہو گیا، گزشتہ 78 برسوں کے دوران پاکستان نے ترقی و خوش حالی کے سفر میں نمایاں پیش رفت کی۔
ناظم الامور نے مادر وطن کے تحفظ اور وقار کے لیے جانیں قربان کرنے والے قومی محافظوں کی عظیم قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ خطے میں امن کا ہدف باہمی اعتماد، مساوات اور جموں و کشمیر سمیت تمام تنازعات کے پرامن حل کی بنیاد پر ہی حاصل کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سفارت کاری اور ڈائیلاگ پر مبنی طرز فکر جنوبی ایشیا کے روشن مستقبل کا پیشہ خیمہ ثابت ہو سکتی ہے، تسلط اور بالادستی پر مبنی طرز عمل خطے کی خوش حالی اور ترقی کے امکانات کو بدستور محدود کرتے رہیں گے۔
تقریب میں روایتی لباس میں ملبوس بچوں نے تحریک آزادی کے مختلف پہلوؤں کی عکاسی کرتے ہوئے دل موہ لینے والی پرفارمنس پیش کی اور ناظم الامور نے اپنی اہلیہ اور مشن کے دیگر افسران کے ہمراہ اس پرمسرت موقع پر خصوصی کیک بھی کاٹا۔