دریائے راوی میں نچلے درجے کا سیلاب، آئندہ 24 گھنٹے اہم قرار
اشاعت کی تاریخ: 19th, August 2025 GMT
طاہر جمیل خان: پنجاب کے دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ دریائے راوی میں جسڑ کے مقام پر اس وقت نچلے درجے کا سیلاب ہے، جہاں پانی کا بہاؤ 53 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔
شاہدرہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 36 ہزار کیوسک ہے اور صورتحال نارمل بتائی جا رہی ہے تاہم آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران نچلے سے درمیانے درجے کے سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
سیلاب کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ، ریسکیو، سول ڈیفنس اور محکمہ صحت پوری طرح الرٹ ہیں۔ تحصیل راوی کی اسسٹنٹ کمشنر سیدہ سنبل جاوید نے گزشتہ رات دریائے راوی کے مختلف مقامات کا دورہ کیا اور پیرا فورس کے ہمراہ حفاظتی اقدامات کا جائزہ لیا۔
دریا کے پاٹ میں آباد خانہ بدوش خاندانوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔گاو شالہ، مالی پورہ اور سگیاں پل کے اطراف کے علاقے خالی کروالیے گئے، جبکہ مویشیوں کو بھی محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
ریسکیو 1122 نے دریا کنارے ایمرجنسی کیمپ قائم کر دیا ہے، جس میں لائف جیکٹس،کشتیاں،لائف لائنز، 12 ارکان پر مشتمل الرٹ ٹیم موجود ہے۔
سول ڈیفنس کی جانب سے بھی حفاظتی اقدامات مکمل ہیں۔ کیمپ میں 4 ہزار لائف جیکٹس موجود ہیں۔محکمہ صحت نے بھی میڈیکل کیمپ قائم کر دیا ہے تاکہ کسی ہنگامی صورتحال میں فوری طبی امداد دی جا سکے۔
پنجاب کے تعلیمی اداروں میں کوڑا دان کی تنصیب لازمی قرار
پی ڈی ایم اے کے مطابق شدید بارشوں کے باعث دریاؤں میں بہاؤ مزید بڑھنے کا امکان ہے، جس سے نچلے درجے کے سیلاب کی صورتحال درمیانے درجے میں تبدیل ہو سکتی ہے۔ دریاؤں اور نالوں کے کناروں پر موجود شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: City 42
پڑھیں:
لاہور میں 6 گھنٹے تک طوفانی بارش سے شہر پانی میں ڈوب گیا
فوٹو: آن لائنلاہور میں 6 گھنٹے تک طوفانی بارش سے شہر پانی میں ڈوب گیا، ڈی ايچ اے اور ہربنس پورہ انڈر پاس پانی سے بھر گئے، ٹریفک کے لیے بند کردیے گئے۔
تاج پورہ اور ایئرپورٹ کے قریب علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا، گاڑیاں ڈوب گئیں، موٹرسائيکلیں بند ہوگئیں، فیروز پور روڈ پر موٹرسائیکل پھسل کر کھمبے سے جا ٹکرائی، جس کے نتیجے میں دو بھائی جاں بحق ہوگئے، چھت گرنے کے واقعات میں چار افراد زخمی ہوئے۔
بارش رکنے کے بعد ایم ڈی واسا نے تمام انڈر پاس کلیئر کر دینے کا دعویٰ کیا، بارش کے باعث 99 فیڈرز بھی متاثر ہوئے، بحالی کا کام جاری ہے، ڈیفنس میں بارش کے پانی میں ایک منچلا کشتی لے آیا۔
گوجرانوالا میں مسلسل تیسرے دن بھی بارش برسی، نکاسِ آب کے لیے لاہور سے مشینری طلب کرلی گئی، شکر گڑھ میں تیسرے روز بھی موسلادھار بارش ہوئی، نالہ بئیں اور بسنتر سے ملحقہ نشیبی دیہات میں پانی داخل ہوگیا۔
منڈی بہاء الدین میں بارش سے سیکڑوں ایکڑ پر کھڑی دھان اور چارے کی فصلیں تباہ ہونے کا خدشہ ہے۔
دوسری جانب دریائے چناب میں نچلے سے درمیانے درجے کا ریلا گزرنے کا خطرہ ہے، تریموں بیراج پر پانی کی سطح بلند ہونے لگی، سرگودھا میں طالب والا کے مقام پر اکتالیس دیہات متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔