سیلاب متاثرین کیلیے امریکا کی جانب سے امدادی سامان پاکستان پہنچ گیا
اشاعت کی تاریخ: 7th, September 2025 GMT
اسلام آباد:
سیلاب متاثرین کے لیے امریکا کی جانب سے امدادی سامان پاکستان پہنچ گیا۔
امریکی سفارت خانے کی جانب سے سماجی رابطوں کے پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری بیان کے مطابق پاکستان میں تباہ کن اور بڑے پیمانے پر آنے والے حالیہ سیلاب کے متاثرین کے لیے امریکی فوجی طیاروں نے پاکستانی فوج کی درخواست پر ضروری امدادی سامان نور خان ایئر بیس پر پہنچایا۔
امریکا کی جانب سے یہ امداد قدرتی آفت سے متاثرہ علاقوں میں فوری ریلیف فراہم کرنے کے لیے بھیجی گئی ہے۔
نور خان ایئر بیس پر امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے متاثرہ پاکستانی عوام کے ساتھ گہرے دکھ اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ان تمام افراد کے لیے جلد بحالی کی خواہشات رکھتی ہیں جن کی زندگیاں اس تباہ کن سیلاب سے بری طرح متاثر ہوئی ہیں۔
آرمی سینٹرل کمانڈ کے ذریعے 6 پروازیں روانہ کی گئیں
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان میں جاری تباہ کن سیلابی صورتحال کے پیش نظر امریکا نے آرمی سینٹرل کمانڈ (US ARCENT) کے ذریعے انسانی بنیادوں پر امداد فراہم کی ہے۔
اس سلسلے میں کل 6 پروازیں پاکستان کے لیے روانہ کی گئی ہیں، جو خیموں، ڈی واٹرنگ پمپس اور جنریٹرز سمیت ضروری امدادی سامان پر مشتمل ہیں۔
امدادی سامان کی پہلی پرواز آج پاکستان پہنچ گئی ہے۔ نور خان ایئر بیس پر امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر اور کمانڈر یو ایس آر سینٹ نے ابتدائی امدادی سامان پاکستان آرمی کے حوالے کیا۔ یہ سامان آرمی فلڈ ریلیف کیمپوں میں منتقل کیا جائے گا، جہاں سے سیلاب متاثرین میں تقسیم کیا جائے گا۔
حکومتِ پاکستان اور پاکستانی عوام نے اس مشکل وقت میں متاثرہ آبادی کے ساتھ کھڑے ہونے پر امریکی حکومت اور فوج کا شکریہ ادا کیا ہے۔
Tagsپاکستان.
ذریعہ: Al Qamar Online
کلیدی لفظ: پاکستان کی جانب سے کے لیے
پڑھیں:
لندن، ہائی کمیشن میں یوم دفاع کی تقریب، سیلاب متاثرین کے ساتھ اظہار یکجہتی
لندن:برطانیہ میں پاکستان ہائی کمیشن میں یوم دفاع کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جہاں سیلاب متاثرین کے ساتھ یک جہتی کا اظہار کیا گیا۔
برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے قومی ترانے کی دھن پر پاکستان کا جھنڈا لہرایا اور اس تقریب کے دوران ہائی کمیشن کے افسران اور عملہ بھی موجود تھا۔
ڈاکٹر محمد فیصل نے خطاب میں کہا کہ یوم دفاع کے موقع پر ہر پاکستانی مادر وطن کے لیے اپنی وفاداری اور خدمت کے جذبے کو تازہ دم کرتا ہے۔
انہوں نے وطن عزیز کے شہدا اور بہادر بیٹوں کو شان دار خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں پاکستان کو مزید مضبوط اور مستحکم بناتی ہیں۔
ڈاکٹر فیصل نے پاکستان کے دفاع اور سلامتی کے تحفظ میں مسلح افواج کے اہم کردار پر زور دیا اور کہا کے ان کی پیشہ ورانہ مہارت کو عالمی سطح پر تسلیم کیا گیا ہے، خاص طور پر کامیاب آپریشن بنیان مرصوص کے بعد جس کا اختتام معرکہ حق پر ہوا۔
ہائی کمشنر نے کہا کہ دنیا نے دیکھا کہ پاکستان نے اپنے سے حجم اور وسائل کے اعتبار سے بڑے دشمن کو شکست دی۔
تقریب میں یہ عہد کیا گیا کہ پوری قوم اپنی مسلح افواج کے ساتھ مل کر وطن عزیز کے خلاف کسی بھی مذموم عزائم کو ناکام بنانے اور پاکستان کی خودمختاری کو ہر قیمت پر تحفظ فراہم کرنے کے لیے متحد ہے۔
اس موقع پر پاکستان کے امن اور خوش حالی، شہدا اور ہیروز اور پاکستان میں سیلاب متاثرین کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
واضح رہے کہ ہر سال پاکستان کے بیرون ممالک میں سفارتخانے یوم دفاع جوش و خروش کے ساتھ مناتے ہیں جہاں ڈیفنس اینڈ ڈپلومیٹک کور اور کمیونٹی ممبران کو مدعو کیا جاتا ہے تاہم، اس سال سیلاب سے متاثرہ افراد کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے تقریبات کا انتہائی سادگی سے انعقاد کیا گیا۔